پاکستان اور دنیا بھر سے آج کی اہم ترین خبروں پر مشتمل پہلا آن لائن بلیٹن

[pullquote]پاکستان[/pullquote]

[pullquote]’نیا پاکستان کہاں ہے اور کون بنا رہا ہے؟’
[/pullquote]

nawaz

مانسہرہ: وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے ‘نئے پاکستان’ کے نعرے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ان کی حکومت نہیں لیکن اس کے باوجود یہاں کے ترقیاتی منصوبوں کا بیڑہ مسلم لیگ (ن) نے اٹھارکھا ہے۔
مانسہرہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے سوال کیا، ‘نیا پاکستان کہاں ہے اور کون بنا رہا ہے؟’
اس موقع پر اپنی حکومت کی خوب تعریفیں کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 1990 سے لے کر آج تک جتنے بھی بڑے بڑے منصوبے بنائے گئے ہیں وہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بنائے ہیں۔
انھوں نے اپنی حکومت کے دوران شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا، ‘پشاور سے اسلام آباد اور ہزارہ موٹر وے بھی مسلم لیگ (ن) نے بنائی، بالا کوٹ سے لے کر جل کھڈ اور بابو سر ٹاپ تک سڑک بھی نواز شریف نے بنائی’۔
ان کا کہنا تھا وہ جلسوں جلوسوں کی مہم پر نہیں بلکہ ترقی و خوشحالی کی مہم پر نکلے ہیں۔

[pullquote]جلسوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، عمران خان
[/pullquote]

عمران خان، چئیرمین پاکستان تحریک انصاف
عمران خان، چئیرمین پاکستان تحریک انصاف

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف پاناما لیکس کے معاملے پر قوم کو جواب دینے کے بجائے جلسے کررہے ہیں تاہم اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے چوتھی مرتبہ مانسہرہ میں گیس پائپ لائن کا اعلان کیا ہے۔
‘میاں صاحب آپ جتنی مرضی جلسے کرلیں، قوم آپ سے سوال پوچھے گی، آپ کی بیٹی کہہ رہی ہے ہماری باہر کوئی پراپرٹی نہیں، بیٹا کہہ رہا ہے یہ پراپرٹیز ہماری ہیں، ایک اور بیٹا کہہ رہا ہے ہم کرائے پر رہ رہے ہیں اور آپ کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز جو سچ بولتی ہیں وہ کہہ رہی ہیں کہ یہ پراپرٹیز ہماری ہیں، ہم نے سن 2000 میں خرید لی تھیں۔’
‘نیا پاکستان کہاں ہے اور کون بنا رہا ہے؟’
عمران خان نے کہا کہ اس معاملے پر وہ تمام سیاسی جماعتوں کا اکٹھا کریں گے، حزب اختلاف کی جماعتیں فیصلہ کر بیٹھی ہیں کہ احتساب کا عمل وزیراعظم سے شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین یا عمران خان سے پہلے نواز شریف کا احتساب ہوگا۔
حالیہ دنوں میں جہانگیر ترین پر قرض معاف کروانے کے الزامات سامنے آئے تھے۔

[pullquote]اقلیتوں کے تحفظ سے دنیا میں پاکستان کا چہرہ روشن ہوگا . سماجی ماہرین
[/pullquote]

13113271_10208010778900870_244933318_o

کراچی میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پیس اسٹڈیز کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے معروف علمی اور سماجی شخصیات نے کہا کہ پاکستان میں اکثریت کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اقلیت پر اپنی مذہبی فکر مسلط کرے.
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پیس اسٹڈیز کے زیر اہتمام سندھ اور بلوچستان کی جامعات کے اساتذہ کے لئے سماجی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے موضوع پر دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا.
پشاور یونی ورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ معاشرے میں سماجی ہم آہنگی وقت کا تقاضا ہے اور اس کے قیام کے لئے اساتذہ اور علماء کو مل کر جدو جہد کرنا ہو گی.

[pullquote]سپریم کورٹ :پی بی 39 چاغی میں دوبارہ الیکشن کی درخواست خارج
[/pullquote]

Supreem Court

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے بلوچستان کی صوبائی نشست پی بی انتالیس چاغی میں دوبارہ انتخابات کی درخواست خارج کردی۔
سپریم کورٹ میں بلوچستان کی صوبائی نشست پی بی انتالیس چاغی میں دوبارہ انتخابات کرانے کی درخواست خارج کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ پی بی انتالیس کے عام انتخابات میں دھاندلی ثابت نہیں ہوئی دوبارہ انتخابات کا مقدمہ نہیں بنتا۔
اس حلقے سے مسلم لیگ ق کے محمد امان اللہ کامیاب ہوئے تھے، ان کے مد مقابل پیپلزپارٹی کے امیدوار محمد عارف حسنی نے نتیجے کوچیلنج کیا تھا ۔ سپریم کورٹ نے میرامان اللہ کونا اہل اورحلقے میں دوبارہ انتخاب کی درخواست خارج کردی۔

[pullquote]متحدہ اور پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی وفاداریاں تبدیل
[/pullquote]

572211ae3b759

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے تعلق رکھنے والے سندھ اسمبلی کے اقلیتی رکن پونجھو بھیل نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔
عمر کوٹ سے تعلق رکھنے والے پونجھو بھیل سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کی جانب سے اقلیتی نشست پر رکن منتخب ہوئے تھے۔
پونجو بھیل نے زرداری ہاؤس میں فریال تالپور سے ملاقات کی اور پی پی پی میں شمولیت کے فیصلے کا اعلان کیا، اس فیصلے کے بعد پونجھو بھیل نے سندھ اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفی دے دیا۔
پونجھو بھیل اور فریال تالپور کی ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما سینیٹر ہری رام، ایم پی اے سردار علی شاہ، سلیم جلبانی، مہیش کمار مالانی، قاسم سراج سومرو اور ایڈووکیٹ ظفر لغاری بھی موجود تھے۔
وہ مستعفی ہونے سے قبل قائمہ کمیٹی برائے قانون اور پارلیمانی معاملات اور انسانی حقوق، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور قائمہ کمیٹی برائے کانوں اور معدنیات کے رکن جبکہ قائمہ کمیٹی برائے اقلیتی معاملات کے چیئرمین تھے۔
سابق ایم کیو ایم رکن صوبائی اسمبلی اس سے قبل 2000 سے 2002 تک بلدیاتی حکومت کے دوران میرپور خاص کیلئے مخصوص نشست پر اقلیتی کانسلر منتخب ہوئے تھے، اس کے بعد 2002 سے 2007 میں وہ سندھ اسمبلی کے رکن بھی رہے۔

[pullquote]3 سالہ بجٹ فریم ورک منظور، 100 ارب کے نئے ٹیکس لگانے کی تجویز
[/pullquote]

Tax

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال 2016-17 کے وفاقی بجٹ کے ابتدائی خدوخال اور اگلے 3 سالہ میڈیم ٹرم بجٹری فریم ورک کی منظوری دے دی، آئندہ مالی سال کے لیے دفاعی بجٹ 860 ارب پی ایس ڈی پی کا حجم 800 ارب، ٹیکس وصولیوں کا ہدف 3735 ارب روپے مقررکرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
قرضوں پرسودکی ادائیگی کے لیے 1354 ارب، پنشن کی ادائیگی کے لیے 245 ارب، وفاقی حکومت کے سروس ڈلیوری اخراجات کے لیے 348 ارب، سبسڈیز کے لیے 169 ارب، صوبوں کو گرانٹس کی ادائیگی کے لیے 40 ارب اوردیگرگرانٹس کی مد میں 542 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز زیر غور ہے، بجٹ میں 100 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے کی تجویز بھی ہے جبکہ یہ ٹیکس مختلف ٹیکس چھوٹ ختم ہونے پر عائد ہوںگے۔

[pullquote]197 افراد کو قتل کیا تھا: عزیر بلوچ کا اعتراف
[/pullquote]

uzair

لیاری گینگ وار کے سر غنہ عزیر بلوچ نے جی ٹی آئی میں تفشیش کے دوران قتل کی 197 وارداتوں کا اعتراف کر لیا عزیر بلوچ کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں 65 مقدمات درج ہیں.

[pullquote]پاکستانیوں کی اکثریت اسلامی قوانین کی حامی
[/pullquote]

572207acde8a5

کراچی: ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 78 فیصد پاکستانی ملکی قوانین قرآن کریم کی روشنی میں بنائے جانے کی ‘سختی سے حمایت’ کرتی ہے۔
پیو ریسرچ سینٹر نے مسلم اکثریتی دس ممالک میں ایک سروے کیا گیا جس میں لوگوں سے ان کے ملک میں نافذ قوانین کو اسلام تعلیمات کے مطابق بنانے’ کے حوالے سے رائے لی گئی۔
سروے میں پوچھا گیا کہ ان میں سے کون سے بیان کی حمایت کرتے ہیں:
آپ کے ملک کے قوانین سختی سے قرآن کی تعلیمات کی پیروی کریں؟
آپ کے ملک کے قوانین اسلام کے اصولوں کی پیروی کریں لیکن قرآن کی تعلیمات کی سختی سے پیروی نہ کریں؟
ملکی قوانین میں قرآن کی تعلیمات کا اثر نہیں ہونا چاہیے؟

[pullquote]غیرت کے نام پر بھائی کے ہاتھوں بہن قتل
[/pullquote]

کراچی: شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک نوجوان نے غیرت کے نام پر اپنی نوعمر بہن کو قتل کردیا۔
مومن آباد پولیس کے مطابق فرید کالونی کے رہائشی حیات احمد نے اپنی 17 سالہ بہن سُمیرا کو گھر کے باہر چُھری کے وار کرکے قتل کیا۔
واقعے کے بعد ملزم حیات احمد کو گرفتار کرلیا گیا۔

[pullquote]پاکستانی سرحد کے ساتھ 8ہندوستانی ’لیزر وال‘ فعال
[/pullquote]

نئی دہلی: ہندوستانی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی سرحدی کے ساتھ لگائی جانے والی 8 لیزر وال فعال کردی گئی ہیں، جبکہ چند دنوں میں مزید 4 لیزر وال فعال کردی جائیں گی۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں ہندوستان کی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے سینئر عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ لیزر وال ایک ایسا طریقہ کار ہے جس کے ذریعے اس وال سے کسی بھی چیز کے گزرنے کی صورت میں فوری طور پر سائرن بجنا شروع ہوجائیں گے۔

[pullquote]عالمی خبریں[/pullquote]

[pullquote]پاناما پیپر کی اگلی قسط 9 مئی کو جاری کی جائے گی.
[/pullquote]

panama

ایک زلزلے کے آفٹر شاکس جاری ہیں ، دوسرا بھونچال آنے کو ہے ، آف شور کمپنیوں کے پاکستانی مالکان ہوشیار ہو جائیں ، پامانا پیپرز کی دوسری قسط 9 مئی کو جاری کی جائے گئی.

[pullquote]شام: ہسپتال پر بمباری میں 27 افراد ہلاک
[/pullquote]

5721e2fe6a238

دمشق: شام کے شہر حلب میں ایک ہسپتال پر بمباری کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک ہو گئے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق حلب کے ہسپتال پر بمباری کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں 3 ڈاکٹرز، حفاظت پر مامور 2 گارڈ اور ایمبولینس ڈرائیور بھی شامل ہے۔
مقامی ذرائع سے سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق القدس ہسپتال کے مرکزی دروازے پر موجود افراد کو نشانہ بنایا گیا۔
شام میں انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے والی برطانوی تنظیم ‘سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس’ کے مطابق گزشتہ 6 روز میں حلب میں 148 عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]’یہودمخالف’پوسٹ:مسلم رکن پارلیمان پارٹی سے معطل
[/pullquote]

5721c7957f482

مغربی بریڈفورڈ کی ایم پی ناز شاہ نے کہا کہ 2014 میں کی گئیں ان پوسٹ کے بارے میں انہیں بہت زیادہ پچھتاوا ہے، اور یہ پوسٹ اس وقت کی گئی جب وہ پارلیمان کی رکن نہیں تھیں۔
ناز شاہ نے ایک تصویر سوشل میڈیا پر شئیر کی تھی جس میں امریکی نقشے کے ساتھ اسرائیل کا نقشہ ساتھ منسلک تھا اور نیچے درج تھا ‘اسرائیل اور فلسطین تنازعے کا حل، اسرائیل کو امریکا میں منتقل کردیا جائے’، اور ساتھ میں تبصرہ لکھا تھا کہ ‘مسئلہ حل ہوگیا’۔
انہوں نے ہیش ٹیگ IsraelApartheid# استعمال کیا اور جس کے اوپر درج تھا کہ ‘مت بھولو کہ ہٹلر نے جو کچھ جرمنی میں کیا وہ سب قانونی تھا’۔
لیبر پارٹی کے ترجمان نے اس بارے میں بتایا کہ پارٹی رہنما جیرمی کوربائن کے ہمراہ ناز شاہ نے متفقہ فیصلہ کیا کہ وہ انتطامی طور پر لیبر پارٹی سے معطل رہیں گی۔
جب تک اس معاملے کی تحقیقات ہو رہی ہیں اس وقت تک وہ پارٹی کی کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لیں گی، کوربائن نے ناز شاہ کے ان تبصروں کو ‘ناگوار اور ناقابلِ قبول’ قرار دیا، قبل ازیں اس تبصرے پر ان کو معطل نہیں کیا گیا تھا، جس کو وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون نے ‘غیر معمولی’ قرار دیا تھا

[pullquote]حلب کے ہسپتال پر فضائی حملہ، بیس ہلاک
[/pullquote]

سیرین آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے بتایا ہے کہ حلب کے علاقے میں واقع ایک ہسپتال پر کیے گئے فضائی حملے میں کم از کم بیس افراد مارے گئے ہیں۔آبزرویٹری نے مقامی لوگوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہلاک شدگان میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ القدس ہسپتال حلب کے اُس علاقے میں واقع ہے، جو باغیوں کے قبضے میں ہے۔ اِس ہسپتال کو بین الاقوامی طبی امدادی تنظیم ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز کی امداد حاصل تھی۔ فضائی حملے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب میں کیے گئے۔ آبزرویٹری نے یہ بھی بتایا ہے کہ گزشتہ چھ ایام کے دوران حکومتی جنگی طیاروں کی بمباری میں چوراسی شہری مارے گئے ہیں اور باغیوں کی شیلنگ سے انچاس سویلین کی ہلاکت ہوئی ہے۔

[pullquote]عالمی پریس فریڈم میں کمی کا رجحان
[/pullquote]

جمہوریت نواز گروپ فریڈم ہاؤس نے آزادیٴ صحافت کی سالانہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے دنیا بھر میں پریس فریڈم میں کمی کے رجحان کو ظاہر کیا ہے۔ فریڈم ہاؤس نے سن 2015 کے لیے اپنی رپورٹ کی تیاری کے سلسلے میں ایک عالمی سروے کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں پرتشدد حالات کی وجہ سے صحافیوں کو آزادانہ طور پر کام کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس رپورٹ میں میکسیکو میں صحافیوں کو ڈرانے دھمکانے اور ہانگ کانگ میں آزادیٴ اظہار کو کنٹرول کرنے پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ سالانہ رپورٹ کے مطابق پریس فریڈم کی یہ سطح گزشتہ بارہ برسوں میں سب سے کم مقام پر ہے۔ سروے میں دنیا بھر کے 199 ملکوں کو شامل کیا گیا ہے۔

[pullquote]شام امن مذاکرات کو بچایا جائے: امریکا اور روس سے اپیل
[/pullquote]

شام کے لیے مقرر اقوام متحدہ کے خصوصی سفیر اسٹیفان ڈے مستورا نے امریکا اور روس سے اپیل کی ہے کہ ناکام ہوتے شامی امن مذاکرات کو بچانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ شام میں شروع ہونے والی حالیہ جھڑپوں کے مذاکراتی عمل پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ ڈے مستورا نے یہ اپیل ویڈیو لنک کے ذریعے سکیورٹی کونسل سے کی ہے۔ اس گفتگو میں اقوام متحدہ کے سفیر نے یہ بھی کہا کہ ساٹھ ایام سے جاری جنگ بندی اب ایک دھاگے سے بندھی رہ گئی ہے اور اِس صورت حال کو سنبھالنے کے لیے روس اور امریکا کی مداخلت ضروری ہے۔

[pullquote]چین نے غیر ملکی این جی اوز کی نگرانی کا قانون منظور کر دیا
[/pullquote]

چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے اُس مسودہٴ قانون کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت غیر ملکی غیر سرکاری تنظیموں کی نگرانی سکیورٹی اداروں کے سپرد کر دی گئی ہے۔ بیجنگ حکومت کی پبلک سکیورٹی کی وزارت کو غیر ملکی این جی اوز کی براہ راست نگران مقرر کیا ہے۔ اِس قانون کے تحت تمام غیر سرکاری تنظیموں کو اپنے پراجیکٹس کی تفصیلات فراہم کر کے پیشگی منظوری لینا ہو گی۔ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں پولیس این جی او کے ملازم کو بغیر کسی فردِ جرم کے کم از کم پندرہ ایام کے لیے حراست میں رکھ سکے گی۔

[pullquote]’المکّلا کی بازیابی میں دو درجن سے زائد فوجی ہلاک ہوئے ہیں‘
[/pullquote]

یمن کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ صدر منصور ہادی کی فوج کے مطابق بندرگاہی شہر المکلا کی بازیابی کی لڑائی میں کم از کم ستائیس فوجی ہلاک اور ساٹھ زخمی ہوئے ہیں۔ رواں ہفتے کے دوران یمنی فوج نے اِس شہر پرقابض القاعدہ کے جہادیوں کو پسپا کر دیا تھا۔ مقامی آبادی نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ایک برس بعد شہریوں کی زندگی معمول پر آنے لگی ہے۔ جنوبی یمن میں ہادی کی فوج کو متحدہ عرب امارات کی فوج کا بھی تعاون حاصل رہا۔ اِس عسکری مہم کے دوران سعودی عسکری اتحاد کے جنگی طیارے بھی انتہا پسندوں پر حملے کرتے رہے تھے۔

[pullquote]لبنانی فوج نے داعش کا اہم لیڈر ہلاک کر دیا
[/pullquote]

لبنان کی فوج نے بتایا ہے کہ ایک آرمی آپریشن کے دوران شام کی سرحد کے قریب عسکریت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کا مقامی کمانڈر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے کی شناخت نائیف الشعلان کے طور پر کی گئی ہے۔ ہلاک ہونے والے جنگجو ابو فوز کی عرفیت سے پہچانا جاتا تھا۔ عسکری آپریشن شمالی لبنان کی عَرسال علاقے میں کیا گیا۔ شام اور لبنان کے اِس سرحدی پہاڑی علاقے میں القاعدہ سے وابستگی رکھنے والا النصرہ فرنٹ اور ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے جنگجووں کے درمیان اکثر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔

[pullquote]امریکا نے بدھا کے قدموں کے نشان کا نادر نمونہ پاکستان کو لوٹا دیا
[/pullquote]

امریکی حکام نے پاکستان سے اسمگل کیا جانے والا مہاتما بدھ کے پتھر پر ثبت قدموں کے نشان والا نادر اسکلپچر لوٹا دیا ہے۔ امریکی حکام نے اس انتہائی قیمتی نشان کو نیویارک میں پاکستانی مشن کے نائب سربراہ رضوان سعید شیخ کے حوالے کیا۔ مہاتما بدھ کے پتھر پر ثبت قدموں کے نشان کی مالیت ایک ملین ڈالر سے زائد خیال کی جاتی ہے۔ رضوان شیخ نے پانچ سو پاؤنڈ وزنی ’بدھ پادا‘ کہلانے والے اسکلپچر کو پاکستان کی ثقافتی تاریخ کا ایک انتہائی اہم عنصر قرار دیا۔ یہ اسکلپچر قدیمی نوادرات اکھٹے کرنے والے ایک جاپانی سے برآمد کیا گیا تھا۔دوسری صدی کے اس نادر نمونے میں گوتم بدھ کے پیروں کے نشان اور چند مذہبی علامات کندہ ہیں۔

[pullquote]ڈونلڈ ٹرمپ کی ممکنہ خارجہ پالیسی کے خد و خال کی وضاحت
[/pullquote]

رواں برس کے امریکی صدارتی الیکشن میں ری پبلکن پارٹی کی نامزدگی کی دوڑ میں سب سے نمایاں ارب پتی کاروباری سیاستدان ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر بننے کے بعد اپنی ممکنہ خارجہ پالیسی کے اہم نکات کی وضاحت کر دی ہے۔ اِس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ امریکی خارجہ پالیسی کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا جائے۔ ٹرمپ نے انتہا پسند اسلام کو روکنے کی بات کی ہے۔ اپنی خارجہ پالیسی کے خد و خال بیان کرتے ہوئے ٹرمپ نے اوباما کی فارن پالیسی کو ایک ’ڈیزاسٹر‘ قرار دیا۔ ٹرمپ کے مطابق امریکا کی مثبت شناخت کے عمل کو بہتر کرنے کے علاوہ نیٹو اور ایشیائی اتحادیوں کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے توازن کو بہتر کیا جائے گا۔

[pullquote]عراق نے الجزیرہ ٹیلی وژن کا لائسنس معطل کر دیا
[/pullquote]

خلیجی ریاست قطر میں قائم عربی نیوز ٹیلی وژن چینل الجزیرہ کے عراق میں آپریشن کے سرکاری اجازت نامے کو حکومت نے منسوخ کر دیا ہے۔ بغداد حکومت نے لائسنس منسوخ کرنے کی وجہ رہنما اصولوں کی خلاف ورزی بیان کی ہے۔ الجزیرہ ٹیلی وژن کی انتظامیہ نے عراقی حکومت کے اِس اقدام پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بغداد حکومت نے الجزیرہ کو لائسنس سن 2014 میں جاری کیا تھا۔ الجزیرہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ عراق سے متعلق خبریں عراقی عوام کے لیے نشر کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

[pullquote]پولیس کی مدد سے ہندو انتہا پسندوں نے شادی رکوا دی
[/pullquote]

بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ضلع سَتنا کے ایک گرجا گھر میں شادی کو انتہا پسندو ہندووں نے پولیس کی مدد سے رکوا دیا۔ انتہا پسند ہندو گروپ کے مطابق لڑکی کو زبردستی مذہب تبدیل کرنے پر مجبور کیا گیا ہے۔ شادی رکوانے والے ہندووں کا تعلق بجرَنگ دَل سے بتایا گیا ہے۔ ضلعی پولیس کے ایک افسر نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ معاملے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور اِس معاملے میں لڑکی کی عمر اہم ہے۔ پولیس افسر کے مطابق مذہب تبدیل کرنے والی لڑکی کی عمر اٹھارہ نہیں بلکہ اِس وقت سترہ برس ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا:ریستوراں ویٹرسز کے خاندان کی ویڈیو اپیل
[/pullquote]

چین سے واپس شمالی کوریا جاتے ہوئے جنوبی کوریا میں سیاسی پناہ حاصل کرنے والی ایک ریستوراں کی گیارہ ویٹرسزکے بارے میں شمالی کوریا کا اصرار ہے کہ وہ اغوا کر لی گئی ہیں۔ یہ ملازمائیں چین میں شمالی کوریا کے ایک ریستوراں میں کام کرتی تھیں۔ ان کے خاندانوں کی جانب سے ایک اپیل کمیونسٹ ملک نے جاری کی ہے۔ اس میں ویٹرسز کے والدین روتے ہوئے انہیں واپس آنے کی درخواست کر رہے ہیں۔ اِس ویڈیو میں کچھ والدین نے جنوبی کوریا کی خاتون صدر پر ان خواتین کے اغوا کا الزام دھرتے ہوئے تنقید بھی کی۔

[pullquote]امریکی وزیر دفاع جرمنی کا دورہ کریں گے
[/pullquote]

پینٹاگون کے سربراہ اور امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر اگلے ہفتے کے دوران جرمنی پہنچ رہے ہیں۔ وہ اس دورے میں جہادی گروپ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف قائم امریکی عسکری اتحاد کے وزرائے دفاع کے ساتھ ایک میٹنگ میں شریک ہوں گے۔ اِس میٹنگ میں شام اور عراق میں سرگرم دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف کی گئی کارروائیوں کا جائزہ اور تازہ صورتحال پر تبادلہٴ خیال کیا جائے گا۔ یہ دو روزہ میٹنگ جرمن شہر اشٹٹ گارٹ میں ہو گی۔ اسی شہر میں امریکا کی یورپی کمانڈ کا ہیڈکوارٹرز قائم ہے۔

[pullquote]لیبیا سے خام تیل حاصل کرنے پر انڈین فلیگ والابحری جہاز بلیک لسٹ
[/pullquote]

بھارتی جھنڈے کے حامل ایک مال بردار بحری جہاز کو شورش زدہ ملک لیبیا سے غیرقانونی انداز میں خام تیل لے جانے پر اقوام متحدہ نے بلیک لسٹ کر دیا ہے۔ بحری جہاز نے خام تیل اُس بندرگاہ سے حاصل کیا تھا جو حکومتی کنٹرول میں نہیں ہے۔ اِس مال بردار بحری جہاز کا نام ’ڈسٹیا امیا‘ بتایا گیا ہے۔ مال بردار جہاز نے خام تیل لیبیا کے شمال میں البیضا سے لیکر مالٹا کی جانب روانہ تھا۔ اسی جہاز نے پہلے بھی خام تیل ایک نامعلوم خریدار کو بھیجا تھا۔

[pullquote]انتہاپسندوں پر تنقید کرنے والا نوجوان یمنی اسکالر ہلاک کر دیا گیا
[/pullquote]

یمن کے جنوبی شہر عدن میں ایک نوجوان مذہبی عالم عمر بتاوِل کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ بتاوٍل کو سماجی ویب سائٹس پر اسلامی انتہا پسندوں پر شدید تنقید کرنے پر شہرت حاصل ہونے لگی تھی۔ عدن کے شیخ عثمان علاقے میں اٹھارہ برس کے عالم کی نعش ملی ہے، اُس کے سر اور سینے میں گولیاں ماری گئی تھیں۔ اُس کے رشتہ دار کے مطابق عُمر کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کرنے کے بعد ہلاک کیا اور انہوں نے اِس قتل کا الزام مسلمان شدت پسندوں پر عائد کیا ہے۔ ابھی تک کسی گروپ نے اِس قتل کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]جورجیا میں قاتل کی موت کی سزا پر عمل درآمد
[/pullquote]

امریکی ریاست جورجیا میں تہرے قتل کے ایک ملزم ڈینیئل انتھونی لوکاس کو زہریلے ٹیکے کے ذریعے موت کی سزا پر عمل کر دیا گیا۔ لوکاس نے یہ تینوں قتل سن 1998 میں ایک نقب زنی کی واردات کے دوران کیے تھے۔ اس واردات میں ایک شخص اوراُس کے دو بچے مارے گئے تھے۔ سینتیس سالہ ملزم کی موت بدھ کی رات زہریلا ٹیکا لگانے کے بعد تقریباً دس بجے واقعے ہوئی تھی۔ اُس وقت جیل حکام بھی ڈیتھ چیمبر میں موجود تھے۔ آخری بیان میں لوکاس نے مقتول کی بیوی سے اُس کے شوہر اور بچوں کو ہلاک کرنے پر معذرت بھی چاہی تھی۔

[pullquote]کھیلوں کی خبریں
[/pullquote]

[pullquote]ڈونلڈ اور اسٹورٹ لا آسٹریلین ٹیم سے منسلک
[/pullquote]

5721fa15cb7bf

سڈنی: سابق عظیم جنوبی افریقی باؤلر ایلن ڈونلڈ کو دورہ سری لنکا کیلئے آسٹریلین ٹیم کا باؤلنگ کوچ جبکہ سابق کرکٹر اسٹورٹ لا کو بیٹنگ کوچ مقرر کردیا ہے۔
‘وائٹ لائٹننگ’ کے نام سے مشہور سابق مایہ ناز فاسٹ باؤلر ایلن ڈونلڈ کو کریگ میک ڈرموٹ کی جگہ وقتی طور پر باؤلنگ کوچ کا عہدہ سونپا گیا ہے جنہوں نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
ہیڈ کوچ ڈیرن لیمن نے ڈونلڈ کی تقرری کو بہترین اقدام قرار دیا ہے۔
ڈیرن لیمن نے کہا کہ وہ اپنے ہمراہ بہت وسیع تجربہ لے کر آئیں گے اور ان کی موجودگی سے ہمارے باؤلرز کو بہت فائدہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ان کا ٹیسٹ ریکارڈ ان کی بہترین کارکردگی کا عکاس ہے اور وہ بلاشبہ اپنے دور ایک بہترین فاسٹ باؤلرز میں سے ایک تھے۔
بدھ کو میڈیا میں قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ ڈونلڈ شاید جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز تک آسٹریلین ٹیم کیلئے خدمات انجام دیں گے لیکن کرکٹ آسٹریلیا نے اس کی تصدیق کردی ہے۔
اس سے قبل انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کیلئے خدمات انجام دینے والے ایلن ڈونلڈ اپنے دس سالہ کیریئر میں 330 ٹیسٹ اور 272 ایک روزہ وکٹیں لینے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

[pullquote]ولیمسن نیوزی لینڈ ٹیسٹ ٹیم کے بھی کپتان مقرر
[/pullquote]

5721da7d00d9d

ویلنگٹن: مایہ ناز کیوی بلے باز کین ولیمسن کو برینڈن میک کولم کی جگہ نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کا نیا قائد مقرر کردیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کو دنیائے کرکٹ میں ایک بڑی طاقت کی شکل دینے والے برینڈن میک کولم نے فروری میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔
2010 میں ہندوستان کے خلاف ڈیبیو کرنے والے کین ولیمسن کو ایک عرصے سے میک کولم کا جانسشین تصور کیا جا رہا تھا جہاں وہ پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچوں میں کیوی ٹیم کی باگ ڈور سنبھال چکے ہیں۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ ولیمسن ایک عرصے سے ٹیم میں ایک لیڈر کی حیثیت سے ہیں اور پہلے ہی خود ایک انتہائی قابل کپتان ثابت کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ سوچ کی وجہ سے ساتھی کھلاڑی اور کرکٹ حلقے میدان اور میدان سے باہر ان کی بہت عزت کرتے ہیں۔ ہندوستان میں انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے کیلئے موجود ولیمسن نے کہا کہ وہ میک کولم کی نقش قدم پر چلتے ہوئے ٹیم کو تیار کرنا چاہتے ہیں، یہ میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ ٹیم مزید کارہائے نمایاں انجام دے سکتی ہے۔
ولیمسن کی زیر قیادت حال ہی میں ختم ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی اور اس ٹورنامنٹ اسپن باؤلرز کے بہترین طریقے سے استعمال پر ولیمسن کی صلاحیتوں کو کافی سراہا گیا تھا۔

[pullquote]شوبز
[/pullquote]

[pullquote]ہیما مالنی کی ‘دپیکا’ کو منگنی کی مبارکباد
[/pullquote]

5721d21f71570

بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے تعلق کی خبریں تو کافی عرصے سے زبان زد عام ہیں لیکن شائقین اس انتظار میں تھے کہ دونوں اپنے اس تعلق کا باقاعدہ اعلان کب کرتے ہیں۔
لیکن بولی وڈ کی ‘ڈریم گرل’ ہیما مالنی کی محض ایک ٹوئیٹ نے ان خبروں کو مزید بڑھاوا دے دیا۔
ہوا کچھ یوں کہ آج صبح ہیما نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ‘دپیکا’ کو منگنی کی مباکباد دے ڈالی۔

[pullquote]خیبرپختونخوا میں فلم ‘مالک’ کی نمائش کی پیشکش
[/pullquote]

maalik-trailer

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں عاشر عظیم کی فلم ‘مالک’ چلانے کی پیشکش کر دی۔
صوبائی حکومت نے مرکزی سینسر بورڈ کی جانب سے فلم ‘مالک’ پر پابندی کو مسترد کرتے ہوئے فلم کی سینما گھروں میں نمائش کی پیشکش کا اعلان کیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے کوشش کی ہے کہ بدعنوانی کو بے نقاب کرے، اس سے بڑے بڑوں کو تکلیف ہو گئی، اس پر حکومتیں پابندی لگا رہی ہیں، یہ فلم پورے ملک میں دکھائی جانی چاہیے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے