پاکستان اور دنیا بھر سے آج کی اہم خبروں پر مشتمل پہلا آن لائن بلٹین

[pullquote]لڑکی کو جلائے جانے پر وزیراعظم کا نوٹس[/pullquote]

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں نویں جماعت کی 16 سالہ طالبہ کو قتل کرکے جلانے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وحشیانہ واقعات غیر اسلامی اور غیر انسانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کو بلاتاخیر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، معاشرے میں ایسے واقعات ناقابل قبول ہیں۔ افسوسناک واقعے کے بارے میں ایبٹ آباد کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خرم رشید نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ 23 اپریل کو ایبٹ آباد کے قریب واقع گاؤں مکول میں ایک نوجوان لڑکی صائمہ نے گھر سے فرار ہوکر پسند کی شادی کی تھی۔ان کے مطابق مذکورہ جوڑے نے فرار ہونے کے لیے نصیر نامی شخص کی گاڑی استعمال کی اور اس تمام واقعے کی رازدان صائمہ کی کلاس فیلو مذکورہ لڑکی عنبرین تھی۔

واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ فرار ہونے والے جوڑے کے اہلخانہ نے نصیر سے پوچھ گچھ کی اور تین دن تک انھیں تلاش کرتے رہے، بعدازاں مکول کے کونسلر پرویز نے نصیر کے گھر پر ایک جرگہ بلوایا جس میں 15 اراکین شریک ہوئے۔انھوں نے بتایا کہ جرگے نے دونوں کو ‘عبرت ناک سزا’ دینے کے فیصلے کے ساتھ ساتھ عنبرین کو بھی ‘سزا’ دینے کا فیصلہ کیا، جو اس سارے واقعے سے باخبر تھی۔

28 اپریل کی رات کو جرگے کے 5 سے 6 اراکین عنبرین کے گھر آئے اور اس کی والدہ کو ڈرا دھمکا کر عنبرین کو اپنے ساتھ لے گئے، اسے ایک خالی مکان میں لے جاکر نشہ آور ادویات دے کر بے ہوش کیا گیا اور پھر گلا گھونٹ کر قتل کردیا گیا اور بعدازاں سڑک کنارے کھڑی گاڑی کی پچھلی سیٹ پر ڈال کر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی۔ عنبرین کی لاش جمعہ 29 اپریل کو ڈونگا گلی کے علاقے میں ایک جلی ہوئی گاڑی سے ملی، جس کے قریب کھڑی دوسری گاڑی بھی جلی ہوئی تھی۔

دوسری جانب پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے حوالے سے تاحال کوئی معلومات سامنے نہیں آسکیں۔ جنوری میں وزیراعظم نواز شریف نے پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے کو غیرت کے نام پر قتل کے حوالے سے بنائی گئی ڈاکو مینٹری کی آسکر ایوارڈز میں نامزدگی پر مبارکباد دیتے ہوئے ملک سے غیرت کے نام پر قتل جیسی ‘برائی’ کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ پاکستان میں ہر سال ‘غیرت کے نام پر’ سیکڑوں خواتین اپنے رشتہ داروں کے ہاتھوں قتل ہوجاتی ہیں۔

[pullquote]کوئٹہ: سیکریٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کے گھر قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارروائی کے دوران 73 کروڑ روپے سے زائد نوٹ برآمد کیے گئے۔[/pullquote]

نیب ذرائع کے مطابق گھر سے ایک لوکر اور نوٹوں سے بھرے 14 بیگ تحویل میں لے لیے گئے ہیں جبکہ نوٹوں کے علاوہ گھر سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا، پرائز بانڈ اور سیونگ سرٹیفیکٹ بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

سیکریٹری خزانہ پر لوکل گورنمنٹ اور پی ایس بی پی کے فنڈز میں ایک ارب سے زائد کےغبن کا الزام ہے جبکہ مشتاق رئیسانی کا کل نیب کورٹ میں ریمانڈ لیا جائے گا۔اس سے قبل نیب نے اربوں روپے بدعنوانی کے الزام میں سیکریٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کو گرفتار کیا تھا۔ نیب کا کہنا ہے کہ مشتاق رئیسانی پرلوکل گورنمنٹ ترقیاتی فنڈزمیں اربوں روپےکرپشن کا الزام ہے۔

نیب حکام نےسول سیکریٹریٹ کوئٹہ میں محکمہ خزانہ کے دفتر پر چھاپہ مارکر مشتاق رئیسانی کو گرفتار کیا۔نیب نے محکمہ خزانہ کے دیگر ملازمین کو بھی تفتیش کیلئے حراست میں لے لیا اور ساتھ ہی محکمہ خزانہ کا ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا۔خیال رہے کہ مشتاق رئیسانی 3 سال سے بلوچستان کے سیکریٹری خزانہ تھے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے اقتدار کے دور میں بھی وہ اسی عہدے پر فائز تھے۔

ن لیگ کی حکومت کے دور میں سندھ کے بعد بلوچستان میں نیب کی جانب سے بڑی کارروائی ہے۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر نیب ذرائع نے بتایا کہ سیکرٹری خزانہ بلوچستان سے تفتیش جاری ہے اور آئندہ آنے والے دنوں میں مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔

[pullquote]واہ کینٹ: پاکستان، ہندوستان کو شکست دے کر مسلسل دوسری بار سرکل اسٹائل کبڈی کا چیمپیئن بن گیا۔[/pullquote]

جمعے کو واہ کینٹ میں سرکل اسٹائل ایشین کبڈی چیمپیئن شپ میں ٹائٹل کےحصول کےلئے روایتی حریفوں پاکستان اور ہندوستان کےدرمیان دنگل ہوا۔ میچ کےآغاز سے ہی پاکستانی پہلوانوں نے شاندار داؤ پیج لگاتے ہوئے ہندوستانی پہلوانوں کو دباؤ میں لے لیا۔

میزبان پہلوانوں کی پھرتی اور چستی کا ہندوستانی کھلاڑیوں کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔پہلے ہاف کےاختتام پر پاکستان کو 24-15 کی سبقت حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں بھی قومی پہلوانوں نے ہندوستانی پہلوانوں پر شکنجہ مضبوط رکھا اور 31 کے مقابلے میں 50 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کرکے میچ اپنے نام کرلیا۔ رنر اپ رہنے پر ہندوستانی کھلاڑیوں کو چاندی کے تمغے پہنائے گئے جبکہ فاتح پاکستانی ٹیم کے پہلوانوں کو طلائی تمغے پہنائےگئے اور وننگ ٹرافی دی گئی. اس سے قبل 2012 میں بھی پاکستان نے اعزاز اپنے نام کرچکا ہے۔

[pullquote]یمنی شہر مارب میں خود کُش حملہ، سات افراد ہلاک
[/pullquote]
آج یمنی شہر مارب میں ایک خود کُش حملے میں سات افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہو گئے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ اس حملے کے ذریعے دارالحکومت صنعاء سے مشرق کی جانب واقع یمنی شہر مارب کی ایک پُر ہجوم مارکیٹ کو نشانہ بنایا گیا۔

یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ اس حملے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔ یمن بھر میں پھر سے شروع ہو جانے والی جھڑپیں اُس فائر بندی کے لیے خطرہ بن رہی ہے، جس پر دَس اپریل سے اب تک کم و بیش عمل ہوتا چلا آ رہا تھا۔

[pullquote]آج جمعے کے روز یونان میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام بالکل مفلوج رہے گا
[/pullquote]
آج جمعے کے روز یونان میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام مکمل طور پر مفلوج رہے گا۔ ٹریڈ یونینز کی جانب سے پنشن اور ٹیکسز کےمعاملات کو دوبارہ کھولنے کے متنازعہ حکومتی منصوبوں کے خلاف اڑتالیس گھنٹوں تک ہڑتال کی کال دی گئی ہے۔

یونانی حکومت بین الا قوامی قرض دہندگان کے مطالبے پر ان معاملات پر نظر ثانی کرنے کا اعلان کر چکی ہے۔ ٹریڈ یونینز کے مطابق ایتھنز میں کسی قسم کی ٹرانسپورٹ نہیں چلائی جا رہی کیوں کہ میٹرو، ٹراموں، بسوں اور ریل کے ورکرز ہڑتال پر ہیں اور نقل و حرکت کا واحد ذریعہ ٹیکسیاں ہیں۔

جمعرات کو ٹریڈ یونینز کی جانب سے ہڑتال کی کال اس وقت دی گئی جب یونانی پارلیمنٹ نے بیان دیا کہ حکومتی ٹیکسیشن اور ریفارمز بل پر بحث اور ووٹنگ اس ہفتے کے آخر میں ہو گی۔

[pullquote]پوپ فرانسس کے لیے جرمن شہر آخن کا شارلیمان پرائز
[/pullquote]

آج ویٹی کن سٹی میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں کیتھولک کلیسا کے سربراہ پاپائے روم فرانسس کو جرمن شہر آخن کے شارلیمان پرائز سے نوازا گیا۔

اس موقع پر پوپ نے یورپ پر وہ دیواریں توڑ ڈالنے کے لیے زور دیا، جو پناہ کے متلاشیوں کو آگے آنے سے روکنے کے لیے تعمیر کی جا رہی ہیں۔ اُنہوں نے یورپ میں ایسی نئی سماجی اقتصادیات کی تشکیل کی بھی وکالت کی، جس سے چند ایک کو نہیں بلکہ زیادہ تر کو فائدہ پہنچے۔ اُنہوں نے کہا، وہ ایک ایسے یورپ کا خواب دیکھتے ہیں، جس میں مہاجر ہونا کوئی جرم نہ ہو۔

اس تقریب میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھ ساتھ یورپی یونین کے سرکردہ ترین عہدیدار بھی شریک ہوئے۔ پرائز کمیٹی کے مطابق 1950ء سے ہر سال دیے جانے والے اس انعام کے ذریعے پوپ کی اُن کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے، جو انہوں نے امن، افہام و تفہیم اور رحم دلی کی یورپی سماجی اَقدار کو فروغ دینے کے لیے کی ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اس انعام کی تقریب جرمن شہر آخن کی بجائے کسی اور جگہ منعقد ہوئی۔

[pullquote]آسٹریا کی زیرِ تعمیر مسجد میں سؤر کا سر اور خون، ایک شخص گرفتار
[/pullquote]
آسٹریا کے جنوبی شہر گراٹس میں ایک زیرِ تعمیر مسجد میں سؤروں کے دو سر رکھنے اور مینار پر خون پھینکنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ شخص آسٹریا ہی کا ایک چھیالیس سالہ شہری ہے۔

گراٹس کے اسلامی مرکز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ ایک مسجد پر ہی نہیں بلکہ ایک پوری مذہبی کمیونٹی، اُس کے پیروکاروں اور مذہب کی آزادی پر کیا جانے والا حملہ ہے۔ واضح رہے کہ وزارتِ داخلہ کے مطابق 2015ء میں انتہا پسندانہ اور نسل پرستانہ واقعات میں 54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

[pullquote]سکاٹ لینڈ میں انتخابات خود مختاری کی خواہاں جماعت ایس این پی نے جیت لیے
[/pullquote]
سکاٹ لینڈ کی پارلیمنٹ کے لیے منعقدہ انتخابات میں زیادہ تر نشستیں خود مختاری کی خواہاں جماعت ایس این پی یعنی سکاٹش نیشنل پارٹی نے جیت لی ہیں تاہم اس جماعت کو کامل اکثریت نہیں مل سکی۔

حتمی نتائج کے مطابق قوم پرستوں کو 129 میں سے 63 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ اس طرح ایس این پی نے مسلسل تیسری مرتبہ انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔

[pullquote]لندن کے میئر کے لیے منعقدہ انتخابات میں صادق خان کی واضح برتری
[/pullquote]
لندن کی میئرشپ کے لیے کل جمعرات کو منعقدہ انتخابات میں تاحال جائزوں کے مطابق لیبر پارٹی کے صادق خان کو کنزرویٹو پارٹی کے امیدوار زَیک گولڈ اسمتھ پر واضح سبقت حاصل ہے۔

اس طرح کنزرویٹو پارٹی سے تعلق رکھنے والے میئر بورس جانسن کی آٹھ سالہ آئینی مدت کے بعد اب ایک بار پھر لیبر پارٹی کا ایک سیاستدان برطانوی دارالحکومت کے معاملات چلائے گا۔ ملک کے دیگر حصوں میں منعقدہ مقامی اور علاقائی انتخابات میں البتہ لیبر پارٹی کو کافی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق بہت سے رائے دہندگان نے یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کی مخالف جماعت یُو کے آئی پی کو ووٹ ڈالے ہیں۔

[pullquote]بھارت میں کانگریس پارٹی کی جانب سے حکومت کے خلاف طاقت کا مظاہرہ
[/pullquote]
آج بھارت میں اپوزیشن کانگریس پارٹی کی جانب سے حکومت کے خلاف طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ تک مارچ کیا گیا، جس کی قیادت سونیا اور راہول گاندھی نے کی۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ اس اجتماع کا مقصد وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے جمہوریت کو تباہ کرنے کی کوششوں کے خلاف مزاحمت کرنا ہے۔

اس اجتماع سے پہلے حال ہی میں مودی کی حکمران جماعت کی جانب سے کانگریس پارٹی پر اپنے دورِ اقتدار میں ہیلی کاپٹرز کے ایک سودے میں بدعنوانی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

’جمہوریت بچاؤ‘ نامی اس مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کانگریسی رہنماؤں نے الزام لگایا کہ مودی شہری حقوق کو پاؤں تلے روند رہے ہیں اور اُس خشک سالی کے اثرات کو زائل کرنے میں ناکام رہے ہیں، جن سے چالیس کروڑ شہری متاثر ہوئے ہیں۔

[pullquote]اسلامی شدت پسندوں کی جانب سے بنگلہ دیشی پروفیسر کو قتل کی دھمکی
[/pullquote]
بنگلہ دیش میں مسلمان انتہا پسندوں نے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک یونیورسٹی پروفیسر عزیز الرحمان کو قتل کی دھمکی دی ہے۔ انہوں نے ایک طالبہ کو کلاس کے دوران پردہ نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ انتہا پسندوں نے مذکورہ پروفیسر کے ذاتی کوائف اور انہیں ہلاک کرنے کے ممکنہ طریقے بھی آن لائن شائع کیے ہیں۔ پروفیسرعزیز الرحمان اس وقت اپنے گھر پر مسلح پولیس کی نگرانی میں ہیں اور ان کے گھر کے مرکزی دروازے کو مقفل کر دیا گیا ہے۔

عزیز الرحمان ان بہت سے میانہ رو سیاست دانوں اور دانشوروں میں سے ایک ہیں، جو حکومت سے سکیورٹی طلب کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں دو ہزار پندرہ کے آغاز سے اب تک کم از کم پندرہ افراد کو ہدف بنا کر قتل کیا گیا ہے، جن میں ادیب، سرگرم کارکن، مذہبی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے اشخاص اور بیرون ملک سے آئے امدادی کارکن شامل ہیں۔

اسلامی انتہا پسندوں نے ان ہلاکتوں کی ذمہ داری قبول کی ہے، جس کے بعد چند بنگلہ دیشی شہری روپوش ہونے جبکہ بعض دیگر یورپ اور امریکہ میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

[pullquote]ری پبلکن پارٹی کے سرکردہ ارکان ڈونلڈ ٹرمپ سے فاصلے پر چلے گئے
[/pullquote]
ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارتی امیدوار بنائے جانے کے یقینی امکانات کے بعد ری پبلکن پارٹی کے سرکردہ ارکان نے اس انہتر سالہ متنازعہ ارب پتی کی حمایت کرنے سے انکار کر دیا ہے اور اُن سے فاصلے پر چلے گئے ہیں۔

ان ارکان میں امریکی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر پال رایَن بھی شامل ہیں۔ رایَن نے کہا ہے کہ پارٹی کو اکٹھا کرنے کے لیے ٹرمپ کو اب تک کے مقابلے میں کہیں زیادہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

ری پبلکن پارٹی کے متعدد سیاستدانوں نے کہا ہے کہ وہ جولائی میں صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے لیے کلیولینڈ میں مجوزہ پارٹی کانگریس میں جانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ سابقہ صدور جارج بُش اور اُن کے بیٹے جارج ڈبلیو بُش نے بھی ٹرمپ کی حمایت کرنے سے انکار کر دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اُن کے بارے میں سرے سے بات ہی نہیں کرنا چاہتے۔

[pullquote]شمالی شام کے شہر حلب کے قریب ایک گاؤں پر باغیوں کا قبضہ، 73 ہلاکتی
[/pullquote]
سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے آج جمعے کے روز بتایا ہے کہ باغی گروپوں نے شدید لڑائی کے بعد حلب سے جنوب کی جانب واقع دفاعی اعتبار سے ایک اہم گاؤں حکومتی افواج سے چھین لیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اس لڑائی کے دوران تہتّر افراد ہلاک ہو گئے۔ ان باغی گروپوں نے، جن میں القاعدہ سے قریبی وابستگی رکھنے والا النصرۃ فرنٹ بھی شامل ہے، خان طومان نامی گاؤں پر قبضے کے لیے حکومتی افواج کے خلاف لڑائی کا آغاز کل جمعرات کے روز کیا تھا۔ یہ گاؤں دمشق اور حلب کو ملانے والی شاہراہ پر واقع ہونے کے باعث بھی اہمیت کا حامل ہے۔

[pullquote]کینیڈا کے جنگلات میں بدستور بھڑکتی آگ، ہنگامی حالت کا اعلان
[/pullquote]
کینیڈا کے جنگلات میں بدستور بھڑکتی آگ کے پیشِ نظر صوبے البیرٹا میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ شہر فورٹ میک مرے کی تقریباً نوّے ہزار کی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

ایک بڑی تعداد سڑکوں کے ذریعے یہ شہر چھوڑ رہی ہے جبکہ صرف کل جمعرات کو ہی آٹھ ہزار سے زائد افراد کو طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ اس آگ کے باعث اب تک فورٹ میک مرے کے سولہ ہزار مکانات اور دیگر عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کے گیارہ سو سے زائد ارکان کے ساتھ ساتھ ایک سو پنتالیس ہیلی کاپٹرز اور بائیس ایئر ٹینکرز بھی سرگرمِ عمل ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریا میں 1980ء کے بعد سے پہلی پارٹی کانگریس شروع
[/pullquote]
شمالی کوریا میں چھتیس برسوں کے بعد حکمران کمیونسٹ پارٹی کی پہلی کانگریس کا آغاز ہو گیا ہے۔ یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ یہ کانگریس کب تک جاری رہے گی تاہم اس کا افتتاح شمالی کوریا کے حکمران کِم یونگ اُن کے خطاب سے ہو رہا ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ اپنی نوعیت کی یہ ساتویں پارٹی کانگریس قیادت پر کِم کی گرفت کو اور مضبوط کر دے گی اور اُن کی اُس پالیسی کی توثیق کرے گی، جس میں اقتصادی اقدامات کے ساتھ ساتھ مزید ایٹمی ہتھیاروں کے حصول کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ کِم نے 2011ء کے اواخر میں اپنے والد کی جگہ ملک کا اقتدار سنبھالا تھا۔

تب سے اب تک شمالی کوریا میں دو ایٹمی تجربے ہو چکے ہیں۔ اس سال بھی بین الاقوامی طور پر تنہائی کا شکار یہ ملک میزائلوں کے متعدد تجربات کر چکا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس سال مارچ کے اوائل میں اس ملک کے خلاف پابندیاں مزید سخت کر دی تھیں۔

[pullquote]الجزائر میں دنیا کی بڑی مساجد میں سے ایک کی تعمیر کا اعلان
[/pullquote]
الجزائر میں ایک ایسی مسجد تعمیر کی جا رہی ہے، جو وہاں کے حکام کے مطابق دنیا کی بڑی مساجد میں سے ایک ہو گی۔ جماع الجزائر نامی اس مسجد کا مرکزی ہال بیس ہزار مربع میٹر رقبے پر مشتمل ہو گا اور اس میں بیک وقت ایک لاکھ بیس ہزار افراد نماز ادا کر سکیں گے۔

اس مسجد کا مینار اپنی دو سو پینسٹھ میٹر بلندی کے ساتھ دنیا کا سب سے اونچا مینار ہو گا۔ مسجد کے ساتھ ساتھ ایک ملین کتابوں کی حامل ایک لائبریری، ایک مدرسہ اور اسلامی فنون اور تاریخ کا ایک عجائب گھر بھی ہو گا۔ حکام امید ظاہر کر رہے ہیں کہ یہ مسجد عام شہریوں کو انتہا پسند حلقوں سے دور لے جانے میں معاون ثابت ہو گی۔

[pullquote]جنوبی افریقہ کے مِکی آرتھر پاکستانی ٹیم کے نئے کوچ ہوں گے
[/pullquote]
پاکستان نے جنوبی افریقہ کے مِکی آرتھر کو پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کا نیا کوچ مقرر کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آرتھر نے پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا عہدہ قبول کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔

آرتھر یہ ذمے داریاں وقار یونس کی جگہ سنبھال رہے ہیں، جن کی نگرانی میں ٹیم نے گزشتہ مہینے منعقدہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انتہائی خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ آرتھر، جو رواں مہینے کے اواخر میں اڑتالیس برس کے ہو جائیں گے، دو ہزار پانچ سے لے کر دو ہزار دَس تک جنوبی افریقی ٹیم کی کامیاب کوچنگ کرتے رہے ہیں۔

بعد ازاں وہ ترکِ وطن کر کے آسٹریلیا چلے گئے، جہاں وہ اُنیس ماہ تک آسٹریلوی ٹیم کے کوچ رہے

[pullquote]فوج اور رینجرز نے پنجاب بھر میں 5آپریشن کئے،ترجمان پاک فوج[/pullquote]
آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس ہوا،جس میں سانحہ لاہور کی تفتیش میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ،ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فوج اور رینجرز نے پنجاب میں 5آپریشنز کئے ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بریفنگ میں بتایا کہ لاہور ،فیصل آباد اور ملتان میں گزشتہ رات سے اب تک 5آپریشن کئے ہیں ،تمام ہی کارروائیاں فوج اور رینجرز کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ مل کی گئیں۔

آرمی چیف کو بتایا گیا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہونے والے آپریشن میں مشتبہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ، جن سے اسلحہ و بارود کی بڑی مقدار بھی برآمد ہوئی

[pullquote]لاہور:حافظ آباد کی ایک فیملی کے 2افراد جاں بحق،5زخمی
[/pullquote]
لاہور کے گلشن اقبال پارک میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں حافظ آباد سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 2 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکے میں حافظ آباد کے محلہ حسین پورہ کے رہائشی محمد ایوب بٹ اور ان کی 8 سالہ بیٹی اس افسوس ناک حادثے میں جاں بحق ہوگئی۔

ایوب بٹ کے والد کے مطابق بیٹا صوبائی محکمہ اوقاف میں آفیسر تھا،لاہور دھماکے میں ایوب بٹ کا بیٹا اور بیوی سمیت 5 افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں جنہیں لاہور کے مختلف اسپتالوں میں داخل کروایا دیا گیا۔ان کے اہلخانہ اس المناک حادثے میں شدت غم سے نڈھال ہیں۔

[pullquote]ایکشن سے بھرپور فلم’وار کرافٹ‘کاانٹرنیشنل ٹریلر جاری[/pullquote]

ایکشن فلموں کے دیوانے ہوجائیں تیار کیونکہ مشہور زمانہ ویڈیو گیم پر مبنی تھرلر سے بھرپور امریکن فلم وارکرافٹ (Warcraft)کا سنسنی خیز انٹرنیشنل ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔

فلم کی کہانی انسانوں اور عجیب الخلقت خوفناک مخلوق کے درمیان پیدا ہونے والے تنازع کے گرد گھومتی ہے جو بعد ازاں خوفناک جنگ میں تبدیل ہو جاتا ہے۔

فلم میں اداکاری کے جلوے دکھانے والے اداکاروں میں ٹریوس فیمل، پاؤلا پیٹن، بین فوسٹر، ڈومینک کوپر، ٹوبی کیبل اور بین شنیزر شامل ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے