پاکستان اور دنیا بھر سے آج کی اہم ترین خبروں پر مشتمل پہلا آن لائن بلیٹن

[pullquote]

پاکستان سمیت دنیا بھرمیں آج ماؤں کا دن منایا جارہا ہے

[/pullquote]ماں صبراورخلوص کی ایک روشن مثال ہے ماں وہ ہستی ہے کہ جس کے لیے لفظوں کا ذخیرہ موجود نہیں کہ جس سے اس کی تعریف کی جا سکے، دنیا بھر میں ماؤں کی محبت کے اظہار میں منایا جا نے والا دن ایک موقع فراہم کرتا ہے کہ ماں سے بھر پور محبت کا اظہار کیا جائے۔ ماں ایک ایسا رشتہ ایک ایسا تعلق جس سے محبت کسی دن کی محتاج نہیں دنیا کے ہر معاشرے میں اس عظیم ہستی کا احترام کیا جاتا ہے اسی محبت اور عقیدت کے اظہار اور ماں کی عظمت کو یاد گار بنانے کے لیے دنیا بھر میں عام طور پر مئی کے دوسرے اتوار کو ماؤں کا عالمی دن یعنی مدرزڈے منایا جاتا ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھرمیں ماؤں کاعالمی دن مناجارہا ہے۔ اس دن کے حوالے سے ملک کے بڑے شہروں کراچی، لاہور اوراسلام آبادمیں مختلف ثقافتی پروگرامزپیش کیے جارہے ہیں جبکہ کئی پاکستان اوربھارتی گلوکاروں نے مدرزڈے کے اس عالمی ن پرخصوصی گیت نشر بھی کئے۔
زمانہ قدیم میں یونانی اور رومن اپنے دیوتاؤں ’’ریا‘‘ اور ’’سائبیل‘‘ کو ماں کا درجہ دے کر ان کا دن مناتے تھے لیکن اس دن کا باقاعدہ آغاز امریکا سے ہوا جہاں 1908 میں مشہور سماجی شخصیت این ریوس جاروس کے انتقال کے بعد اس کی بیٹی اینا جاروس نے اپنی ماں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے گرافٹن کے میتھو ڈسٹ چرچ میں دنیا کا پہلا باقاعدہ مدر ڈے منایا جس کے بعد میں پوری دنیا میں ایک نئی روایت کا جنم ہوا۔
میتھو ڈسٹ چرچ میں مدرڈے منانے کے بعد اینا نے کوشش کی کہ اس دن کو قومی سطح پر منایا جائے اور بالآخر وہ 1914 میں اپنے مقصد میں کامیابی ہو گئی اور اس وقت کے امریکی صدر ووڈ را ولسن نے ہرسال مئی کے دوسرے اتوار کو ماؤں کے نام کرنے کا اعلان کردیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس دن کو امریکا میں قومی دن بنانے کے لیے انتھک کوشش کرنے والی خاتون اینا جاروس نے پوری زندگی شادی ہی نہیں کی تھی اس لیے وہ ماں ہی نہیں بن سکی جب کہ انہوں اپنی پوری زندگی دنیا میں امن کے قیام کی کوششوں میں لگادی۔
برطانیہ اور یونان میں ماؤں کی عظمت کی یاددہانی کے لیے ابتدا میں مدرنگ سنڈے منایا جاتا تھا جس روز لوگ اپنے علاقے کے سب سے بڑے چرچ جسے مدر چرچ کہا جاتا تھا وہاں جمع ہوجاتے اور خصوصی سروسز کا اہتمام کرتے تاہم برطانیہ میں اب بھی یہ دن کچھ اسی انداز میں منایا جا تا ہے لیکن اب جدید دور میں بچوں نے اپنی ماؤں سے محبت کے اظہار کے لیے دلکش اور خوبصورت کارڈز بنا کر اس دن کو اور بھی یادگار بنادیا ہے۔
کچھ معاشروں میں اس دن کو مختلف ناموں سے منایا جاتا ہے جیسے کیتھولک ممالک میں اسے ورجین میری ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔ بولیویا میں جس جنگ میں خواتین نے اہم کردار ادا کیاتھا اسی دن کو مدر ڈے کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ سابق کیمونسٹ ممالک میں مدر ڈے کی بجائے انٹرنیشنل وومن ڈے منایا جاتا ہے اور اب بھی روس میں اسی دن کو مدر ڈے کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے تاہم یوکرائن اور کرغزستان میں وومن ڈے کے ساتھ ساتھ اب مدر ڈے بھی منایا جانے لگا ہے۔
دنیا کے مختلف مذاہب میں اہمیت: رومن کیتھولک چرچ میں مدر ڈے کو ورجن میری سے منسلک کیا جاتا ہے اور اس روز لوگ گھروں پر خصوصی سروسز کا اہتمام کرتےہیں ۔ بھارت اور نیپال میں اس دن کو ماتا ترتھا آونشی کے نام سے بیساکھی کے ماہ میں نئے چاند کے دن منایا جاتا ہے جو عام طور پر اپریل یا مئی میں آتا ہے۔

عرب ممالک میں مدرڈے عام طور پر 21 مارچ کو موسم بہار کے پہلے دن منایا جاتا ہے۔ مصر میں اس دن کی ابتدا تو 1943 میں ہوگئی تھی تاہم اسے باقاعدہ حکومتی سطح پر 21 مارچ 1956 کو منایا گیا اور اسی روایت کو پوری عرب دنیا میں اسی دن منایا جاتا ہے۔ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی مدر ڈے منایا جاتا ہے تاہم ہر ملک اپنی روایات اور ثقافت کے مطابق اسے مختلف تاریخوں پر مناتے ہیں لیکن اہم بات یہ ہے کہ یہ دن ہر معاشرے میں اپنا وجود رکھتا ہے جو ماں سے محبت اور اس کی عظمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
[pullquote]

ٹی او آرز کے معاملے پرکوئی ڈکٹیشن قبول نہیں کی جائے گی:وزیراعظم

[/pullquote]لاہور:وزیراعظم نواز شریف نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے بنائے گئے کمیشن کے حوالے سے ٹی او آرز پرکوئی ڈکٹیشن قبول نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم نوازشریف سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جاتی امراء میں ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورت حال کے علاوہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے ٹی او آرز کے معاملے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں وزیراعظم نے واضح کیا کہ ٹی اوآرزکے معاملے پرکسی قسم کی ڈکٹیشن قبول نہیں کی جائے گی۔ میں نے خود کواحتساب کے لئے پیش کردیا ہے، اگراپوزیشن پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے سنجیدہ ہے تو حکومت سے مذاکرات کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دے۔

واضح رہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے ٹی او آرز اپوزیشن جماعتوں نے مسترد کر دیئے تھے جب کہ اپوزیشن جماعتوں نے جو ٹی او آرز پیش کئے تھے حکومت نے انھیں بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔
[pullquote]

یوسف رضا گیلانی سے استعفے کا مطالبہ کرنے والے نوازشریف اب خود استعفیٰ دیں:راجا پرویزاشرف

[/pullquote]سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ جب یوسف رضا گیلانی پر الزامات لگے تو نوازشریف نے ان سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا لہذا انہیں چاہیے کہ اب خود اپنے مشوروں پر عمل کرتے ہوئے استعفیٰ دیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کا اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ معلوم نہیں حکومت ای سی ایل میں نام ڈال کر کیا پیغام دینا چاہتی ہے لیکن یہ ضرور ہے کہ سیاسی لوگوں کو نت نئے ہتھکنڈوں سے پریشان کیاجارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے دشمن کو جعلی میڈیکل کی بنیاد پر باہر جانے دیا گیا۔

راجا پرویز اشرف نے کہا کہ جب سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پرالزامات لگے تو نواز شریف کہتے تھے تحقیقات تک وہ مستعفی ہو جائیںٕ لہذا آج نواز شریف کو اپنے مشوروں پرخود بھی عمل کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتیں وزیراعظم سے مستعفی ہونے کے معاملے پر متفق ہیں اور پیپلزپارٹی میں بھی اس حوالے سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے راجا پرویزاشرف اوریوسف رضا گیلانی کے نام ای سی ایل میں ڈال رکھے ہیں، یوسف رضاگیلانی پر ٹڈاپ اسکینڈل کیس میں مقدمہ چل رہا ہے جب کہ نیب نے رینٹل پاور کیس میں راجا پرویز اشرف کے خلاف ریفرنس دائر کررکھا ہے۔
[pullquote]

کراچی کے علاقے لیاری میں دستی بم حملہ، 14 افراد زخمی

[/pullquote]لیاری میں دستی بم حملے میں 2 بچوں اور خاتون سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے۔

کراچی میں لیاری کے علاقے سنگولین میں ایک ہوٹل کے قریب دستی بم حملے میں 2 بچوں اور خاتون سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے۔ ایس پی لیاری آفتاب نظامانی کا کہنا ہے کہ سنگولین میں کریکر حملہ لیاری گینگ وار کے گرفتار سرغنہ عزیر بلوچ کے گھر کے عقب میں ہوا، 2 ملزمان کریکر لے کر بیٹھے تھے جو ان کے ہاتھ میں ہی پھٹ گیا، دونوں ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔

ریسکیو اہلکاروں نے دستی بم حملے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا جہاں طبی عملے کے مطابق زیادہ تر زخمیوں کو سر اور سینے میں چوٹیں آئی ہیں جن میں سے 2 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
[pullquote]

سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی نے کرپشن کا اعتراف کرلیا

[/pullquote]اربوں روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتار سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق حسین رئیسائی نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔

بلوچستان میں میگا کرپشن کےالزام میں معطل اور گرفتار سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی نے اپنی بددیانتی اور کرپشن کااعتراف کرلیاہے۔ نیب ذرائع کے مطابق مشتاق رئیسانی نے دوران تفتیش کرپشن میں معاونت کرنے والے چند سیاستدانوں اور بیورو کریٹس کے نام بھی بتائے ہیں جن پر ہاتھ ڈالنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
نیب حکام کے مطابق سابق سیکرٹری خزانہ سے کی جانے والی تحقیقات کے بعد بولان اور مچھ میں لوکل گورنمنٹ کے تحت خرچ ہونے والے فنڈز کا ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

دوسری جانب مشتاق رئیسانی کی گرفتاری کے بعد سیکرٹری داخلہ بلوچستان اکبر حسین درانی کو محکمہ خزانہ کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کرپشن کی روک تھام کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ نیب نے 3 روز قبل ڈیڑھ ارب روپے کی کرپشن کے الزام میں سیکرٹری خزانہ مشاق رئیسانی کے گھر پر چھاپہ مار کر 75 کروڑ روپے کی ملکی اور غیرملکی کرنسی اور 4 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا برآمد کیا تھا۔ گزشتہ روز نیب نے عدالت سے مشتاق رئیسانی کا 14 روزہ ریمانڈ حاصل کیا تھا جس کے بعد کرپشن کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔

سابق سیکرٹری خزانہ کی میگا کرپشن منظر عام پر آنے کے بعد گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی میں گرما گرم بحث کی گئی، اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے الزام لگایا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران 40 ارب روپے کی کرپشن کی گئی، انھوں نے گزشتہ کابینہ کے تمام وزراء سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا جب کہ سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نے خود کو احتساب کے لئے پیش کرنے کا اعلان کردیا۔
[pullquote]

سماجی کارکن خرم ذکی کے قتل کا مقدمہ سرسید تھانے میں درج کر لیا گیا

[/pullquote]کراچی میں سول سوسائٹی کے رہنما خرم ذکی کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سماجی کارکن خرم ذکی کے قتل کا مقدمہ سرسید تھانے میں نامعلوم افراد درج کر لیا گیا ہے ۔ خرم ذکی کو گزشتہ روز کراچی میں قتل کر دیا گیا تھا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمہ نمبر 126/16سرسید تھانے میں درج کر لیا گیا ہے ۔مقدمے میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں ۔

خرم ذکی کو گزشتہ روز نامعلوم افراد نے اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا جب وہ نارتھ کراچی کے سیکٹر گیارہ B میں اپنے دوست کے ہمرا ہ چائے کیفے پر بیٹھے تھے۔ فائرنگ کے بعد دونوں افراد کو آغا خان ہسپتال منتقل کیا گیا مگر خرم ذکی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔

مقتول خرم ذکی کی بیٹی نے وزیر اعلیٰ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انکے والد اپنے مقصد میں کامیاب ہو گئے ہیں ، اگر قاتل سمجھتے ہیں کہ وہ کامیاب ہو گئے تو وہ غلط ہیں ۔

دوسری جانب مظاہرین خرم ذکی کی میت گورنر ہاﺅس کے قریب پہنچ گئے ہیں اور پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر کے وزیر اعلیٰ ہاﺅس جانے والے راستے بند کردیے ہیں ۔

 

 
[pullquote]

تھر میں ایک مہینے میں 180 مور ہلاک

[/pullquote] 

تھر میں خشک سالی کی وجہ سے ددو دن میں مزید 20 مور ہلاک ہوگئے جس سے پچھلے ایک مہینے میں مرنے والے موروں کی تعداد بڑھ کر 180 ہوگئی۔مقامی افراد نے بتایا کہ شدید گرمی اور پانی کی کمی کی وجہ سے موروں میں ایک مہینہ قبل رانی کھیت کی بیماری پھیلی اور اس بیماری سے گذشتہ سال بھی سیکڑوں مور مر چکے ہیں۔مقامی افراد کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان شاندار پرندوں کی بچانے اور ویکسینشن کیلئے فوری طور پر کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔
وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے موروں کے بچائو اور تحفظ کیلئے جانوروں کے معالج کی ٹیموں کو فوری بھیجنے کا حکم دیا ۔وزیرِاعلیٰ کے ترجمان نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ قائم علی شاہ نے جانوروں کے ڈاکٹروں کو فوری طور پر تھر روانہ کیا ہے اور حکام کو کہا ہے کہ رپورٹ بنا کر وزیرِ اعلیٰ کو پیش کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر تھرپارکر ڈاکٹر شہزاد تھہیم کہتے ہیں کہ انہوں نے موروں کی ویکسینیشن کا آغاز کروا دیا ہے جبکہ موروں کے ساتھ مویشیوں اور بچوں کی ویکسینیشن بھی تھر میں ہنگامی بنیاد پر کی جارہی ہیں۔تھر کے ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف اینڈ گیم کے افسر اشفاق احمد میمن نے بتایا کہ یہ ہمارے ادارے کے لیے تقریباً ناممکن ہے کہ ہم ایک لاکھ سے زائد پرندوں کو ویکسینیٹ کریں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ پرندے گرمی اور تھر میں خشک سالی کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں.

 
[pullquote]

افغانستان میں آئل ٹیکر دو بسوں سے ٹکرا گیا، 73 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی

[/pullquote]افغان صوبے غزنی میں آئل ٹینکر اور 2 بسوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 73 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صوبے غزنی میں مرکزی شاہراہ پر آئل سے بھرا ٹینکر 2 مسافر بسوں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 73 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہو گئے۔ حکام کا کہنا تھا کہ ٹینکر آئل سے بھرا ہوا تھا اورتصادم کے ساتھ ہی اس میں آگ لگ گئی جس نے دونوں بسوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اوردیکھتے ہی دیکھتے تینوں گاڑیاں مکمل طور پر جل کر راکھ ہوگئیں۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو غزنی کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

جرمنی کی ایک عدالت نے ایک مسلم لڑکی کے منہ بولے مسیحی والدین کو اپنی مرضی کے مطابق اس بچی کا مذہب تبدیل کرنے سے منع کر دیا اور حکم دیا کہ لے پالک بچی کے مذہب کے تعین کے لیے اس کے سگے والدین کی خواہش فیصلہ کن ہونی چاہیے۔
[pullquote]

عدالت نے لے پالک مسلم بیٹی کے مذہب کی تبدیلی روک دی

[/pullquote]جرمنی کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر ہَمّ (Hamm) سے ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق عدالت نے اس مقدمے میں حکم سنایا کہ بات اگر کسی لے پالک بچے کے مذہب کی تبدیلی یا تعین کی ہو، تو اس کے لیے منہ بولے والدین کی خواہش ہی واحد اہم رائے نہیں ہو گی بلکہ فیصلہ کن بات یہ ہو گی کہ ایسے کسی بچے کے حقیقی والدین کیا چاہتے ہیں؟

ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ Hamm کی ایک اعلیٰ صوبائی عدالت نے اپنے اس فیصلے کی تفصیلات جمعہ چھ مئی کو جاری کیں۔ یہ مقدمہ ایک مسلمان لڑکی کو گود لینے والے والدین اور اس بچی کی سگی ماں کے درمیان تھا۔

بچی کو گود لینے والے منہ بولے والدین کیتھولک عقیدے کے حامل مسیحی شہری ہیں جبکہ اس کے سگے والدین مسلمان ہیں۔ فریقین کے مابین تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب منہ بولے والدین اس بچی کا مذہب تبدیل کروا کے اس کی تربیت ایک کرسچن کے طور پر کرنا چاہتے تھے اور ان کا ارادہ تھا کہ لڑکی کو مسیحی عقیدے کے مطابق بپتسمہ بھی دلایا جائے۔

دوسری طرف بچی کی سگی والدہ نے خود کو حاصل اپنی اس اولاد کی پرورش کا قانونی حق ترک کر دینے سے پہلے ہی یہ فیصلہ کیا تھا کہ اس کی بیٹی کی پرورش مسلم عقیدے کے مطابق کی جائے۔ عدالت نے مذہبی نوعیت کے اس قانونی تنازعے میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ کسی خاندان میں بچوں کی مذہبی پرورش کس طرح کی جانی چاہیے، یہ جملہ معاملات متعلقہ قانونی ضوابط میں پہلے سے طے ہیں۔

ان میں یہ بات بھی شامل ہے کہ منہ بولے والدین گود لیے جانے والے کسی بچے یا بچی کا مذہب اس کے حقیقی والدین کی مرضی کے برعکس تبدیل نہیں کروا سکتے۔ عدالت نے کہا، ’’اس مقدمے میں بچی کو گود لینے والے والدین کو بچی کو جنم دینے والی ماں کی خواہش کا احترام کرنا ہو گا۔‘‘

اسی لیے اس صوبائی عدالت نے کچھ عرصے پہلے ایک ذیلی عدالت کی طرف سے دیا جانے والا وہ اجازت نامہ بھی منسوخ کر دیا، جس کے تحت منہ بولے والدین کو یہ حق دیا گیا تھا کہ وہ اپنی گود لی گئی بیٹی کا مذیب تبدیل کرا کر اسی کی تربیت مسلمان کی بجائے کرسچن کے طور پر کر سکتے تھے۔
[pullquote]

شاہد آفریدی نے فٹنس ٹیسٹ میں شرکت سے معذرت کرلی

[/pullquote]سابق ٹی ٹوینٹی کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ گھٹنے میں تکلیف کے باعث کوئی رسک نہیں لے سکتا اپنی عدم دستیابی سے متعلق پی سی بی کو آگاہ کردیا ہے۔

لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ آج سے شروع ہوگئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ کی تیاری کےلئے 13 مئی سے شروع ہونے والے تربیتی کیمپ میں شاہد آفریدی ، احمد شہزاد اور عمر اکمل کو شامل نہیں کیا تھا لیکن گزشتہ روز پی سی بی نے فٹنس ٹیسٹ میں تینوں کھلاڑیوں کو طلب کرلیا تھا۔ تاہم شاہد آفریدی نے فٹنس ٹیسٹ میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔

سابق ٹی ٹوینٹی کپتان شاہدآفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں نے پی سی بی کو اپنی عدم دستیابی سے متعلق آگاہ کردیا ہے، گھٹنےمیں تکلیف کےباعث میں فٹنس ٹیسٹ دینےکےقابل نہیں اس لئے کوئی رسک نہیں لے سکتا۔ فی الحال ہیمشائر کاؤنٹی کی جانب سے ٹی ٹوینٹی میچز کےلئے فٹنس کی بحالی میں کوشاں ہوں اور کاؤنٹی کرکٹ میں فٹنس کی بحالی کے بعد جیسے ہی ٹیسٹ دینے کے قابل ہوا توآفیشل ٹیسٹ کے لئے بورڈ کے سامنے پیش ہوجاؤں گا۔

اس سے پہلے پی سی بی نےشاہدآفریدی کےفٹنس ٹیسٹ دینے سے متعلق پریس ریلیزجاری کی تھی۔ پی سی بی حکام کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی 10 مئی کے بعد فٹنس ٹیسٹ دیں گے لیکن شاہد آفریدی کے ٹویٹر پیغام کے بعد اب پی سی بی کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے اپنی عدم دستیابی سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔

دوسری جانب قومی ٹیسٹ کپتان مصباح الحق عمرے کی ادائیگی کے باعث فٹنس ٹیسٹ کےلئے شریک نہیں ہوسکے جبکہ عماد وسیم اور محمد حفیظ بھی ان فٹ ہیں۔

واضح رہے کہ پی سی بی کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے لئے فٹنس برقرار رکھنا لازمی ہے۔ تیرہ مئی تک جاری فٹنس ٹیسٹ ڈیٹا کا گذشتہ ریکارڈ سے موازنہ کیا جائے گا۔ جن کھلاڑیوں کی فٹنس کا معیار گرا ہوگا ان پر جرمانے عائد کئے جائیں گے اور فٹنس بہتر بنانے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
[pullquote]

عامر خان کو میکسیکن باکسرکنیلو الواریز کے ہاتھوں ناک آؤٹ شکست

[/pullquote]میکسیکن باکسر کانیلو الواریز نے پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان کو ڈبلیو بی سی مڈل ویٹ ٹائٹل کے میچ میں ناک آؤٹ شکست دے دی۔

امریکی شہرلاس ویگاس کے باکسنگ ارینا میں ہونے والے مقابلے میں کانیلو الواریز نے پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان کو ڈبلیو بی سی مڈل ویٹ کے چھٹے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر کے ٹائٹل اپنے نام کر دیا۔ چھٹے راؤنڈ میں کانیلوالواریز نے جب ایک زوردار مکہ مار کر عامرخان کو رنگ میں گرا دیا اور ریفری نے مقابلہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے میکسیکن باکسر کو کامیاب قرار دے دیا۔

شکست کے بعد عامر خان کا کہنا تھا کہ چیمپین بننے کا عزم لے کر رنگ میں اترا تھا لیکن قسمت نے ساتھ نہ دیا۔ الواریز نے بہت زبردست مقابلہ لڑا اور جیت گیا۔ دوسری جانب کانیلو الواریز کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہوتی ہے کہ اپنے حریف باکسر کو مقابلہ ختم ہونے سے پہلے ہی ناک آؤٹ کرکے شائقین کو حیران کردوں اور آج بھی میں نے ایسا ہی کیا۔

واضح رہے کہ کنیلوالواریز نے مجموعی طور پر 47 مقابلوں میں 33 بار حریفوں کو ناک کیا جب کہ کنیلوالواریز کو 47 مقابلوں میں صرف ایک مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
[pullquote]

مکی آرتھر نئے پاکستانی کوچ مقرر

[/pullquote]پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے مکی آرتھر کو قومی کرکٹ ٹیم کا نیا کوچ مقرر کیا ہے۔ وہ پاکستان ٹیم کے پانچویں غیرملکی کوچ ہوں گے۔ مکی آرتھر نے حال ہی میں مستعفی ہونے والے وقار یونس کی جگہ لی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے آج چھ مئی بروز جمعہ لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ مکی آرتھر رواں ماہ کے آخر میں پاکستان ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔ پی سی بی کے ترجمان کے مطابق مکی آرتھر کا انتخاب پی سی بی نے دو سابق کپتانوں وسیم اکرم اور رمیزراجہ کی سفارشات پر کیا ہے۔

رمیز اور وسیم پر مشتمل پینل نے مکی آرتھر کے علاوہ اسٹیورٹ لاء، اینڈی مول اور ڈین جونز کے نام کوچنگ کے لیے پیش کیے تھے تاہم اسٹیورٹ لاء اپنے آبائی ملک آسٹریلیا کی ٹیم کے حال میں بیٹنگ کوچ بننے کے بعد فوری طور پر دستیاب نہیں تھے۔ انگلینڈ کے اینڈی مول اور آسٹریلوی ڈین جونز کے بارے میں پاکستان کے بعض سابق ٹیسٹ کرکٹرز کے تحفظات تھے جس کے بعد پی سی بی نے مکی آرتھر کا انتخاب کیا۔ مقامی کوچز میں سابق پاکستانی کرکٹرز محمد اکرم اور منظورالٰہی بھی امیدوار تھے۔

سینتالیس سالہ مکی آرتھر نے کبھی انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی لیکن انہیں جنوبی افریقہ میں ایک سو دس فرسٹ کلاس میچز کھیلنے کا تجربہ حاصل ہے اور وہ ’لیول فور کوالی فائیڈ کوچ‘ ہیں۔

آرتھر ماضی میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کی کوچنگ کر چکے ہیں۔ وہ رواں برس پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کے کوچ تھے لیکن ٹیم پلے آف میں ہار گئی۔ ان کے دور میں جنوبی افریقہ کی ٹیم دنیا کی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم بنی اور اس نے مسلسل تیرہ ایک روزہ میچ جیت کر آسٹریلیا کا عالمی ریکارڈ برابر کیا۔

تاہم دو ہزارہ گیارہ میں آسٹریلوی ٹیم کا کوچ بن کر وہ متنازعہ بن گئے۔ آرتھر کے شین واٹسن اور دیگر آسٹریلوی کرکٹرز کے ساتھ تنازعات کے بعد انہیں دو ہزار گیارہ کی ایشیز میں برطرف کر دیا گیا تھا۔

جون کے آخری ہفتے میں شروع ہونے والا پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ مکی آرتھر کی پہلی کوچنگ اسائنمنٹ ہوگا۔ وہ رچرڈز پائی بس، باب وولمر، جیف لاسن اور ڈیو واٹمور کے بعد پاکستان ٹیم کے پانچویں غیر ملکی کوچ ہوں گے۔

مکی آرتھر ایک ایسے وقت پر پاکستان ٹیم کی کوچنگ سنبھال رہے ہیں جب ٹیم کی ون ڈے رینکنگ نو ہو چکی ہے اور اسے رواں برس انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مشکل دوروں پر جانا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی حالیہ ناکامیوں کے بعد انضمام الحق کو نیا چیف سلیکٹر اور سرفراز احمد کو ٹی ٹونٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا۔
[pullquote]

سازش کے تحت مخصوص چہروں کو مرکزی کردار دیے جارہے ہیں: میرا

[/pullquote]فلمسٹار میرا نے کہا ہے کہ لابی سسٹم سے باہرنکل کرپاکستان فلم انڈسٹری کی بہتری کے لیے نہ سوچا گیا تو اچھے دن آئیں گے اور نہ ہی مسائل کم ہوں گے۔

میرا کا کہنا تھا کہ شدید بحران اوربھارتی فلموں کی یلغارسے بچنے کے لیے مل کرکام کیا جائے توبہترنتائج ملیں گے، اس وقت ایک خاص لابی برسوں تک فلم انڈسٹری کے ساتھ رہنے والوں کو الگ کرنے میں لگی ہے، اگریہ سلسلہ نہ رکا تواس سے حالات مزید خراب ہونگے۔

اداکارہ میرا نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں میں نمایاں کام کرنے والوں کے درمیان مقابلہ ہوتا ہے اوروہ مقابلہ بہترکام کے ذریعے کیا جاتا ہے، مگریہاں توبہترکام کرنا بہت دورکی بات ہے، کچھ لوگ ایسا گیم پلان تیارکرکے میدان میں اترے ہیں کہ بہت سے باصلاحیت لوگوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہردکھانے کا موقع ہی نہیں مل رہا۔

سوچی سمجھی سازش کے تحت مخصوص چہروں کو مرکزی کرداردیئے جارہے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ لوگ بڑے پردے پروہ مقام حاصل نہیں کرپائے، جوایک فلمی ستارے کوملتا ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ فلمسٹارکا ٹیگ اپنے ساتھ لگانے اوراس کی لاج رکھنے کے لیے ایک فنکارکوسخت امتحان پاس کرنا پڑتے ہیں۔ کہنے کوتوہرکوئی اپنے نام سے پہلے فلمسٹار لگالیتا ہے مگرایک فلمسٹارکی کیا ذمے داریاں ہوتی ہیں اس سے بے خبررہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں نے فلم انڈسٹری میں آنکھ کھولی اورمیرا اوڑھنا بچھونا یہی انڈسٹری ہے۔ میں نے اپنی صلاحیتوں کے بل پریہاں راج کیا اورآج بھی لوگ مجھ سے بے پناہ پیارکرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں میرا نے کہا کہ میری نئی فلم ’’ہوٹل‘‘ آیندہ ہفتے ریلیز ہوگی۔ یہ فلم شائقین کے لیے تحفہ ہے۔ اس فلم میں میری جاندارایکٹنگ دیکھ کرمخالفین بھی حیران ہوجائیں گے اورجولابی جان بوجھ کرمعروف فنکاروں کو فلموں سے دور کرنا چاہتی ہے، یہ فلم ان کے لیے چیلنج ثابت ہوگی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے