صادق خان نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پیشکش مسترد کر دی

برطانیہ کی دارالحکومت لندن کے نو منتخب میئر صادق خان نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اس پیشکش کو مسترد کر دیا ہے کہ امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر ان کی مجوزہ پابندی سے وہ مستثنیٰ ہوں گے۔

٭ صادق خان کو امریکہ آنے کی اجازت ہو گی: ڈونلڈ ٹرمپ

صادق خان نے کہا: ’یہ صرف میری حد تک نہیں ہے۔ یہ میرے دوست، خاندان اور دنیا بھر میں ان سب لوگوں کے بارے میں ہے جو میرے سے ملتے جلتے پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں۔‘

صادق خان نے یہ بھی کہا کہ امریکہ میں رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمند ڈونلڈ ٹرمپ کے اسلام کے بارے میں کم علمی پر مبنی خیالات ’ہم دونوں کے ممالک کو کم محفوظ بنا سکتے ہیں۔‘

اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر ان کی مجوزہ پابندی سے لندن کے نومنتخب میئر مستثنیٰ ہوں گے۔

اپنے عقیدے کے سبب صادق خان نے اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا کہ اگر ٹرمپ امریکہ کے صدر بن جاتے ہیں تو وہ امریکہ نہیں جا سکیں گے۔

گذشتہ سال پیرس میں حملوں کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ تجویز پیش کی تھی کہ مسلمانوں کا امریکہ میں داخلہ بند کر دیا جائے۔ ’ہر چیز میں استثنیٰ ہوتا ہے۔‘

ان کی عارضی پابندی کی وسیع پیمانے پر تنقید ہوئي تھی لیکن ٹرمپ اپنی تجویز پر قائم ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ یہ امریکہ کی سکیورٹی کے لیے ضروری ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا: ’میں خوش ہیں کہ صادق خان لندن کی سربراہی کریں گے۔ اگر وہ اچھا کام کرتے ہیں اور صاف طور پر کہوں کہ اگر وہ بڑا کام کرتے ہیں تو یہ بڑی بات ہوگی۔‘

پاکستان سے ترک وطن کرنے والے کے بیٹے صادق خان لندن کے پہلے مسلمان میئر ہیں۔

لیبر پارٹی کے صادق خان نے زیک گولڈسمتھ کو شکست دی۔ انھیں 13 لاکھ دس ہزار 143 ووٹ ملے جبکہ ان کے مخالف ٹوری پارٹی کے زیک گولڈسمتھ کو نو لاکھ 94 ہزار 614 ووٹ ملے۔

صادق خان نے ٹائم ميگزن سے بات کرتے ہوئے کہا تھا: ’میں امریکہ جانا چاہتا ہوں اور امریکہ کے میئروں سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں لیکن اگر ڈونلڈ ٹرمپ صدر بن جاتے ہیں تو مجھے میرے عقیدے کی وجہ سے وہاں جانے سے روک دیا جائے گا۔‘

انھوں نے کہا: ’مجھے امید ہے ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاست امریکہ پر حاوی نہیں ہوگي۔‘

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے