مصری مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہوا: فرانسیسی صدر

فرانس کے صدر فرانسواں اولاند نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ پیرس اور قاہرہ کے درمیان لاپتہ ہونے والا مصری طیارہ حادثے کا شکار ہوا ہے۔

طیارہ اے 320 بدھ کی رات مشرقی بحیرۂ روم کے اوپر 37000 فٹ کی بلندی پر محوِ پرواز تھا جب اچانک ریڈار سے غائب ہو گیا۔

طیارے میں 56 مسافر، تین سکیورٹی اہلکار اور عملے کے 10 ارکان سوار تھے۔ بتایا گیا ہے کہ مسافروں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

٭ مصر کا طیارہ لاپتہ، مسافروں کے لواحقین پریشان
طیارہ 20 منٹ بعد مصر کے دارالحکومت میں اترنے والا تھا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے یونان کے ایئر ٹریفک کنٹرولرز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پائلٹ نے آخری بار رابطے پر کسی مسئلے کے بارے میں نشاندہی نہیں کی تھی۔

جہاز جب غائب ہوا تو مصر کی فضائی حدود میں 10 میل اندر آ چکا تھا اور اس علاقے میں خراب موسم کے متعلق کوئی اطلاع نہیں ملی۔

ایجپٹ ایئر نے جہاز پر سوار افراد کی شہریت کے بارے میں معلومات فراہم کی ہیں جن کے مطابق ان میں 15 فرانسیسی، 30 مصری، دو عراقی، جبکہ برطانیہ، بیلجیئم ، پرتگال، چاڈ، سوڈان، الجزائر ، کینیڈا، کویت اور سعودی عرب کا ایک ایک باشندہ شامل ہیں۔

مصری حکام کا کہنا ہے کہ وہ آخری بار طیارے کے ریڈار پر دکھائی دیے جانے والے علاقے میں تلاش کے لیے جیٹ طیارے بھیجے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ یونان کے حکام سے بھی اس حوالے سے رابطہ کیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے