پاکستان اور دنیا بھر سے آج کی اہم ترین خبروں پر مشتمل پہلا آن لائن بلیٹن

[pullquote]پاکستان
[/pullquote]

[pullquote]پاناما پیپرزسامنے لانے والے شخص نےخاموشی توڑ دی
[/pullquote]

کراچی: پاناما پیپرز کو لیک کرنے والے مخبر ‘جون ڈو’ نے لیکس کے پیچھے موجود دستاویزات کو حکومتوں کو فراہم کرنے کی پیشکش کے ساتھ ساتھ مناسب تحفظ کا مطالبہ کردیا۔
جرمن اخبار ‘Süddeutsche Zeitung’ اور انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیشن جرنلسٹ (آئی سی آئی جے) کو جاری کیے گئے بیان میں گمنام ذرائع ‘جون ڈو’ نے واضح کیا کہ وہ براہ راست یا بالواسطہ طور پر کسی حکومت یا انٹیلی جنس ایجنسی کے لیے کام نہیں کرتے اور ان دستاویزات کو لیک کرنے کے فیصلے کے پیچھے کوئی سیاسی مقاصد نہیں تھے بلکہ انھوں نے یہ کام ‘ناانصافیوں کے بیان کردہ پیمانے’ کی وجہ سے کیا۔

[pullquote]بلوچستان کے سیکریٹری خزانہ 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے
[/pullquote]

میڈیا پلیئر کے بغیر آگے جائیںمیڈیا پلیئر کے لیے مددمیڈیا پلیئر سے باہر۔ واپس جانے کے لیے ’enter کا بٹن دبائیں اور جاری رکھنے کے لیے tab دبائیں۔
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں بڑے پیمانے میں بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیے جانے والے صوبائی سیکریٹری خزانہ کو 14 روزہ ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
بلوچستان کے سیکرٹری خزانہ مشاق رئیسانی کو بدعنوانی کے الزام میں کوئٹہ میں گرفتار کیا گیا تھا ہے جس کے بعد صوبائی مشیر خزانہ نے بھی استعفی دے دیا تھا۔

[pullquote]کراچی آپریشن: رینجرزکا قوانین پر عمل کرنے کا عزم
[/pullquote]

کراچی: پاکستان رینجرز سندھ نے شہرِ قائد میں جرائم پیشہ افراد، دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ یہ ساری کاروائیاں قانون اور انصاف کے تمام تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے سرانجام دی جائیں گی۔
گذشتہ روز رینجرز ہیڈکوارٹرز میں کراچی آپریشن میں پیش رفت کا جائزہ لینے اور مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز میجر جرنل بلال اکبر نے کی۔
اجلاس کے بعد رینجرز کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ کراچی میں جاری آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کے ساتھ قانون اور انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔
اس اجلاس میں رینجرز کے تمام سیکٹر اور ونگ کمانڈرز نے شرکت کی۔

[pullquote]بلاول نے پیپلزپارٹی کا اہم اجلاس آئندہ ہفتے طلب کرلیا
[/pullquote]

اسلام آباد:پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے پیپلزپارٹی کا اہم اجلاس آئندہ ہفتے اسلام آباد میں طلب کرلیا ۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی زیرصدارت پیپلزپارٹی کا اہم اجلاس 9مئی کواسلام آباد میں ہوگا۔
اجلاس میں پاناما لیکس پرپیپلزپارٹی اوراپوزیشن جماعتوں کی تحریک پرتبادلہ خیال ہوگا۔بلاول بھٹو10 مئی کوآزاد کشمیرکا دورہ کریں گے اوربڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
انہوں نے پیپلزپارٹی کے سینئررہنماؤں کوہدایت کی ہے کہ وہ اسلام آباد اجلاس میں اپنی شرکت یقینی بنائیں ۔

[pullquote]F-16 کی فراہمی:پاکستان کا شرائط ماننے سے انکار
[/pullquote]

اسلام آباد: وزارت خارجہ کے سیکریٹری اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا سے ایف 16 طیاروں کی ضرورت ہے، اس حوالے سے کسی بھی قسم کی شرائط عائد نہیں کی جانی چاہیے۔
اسلام آباد میں صحافیوں، دانشوروں، ٹی وی اینکرز اور کارپوریٹ لیڈرز سے خطاب میں سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے ایف 16 طیاروں کا حصول ضرورت ہے، کوشش کی جائےگی کہ اس معاملے پر امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے۔

[pullquote]73کروڑ نقد برآمد،مشتاق رئیسانی کاریمانڈ منظور
[/pullquote]

کوئٹہ: قومی احتساب بیورو (نیب) نے بلوچستان کے معطل ہونے والے سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کا ریمانڈ حاصل کر لیا۔
نیب نے معطل ہونے والے سیکریٹری خزانہ کو کوئٹہ میں جوڈیشل مجسٹریٹ -ون محمد حنیف کی عدالت میں پیش کیا۔
بلوچستان کے خزانے کے معطل سیکریٹری گریڈ 21 کے سرکاری افسر افسر ہیں، گرفتاری کے بعد انہوں نے صحت کے مسائل کا تذکرہ بھی کیا جس پر جوڈیشل مجسٹرٹ کے سوال کے جواب میں انہوں نے اس کا اظہار بھی کیا، عدالت نے ملزم کو طبّی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا۔
سماعت کے دوران نیب کے پروسیکیوٹرز نے مشتاق رئیسانی پر الزامات اور کیس میں پیش رفت سے آگاہ کیا جبکہ 14 روز کے ریمانڈ کی درخواست کی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے نیب کے کام کی تعریف بھی کی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ -ون محمد حنیف نے نیب کی درخواست پر 14 روز کے ریمانڈ کی منظوری دی۔
مشتاق رئیسانی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
اس سے پہلے معطل سیکریٹری خزانہ کو بکتر بند گاڑی میں ہتھکڑی لگا کر عدالت لایا گیا، عوام کی بڑی تعداد بھی ماضی کے افسر اور حال کے ملزم کو دیکھنے کے لیے عدالت میں موجود تھی۔

[pullquote]64فیصد پاکستانیوں نےکرپشن کی نشاندہی کردی
[/pullquote]

اسلام آباد: ایک ایسے وقت میں جب حکومت اور اپوزیشن جماعتیں پاناما اور دبئی لیکس کے بعد ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات اور تنقید کر رہی ہیں، غیر سرکاری تنظیم فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافین) کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 64 فیصد پاکستانی یہ سمجھتے ہیں کہ سرکاری اداروں میں کسی نہ کسی صورت کرپشن موجود ہے۔
رواں سال فروری میں ہونے والے اس سروے میں ملک بھر سے 603 مقامات سے منتخب کردہ 6 ہزار 30 افراد کے انٹرویو کیے گئے۔
منتخب کردہ افراد سے پوچھا گیا کہ کیا ان کا گزشتہ 6 ماہ کے دوران حکومت کے 25 شعبوں میں سے کسی شعبے میں جانا ہوا ہے۔
ان شعبوں میں صحت، تعلیم، واپڈا، سوئی گیس، پولیس، عدالتیں، ریونیو، الیکشن کمیشن آف پاکستان، زراعت، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)، نادرا، میونسپلٹی، ریلوے، پی آئی اے اور انکم ٹیکس شامل ہیں۔
اس سوال کے جواب میں 3 ہزار 971 افراد نے مثبت رائے کا اظہار کیا، ان افراد میں سے ایک ہزار 751 افراد کا تعلق پنجاب، 999 کا سندھ، 703 کا خیبر پختونخوا، 276 کا بلوچستان، 29 کا اسلام آباد اور 213 کا فاٹا سے تھا۔
سروے کی معروضیت کو برقرار رکھنے کے لیے یہ سوال صرف ان منتخب افراد سے پوچھا گیا تھا، جن کا گزشتہ 6 ماہ کے دوران کسی نہ کسی حکومتی شعبے میں جانا ہوا، سرکاری اداروں میں کرپشن کی نشاندہی کرنے والوں میں 72 فیصد مرد اور 54 فیصد خواتین شامل تھیں۔
بلوچستان کے عوام کی بڑی تعداد 82 فیصد نے حکومتی شعبوں میں کرپشن کے حوالے سے مثبت رائے کا اظہار کیا، سندھ میں 74 فیصد، اسلام آباد میں 72 فیصد، پنجاب میں 68 فیصد، خیبر پختونخوا میں 52 فیصد اور فاٹا میں 8 فیصد عوام نے مثبت رائے دی۔
سروے کے لیے منتخب کردہ افراد میں سے 332 نے حکومتی ملازمین کو براہ راست رشوت لیتے ہوئے بھی دیکھا، جن میں سے بڑی تعداد پنجاب کی تھی۔

[pullquote]پروین رحمٰن کے قتل کیس کا مرکزی ملزم گرفتار
[/pullquote]

کراچی: پولیس نے اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمٰن کے ایک اور مبینہ قاتل اور کیس کے مرکزی ملزم رحیم سواتی کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے منگھوپیر تھانے کی حدود سلطان آباد میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اس کے گھر سے حراست میں لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ ساتھ ایک سیاسی جماعت کا کارکن بھی ہے، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ رحیم سواتی کس سیاسی جماعت سے منسلک تھا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کراچی غربی اظفر مہیسر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمٰن کے قتل میں ملوث ملزم رحیم سواتی کو سلطان آباد سے گرفتار کرکے ایک نائن ایم ایم پستول اور دستی بم بھی برآمد کیا گیا۔
پروین رحمٰن کو 2013 میں قتل کیا گیا تھا، ان کے قتل کی تحقیقات کے لیے آئی ایس آئی، ایم آئی، آئی بی، ایف آئی اے، اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور رینجرز پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی تھی، جس کے 15 سے زائد اجلاس ہوئے، ان اجلاسوں میں تحقیقات کی روشنی میں رحیم سواتی کو قتل کا مرکزی ملزم قرار دیا گیا تھا۔

[pullquote]عالمی خبریں[/pullquote]

[pullquote]ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے 3 کشمیری ہلاک
[/pullquote]

سری نگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع پلواما میں ہندوستانی سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کرکے 3 حریت پسندوں کو ہلاک کردیا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ میں ہندوستانی آرمی کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع پلواما کے پنزگام گاؤں میں مبینہ ’دہشت گردوں‘ کی موجودگی کی اطلاع پر آرمی کے دستے نے علی الصبح ایک گھر پر چھاپہ مارا اور تصادم کے بعد 3 کشمیریوں کو ہلاک کردیا۔
ہلاک کشمیریوں کی شناخت اشفاق احمد ڈار، اشفاق احمد بابا اور حسیب احمد پاہلا کے ناموں سے ہوئی۔

[pullquote]طیب اردگان کا یورپی یونین کو سخت پیغام
[/pullquote]

استنبول: ترکی کے صدر طیب اردگان نے یورپی یونین کو سختی سے اس بات سے آگاہ کیا ہے کہ وہ مہاجرین کو روکنے کے لیے دہشت گردی کے خلاف اپنے قوانین میں کوئی تبدیلی نہیں لائیں گے۔
انہوں نے یورپی یونین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ‘ہم اپنے راستے جائیں گے، آپ اپنے راستے جائیں’۔
عالمی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق گذشتہ روز یورپی یونین کی رکن ریاستوں کے سامنے ایک معاہدہ رکھا گیا جس کے مطابق ترکی کے مقامی افراد بغیر کسی ویزا کے ان تمام ممالک میں سفر کرسکیں گے، جس کے بدلے میں ترکی کو انقرہ کے راستے مہاجرین کو یورپ جانے سے روکنا ہوگا۔
اس معاہدے کی رُو سے ترکی کو دہشت گردی کے خلاف قوانین میں تبدیلی کرنی ہوگی۔

[pullquote]صادق خان لندن کے نئے میئر منتخب
[/pullquote]

پاکستانی نژاد صادق خان برطانوی دارالحکومت لندن کے میئر منتخب ہو گئے ہیں۔ جمعرات کو ہونے والے الیکشن میں انہیں ستاون فیصد سے زائد ووٹ حاصل ہوئے۔ لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے صادق خان لندن کے پہلے مسلمان میئر ہوں گے۔ انہوں نے جمعے کی رات انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد اپنی تقریر میں کہا کہ وہ لندن کے ہر رہائشی کے میئر ہوں گے۔ پیشے کے اعتبار سے وہ ایک وکیل ہیں۔ انہوں نے قانون کی ڈگری نارتھ لندن یونیورسٹی سے حاصل کی تھی۔ سابق برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن کے دور میں وہ وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے میئر کے الیکشن میں قدامت پسند امیدوار زَیک گولڈ اسمتھ کو شکست دی۔ اُن کے والد سن 1960 کی دہائی میں پاکستان سے ہجرت کر کے برطانیہ میں آباد ہوئے تھے۔

[pullquote]فورٹ میکمری میں جنگلاتی آگ مزید پھیل جانے کا امکان
[/pullquote]

کینیڈا کے صوبے البیرٹا کے تیل کی دولت سے مالا مال شہر فورٹ میکمری میں لگی ہوئی خوفناک جنگلاتی آگ کے حوالے سے صوبائی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس آگ کی زد میں آنے والا رقبہ پھیل کر دوگنا ہو سکتا ہے۔ شہر سے لوگوں کا انخلا جاری ہے۔ اسّی ہزار سے زائد افراد شہر چھوڑ کر جا چکے ہیں۔ اب تک آگ سولہ سو سے زائد مکانات اور عمارتوں کو جلا کر راکھ کر چکی ہے۔ البیرٹا صوبے کی حکومت ہنگامی حالت نافذ کر چکی ہے۔ یہ آگ اب تک تقریباً ڈھائی لاکھ ایکٹر رقبے پر پھیل چکی ہے۔ آج ہفتے کے روز فورٹ میکمری میں انتہائی تیز ہوائیں چلنے کے علاوہ موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ یہ وسیع تر آگ اب تک صرف مادی نقصانات کی وجہ بنی ہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

[pullquote]شام کے شہر حلب میں فائربندی میں توسیع
[/pullquote]

روسی حکام نے بتایا ہے کہ شامی شہر حلب میں فائربندی میں توسیع کر دی گئی ہے۔ روسی وزارت دفاع کے ایک اعلان کے مطابق الاذکیہ اور حلب میں جنگ بندی کے عرصے میں سات مئی کی نصف شب سے 72 گھنٹوں کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ حالیہ جنگ بندی مہاجرت پر مجبور افراد کے کیمپ پر کیے گئے فضائی حملے کے بعد شروع کی گئی ہے۔ امریکی حکام نے بھی تین دنوں پر محیط جنگ بندی میں کی جانے والی اس توسیع کی تصدیق کر دی ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے توسیع کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ فائربندی کے لیے گھنٹے نہ گِنے جائیں بلکہ ہر قسم کے تشدد کا پوری طرح خاتمہ ہو جائے۔

[pullquote]اسرائیل کے غزہ کے علاقے میں حماس کے ٹھکانوں پر حملے
[/pullquote]

اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ غزہ سے راکٹ داغے جانے کے بعد اُس کی ایئر فورس نے جنوبی غزہ میں عسکریت پسند تنظیم حماس کے دو دہشت گردانہ مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔ سن 2014 کی پچاس روزہ جنگ کے بعد سے غزہ اور اسرائیلی سرحد پر مسلسل چا دنوں سے کشیدگی جاری ہے۔ اس دوران فریقین نے ایک دوسرے پر مارٹر اور ٹینکوں سے گولے داغے ہیں۔ اسرائیل پر راکٹ داغنے کی ذمہ داری کسی فلسطینی گروپ نے قبول نہیں کی لیکن اسرائیل نے فائر بندی کی اس خلاف ورزی کا ذمہ دار حماس کو ٹھہرایا ہے۔ غزہ پٹی کے فلسطینی علاقے پر انتہا پسند عسکری تنظیم حماس کو کنٹرول حاصل ہے۔

[pullquote]فلپائن میں صدارتی الیکشن کی انتخابی مہم ختم ہو گئی
[/pullquote]

فلپائن میں نو مئی کو سولہویں صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہو گی۔ اِس الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواوں نے آج ہفتے کے روز اپنی انتخابی مہم کے آخری دن ریلیوں کا انتظام کر رکھا تھا۔ موجودہ صدر بینگنو اکینو تیسری مدت کے لیے الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے لیکن انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبول امیدوار روڈریگو دوٹیرٹے (Rodrigo Duterte) کو ووٹ دینے گریز کریں۔ انہوں نے ڈوٹیرٹے کو ’مشرق کا ٹرمپ‘ قرار دیا ہے۔ موجودہ صدر اکینو صدارتی امیدوار مانویل روکساس کی حمایت کر رہے ہیں۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق ڈواؤ سٹی کے 71 سالہ میئر روڈریگو ڈوٹیرٹے باقی امیدواروں پر سبقت رکھتے ہیں۔ صدارتی الیکشن میں کل پانچ امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔

[pullquote]مچھلیاں پکڑنے والی چینی کشتی کی کارگو شپ سے ٹکر، سترہ افراد لاپتہ
[/pullquote]

چین کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق آج ہفتے کی صبح کھلے سمندر میں چینی مچھیروں کی ایک کشتی اور ایک مال بردار بحری جہازکے درمیان ہونے والی ٹکر کے بعد کم از کم سترہ مچھیرے لاپتہ ہیں۔ مچھلیاں پکڑنے والی کشتی پر انیس افراد سوار تھے۔ دو افراد کو مچھیروں کی دوسری کشتیوں میں سوار افراد نے بچا لیا۔ باقی 17 افراد کی تلاش جاری ہے۔ بحیرہ مشرقی چین میں ہونے والے حادثے میں اس مال بردار غیر ملکی بحری جہاز کے بارے میں کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی جو مچھیروں کی کشتی سے ٹکرایا تھا۔

[pullquote]ہانگ کانگ جانے والی پرواز کو اچانک موسمی خرابی کا سامنا، سترہ مسافر زخمی
[/pullquote]

انڈونیشیا کے جزیرے بورنیو کی فضا میں ہانگ کانگ ایئر لائنز کے ایک مسافر بردار طیارے کو اچانک شدید موسم کا سامنا کرنا پڑا۔ اِس پرواز میں 204 مسافر اور عملے کے بارہ اراکین سوار تھے۔ دورانِ پرواز بیرونی فضائی دباؤ میں اچانک تبدیلی کی زد میں آ جانے والی اس ایئر بس کے سترہ مسافر زخمی ہو گئے۔ ان میں سے بارہ کو لینڈنگ کے بعد ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ بالی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے جنرل مینیجر کے مطابق یہ ہوائی جہاز بالی سے روانہ ہوا تھا اور بورنیو جزیرے کے اوپر اُسے اچانک خراب موسی حالات کا سامنا کرنا پڑا۔ پائلٹ ہوائی جہاز کو کامیابی سے واپس بالی ایئر پورٹ پر اتارنے میں کامیاب رہا۔

[pullquote]بوسنیا کے سرب علاقے کی تاریخی مسجد تعمیر نو کے بعد کھول دی گئی
[/pullquote]

بوسنیا کے سرب علاقے کے مرکزی شہر بانیا لوُکا میں جنگی حالات میں تباہ ہو جانے والی مسجد کو ازسرِ نو تعمیر کے بعد آج کھول دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں منعقد کی گئی ایک تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایک ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی کی ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔ اِس خصوصی تقریب میں ترکی اور بوسنیا کے وزرائے اعظم نے بھی شرکت کی۔ فرحاد پاشا مسجد کو سن 1993 میں تباہ ہو گئی تھی۔ یہ مسجد سولہویں صدی کے عثمانی دور کی یادگار قرار دی جاتی ہے۔

[pullquote]بھارتی زیر انتظام کشمیر میں تین عسکریت پسند ہلاک
[/pullquote]

بھارتی حکام کے مطابق تین عسکریت پسندوں کو سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہونے والی جھڑپ میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔ یہ جھڑپ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پلوامہ میں ہوئی۔ پولیس حکام کے مطابق ان تینوں جنگجووں کا تعلق حزب المجاہدین نامی تنظیم سے تھا جبکہ وہ مقامی کشمیری تھے۔ ان کی ہلاکت کے بعد علاقے میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ پلوامہ میں مقامی نوجوانوں نے سکیورٹی فورسز پر پتھراؤ کیا اور اُن کو منتشر کرنے کے لیے جواباً آنسو گیس کے شیل برسائے گئے۔ پلوامہ کا ضلع سری نگر سے پچاس کلومیٹر کی دور پر جنوب میں واقع ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا میں حکمران ورکرز پارٹی کی کانگریس کا دوسرا دن
[/pullquote]

کمیونسٹ ملک شمالی کوریا کی حکمران جماعت ورکرز پارٹی اپنی کانگریس میں ملکی لیڈر کم جونگ اُن کو سب سے بڑے اعزاز سے نوازے گی۔ یہ اعزاز پارٹی کا طاقتور منصب سیکرٹری جنرل کا ہے۔ اِس سے قبل کم جونگ اُن کے والد اور دادا بھی ورکرز پارٹی کے سیکرٹری جنرل رہ چکے ہیں۔ کم جونگ اُن پارٹی کے سربراہ ہیں لیکن اُن کا عہدہ فرسٹ سیکرٹری کا ہے۔ اُنہوں نے ورکرز پارٹی کی کانگریس کا افتتاح کل چھ مئی کو کیا تھا۔ شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ہفتے کے دن پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے معمولات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ سینٹرل آڈٹ کمیشن کا اجلاس بھی ہو گا۔

[pullquote]افغانستان: بم پھٹنے سے چار بچوں کی ہلاکت
[/pullquote]

جنوبی افغان صوبے زابل میں کل جمعہ کی شام سڑک کنارے نصب شدہ بم پھٹنے کی وجہ سے چار کم سن بچے ہلاک ہو گئے۔ زابل صوبے کے ایک ضلعی انتظامی افسر وزیر محمد جوادی کے مطابق ہلاک ہونے والے چاروں بچے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ دوسری جانب کابل انتظامیہ کے مطابق کنڑ صوبے میں باغیوں کے ایک حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ کنڑ صوبے کی پولیس کے سربراہ جنرل عبدالحبیب سیدخیلی نے اِس حملے میں چھبیس عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ سیدخیلی نے اِس حملے میں ایک پولیس افسر کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔

[pullquote]نیپال اور بھارت میں تناؤ، نیپالی صدر کا دورہ منسوخ
[/pullquote]

نیپال کی حکومت نے ملک کے ماؤنواز سیاسی پارٹی کی حمایت کرنے پر نئی دہلی سے اپنا سفیر واپس طلب کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ پرسوں پیر سے نیپال کی خاتون صدر بندیا دیوی بھنڈاری کے بھارت کے پہلے دورے کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ نئی دہلی اور کھٹمنڈو حکومتوں کے درمیان تازہ کشیدگی کی وجہ ماو نواز سیاسی پارٹی کی طرف سے موجودہ مخلوط حکومت کی حمایت ختم کرنے کا اعلان تصور کیا جا رہا ہے۔ سیاسی و سفارتی حلقوں کے مطابق اِس سیاسی پیشرفت کو بھارت کی حمایت حاصل ہے۔ نئی دہلی میں نیپالی سفیر کو بھی اِسی بنیاد پر واپس طلب کیا گیا ہے کیونکہ وہ بھی اپوزیشن کی حمایت میں تھے۔

[pullquote]نوبل انعام یافتگان کے سہ رکنی وفد نے شمالی کوریا کا دورہ مکمل کر لیا
[/pullquote]

شمالی کوریا کا ایک ہفتے کا دورہ مکمل کر کے تین نوبل انعام یافتگان آج واپس بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔ اِس وفد میں طب میں نوبل انعام حاصل کرنے والے رچرڈ رابرٹس، اکنامکس کا پرائز حاصل کرنے والے فِن کِیڈ لینڈ اور کیمسٹری کے وِنر اہرون چیحانہور شامل ہیں۔ یہ وفد انتیس اپریل کو شمالی کوریا کے لیے روانہ ہوا تھا۔ چینی دارالحکومت پہنچنے پر وفد نے بتایا کہ شمالی کوریا میں قیام کے دوران انہوں نے اساتذہ اور طلبا کے ساتھ ملاقاتوں کے علاوہ کئی یونیورسٹیوں اور ریسرچ اداروں کا دورہ بھی کیا۔ اس دوران انہوں نے مختلف موضوعات پر لیکچر بھی دیے۔ وفد کی شمالی کوریا کی اعلیٰ ترین قیادت سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

[pullquote]شوبز
[/pullquote]

[pullquote]مداح کو مکا: اکشے کا اپنے گارڈ کا دفاع؟
[/pullquote]

ممبئی: بولی وڈ کے ایکشن اداکار اکشے کمار کا کہنا ہے کہ ان کے باڈی گارڈ کی جانب سے ایک مداح کو مکا مارے جانے کا واقعہ پیش نہیں آنا چاہیے تھا، ساتھ ہی انھوں نے مستقبل میں اس طرح کے واقعات رونما نہ ہونے کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا ہر ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں ممبئی ایئرپورٹ پر اکشے کے محافظ کو ان کے ایک فین کو مکا مارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جو اداکار کے ساتھ سیلفی لینا چاہتا تھا۔
ہندستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اپنی آنے والی فلم ‘ہاؤس فل 3’ کے گانے کی لانچنگ تقریب کے موقع پر اکشے کا کہنا تھا، ‘اگرچہ یہ واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا، لیکن کبھی کبھار کچھ مواقعوں پر محافظوں کو فنکاروں کی حفاظت کرنی پڑتی ہے، ‘کسی پر ہاتھ اٹھانا غلط ہے، میں مانتا ہوں، لیکن 2، 3 سال قبل میں کچھ لوگوں کے ساتھ مصافحہ کر رہا تھا کہ اچانک میں نے دیکھا میرے ہاتھ سے خون نکل رہا ہے۔’
اکشے کے مطابق، ‘اُس وقت مجھے احساس ہوا کہ کسی نے اپنی انگلیوں اور ناخنوں کے درمیان بلیڈ پکڑ رکھا تھا، لہذا ہاتھ ملاتے ہوئے میرے ہاتھ پر کٹ لگ گیا، اب یہ پاگل پن ہے، حماقت ہے یا ‘فین پنا’ لیکن آپ کو ان چیزوں کا بھی خیال رکھنا پڑتا ہے’۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فنکاروں کو اس طرح کی صورتحال کا بھی خیال رکھنا چاہیے، ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ محافظ اسی طرح کی صورتحال کو ہینڈل کرنے کے لیے ہوتے ہیں۔ ‘میرے محافظ نے جو کیا وہ غلط تھا، میں نے اس کی معافی بھی مانگی، لیکن کبھی کبھار آپ کو ان چیزوں کا بھی خیال رکھنا چاہیے کیونکہ فنکاروں کو اندازہ نہیں ہوتا کہ وہ زخمی بھی ہوسکتے ہیں’۔
اکشے نے مزید کہا، ‘میں نے کئی مرتبہ دیکھا ہے کہ کئی فنکاراؤں کے ساتھ بھی اس طرح کی غلط چیزیں ہوئی ہیں، یہ (محافظ) ان ہی چیزوں سے حفاظت کے لیے ہوتے ہیں۔ کسی پر ہاتھ اٹھانا غلط ہے اور میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ آئندہ ایسا کچھ نہ ہو’۔

[pullquote]’ٹام اینڈ جیری’ پر تشدد پھیلانے کا الزام
[/pullquote]

‘ٹام اینڈ جیری’ نہ صرف بچے بلکہ بڑے بھی نہایت شوق سے دیکھتے ہیں—۔
قاہرہ: مصر کے ایک حکومتی عہدیدار نے اینی میٹڈ کارٹون سیریز ‘ٹام اینڈ جیری’ کو مبینہ طور پر تشدد کا کلچر پروان چڑھانے کا ذمہ دار قرار دے دیا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق مصر کی سرکاری انفارمیشن سروس کے سربراہ صالح عبد الصدیق نے یہ الزام رواں ہفتے قاہرہ میں منعقدہ ایک فورم کے دوران عائد کیا۔
ویڈیو گیمز اور کارٹونز کے ذریعے معاشرے میں تشدد کے فروغ پر بحث کے لیے منعقد کیے گئے فورم کے دوران عبدالصدیق نے شرکاء کو بتایا کہ بچے ٹام بلی اور جیری چوہے کو ایک دوسرے کو ‘دھماکا خیز مواد سے اڑاتے’ ہوئے دیکھتے ہیں اور ‘وہ اسے ایک نارمل چیز سمجھتے ہیں’۔
عبدالصدیق کے یہ ریمارکس مصر کی سیاسی صورتحال کی عکاس کرتے ہیں، جو اندرونی شورش کا شکار ہے۔ مصر میں مظاہرین کے خلاف سخت سیکیورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ ہزاروں سیاسی مخالفین کو قید بھی کیا جاچکا ہے۔
دوسری جانب ‘ٹام اینڈ جیری’ ایک ایسی کارٹون سیریز ہے، جسے دیکھ کر نہ صرف بچے بلکہ بڑے بھی محظوظ ہوتے ہیں۔
ٹام اینڈ جیری کی پہلی قسط 1940ء میں نشر کی گئی تھی، جس کا نام ‘پلس گیٹس دا بوٹ’ (Puss Gets The Boot) تھا، یہ کارٹون سریز ایک پالتو بلی ‘ٹام’ اور چوہے ‘جیری’ کے گرد گھومتی ہے، جس میں دونوں ایک دوسرے کو تنگ کرنے کے بہانے ڈھونڈتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے