کراچی:تحریک انصاف کی کرپشن مکاؤ مہم شروع

کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کراچی سے’کرپشن مکاؤ ملک بچاؤ‘ مہم شروع کر دی۔

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی مہم آغاز کے لیے کراچی پہنچے تو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے استقبال کیا۔

2 روز قبل اسلام آباد میں تحریک انصاف کے 20ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب میں عمران خان نے کراچی سے انسداد کرپشن مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]پی ٹی آئی کاسندھ میں انسدادکرپشن تحریک کااعلان
[/pullquote]

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک کا خون نچوڑنے والوں کے خلاف علم بلند کرتے ہوئے تبدیلی کے سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔

مہم کے حوالے سے انہوں نےبتایا کہ سندھ کے عوام کو جگانے کے لیے 14 اضلاع میں جائیں گے۔

ان کامزید کہنا تھا کہ عمران خان کی ہدایت پر کرپشن مٹاوُ ملک بچاو تحریک کا آغاز کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کردہ کمیشن پر ان کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس کے ٹی او آرز کو مسترد کرتے ہیں، ان لیکس میں وزیراعظم کے خاندان کا نام آیا ہے اس لیے ان سے اس کا آغاز کیا جائے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ کمیشن کے فیصلے کا کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا، کرپشن کے تانے بانے کو بیرون ملک سے ملتے ہیں اس میں خط لکھ کر حکومت مدد کرے، پانامہ کی حکومت تمام دستاویزات دینے کے لیے تیار ہے۔

بعد ازاں پی ٹی آئی کی ریلی ایئرپورٹ سے قائد آباد پہنچی جہاں استقبالیہ تقریب ہوئی، ریلی کے شرکا گھارو کے راستے ٹھٹھہ روانہ ہوئے جبکہ سجاول روڈ اور گولارچی روڈ پر بھی استقبالیے جلسوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے وزیراعظم کے اہل خانہ کا نام پاناما لیکس میں آنے پر حکومت سے ان انکشافات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا تھا، جس پر وزیراعظم نواز شریف نے قوم سے خطاب کے دوران کیمشن کے قیام کا اعلان کیا تھا۔

تاہم بعد ازاں عمران خان سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے وزیراعظم کے کمیشن کے اعلان کو مسترد کردیا تھا۔

[pullquote] پاناما لیکس پر وزیراعظم کا جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان
[/pullquote]

رواں ماہ کے آغاز میں آف شور ٹیکس کے حوالے سے کام کرنے والی پاناما کی مشہور لا فرم موزیک فانسیکا کی افشا ہونے والی انتہائی خفیہ دستاویزات سے پاکستان سمیت دنیا کی کئی طاقت ور اور سیاسی شخصیات کے مالی معاملات عیاں ہو گئے۔

ان دستاویزات میں روس کے صدر ولادیمیر پوٹن، سعودی عرب کے فرمانروا، آئس لینڈ کے وزیر اعظم اور پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سمیت درجنوں حکمرانوں کے نام شامل تھے۔

پاناما پیپرز کی جانب سے International Consortium of Investigative Journalists کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے اس ڈیٹا میں وزیراعظم نواز شریف کے اہل خانہ کی آف شور ہولڈنگز کا ذکر بھی موجود ہے۔

ویب سائٹ پر موجود ڈیٹا کے مطابق، وزیراعظم کے بچوں مریم، حسن اور حسین ’کئی کمپنیوں کے مالکان یا پھر ان کی رقوم کی منتقلی کے مجاز تھے‘۔

موزیک فانسیکا کے نجی ڈیٹا بیس سے 2.6 ٹیرا بائٹس پر مشتمل عام ہونے والی اس معلومات کو امریکی سفارتی مراسلوں سے بھی بڑا قرار دیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے