عہد سازجناحؒ کی زندگی

محمد علی جناح ایک کرائے کے اپارٹمنٹ کی دوسری منزل پر وزیر مینشن کراچی میں 25 دسمبر ، 1876 کو پیدا ہوئے۔ انکی پیدائش کے وقت جناح کا باقاعدہ نام محمد علی جناح بھائی تھا۔ آپ سے پہلے آپ کے والدین کے سات بڑے بچے تھے۔ جناح اپنی پیدائش کے وقت بہت کمزور تھے اور آپ کا وزن بہت ہی کم تھا۔ لیکن آپ کی والدہ مٹھی بائی کو یقین تھا کہ آج کا یہ نوزائیدہ کمزور بچہ ایک دن کسی عظیم مقصد کو پا لے گا۔ جناح کے والد جناح بھائی پونجا ایک تاجر تھے جو کہ کپاس، اون، غلہ اور دوسری اشیاء ضروری کی تجارت کرتے تھے، جناح کا خاندان خوجہ مسلم تھا۔ جب جناح کی عمر 6 سال کی ہوئی تو انکے والد اُن کو سندھ مدرستہ السلام لے گئے ، جناح اپنے دوستوں کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا بہت شوق رکھتے تھے، اُن کے والد کی خواہش اور اصرار تھا کہ جناح ریاضی کو بہت زیادہ توجہ دیں، تاکہ خاندانی کاروبار سنبھالنے کے اہل ہو سکیں۔ لیکن جناح کو حساب کتاب سے بہت نفرت تھی۔

جب جناح تقریباٗ گیارہ سال کے ہوئے تو انکی ایک آنٹی بمبئی سے آئیں۔ جناح اپنی مذکورہ آنٹی کے بہت قریب تھے۔ آنٹی نے تجویز دی کہ جناح اُن کے ساتھ بمبئی چلیں۔ اُن کا یقین کامل تھا کہ بمبئی چونکہ بڑا شہر ہے اس لئے کراچی کی بجائے بمبئی میں زیادہ بہتر تعلیم حاصل ہو سکتی ہے۔ اگرچہ اُن کی والدہ چاہتی تھیں کہ جناح کراچی میں رہیں لیکن جناح کی آنٹی نے اُن کو بصد اصرار راضی کر لیا کہ اگر آپ چاہتی ہیں کہ جنا ح بڑا آدمی بنے تو یہ قربانی دینی پڑے گی۔ جناح اپنی آنٹی کے ساتھ بمبئی چلے گئے، چونکہ قدرت انکی صلاحیتوں میں نکھار لانا چاہتی تھی اس لئے اسباب بنتے گئے۔ بمبئی میں جناح کو گوکل داس تیج پرائمری سکول میں داخل کروا دیا گیا۔ آپ تقریبا 6 ماہ وہاں پڑھے اسکے بعد دوبارہ کراچی تشریف لے گئے۔

جناح کو گھوڑ سواری کا بہت شوق تھا۔ اب جناح کو کرسچئین مشنری سوسائٹی ہائی سکول میں داخل کروایا گیا۔ اب جناح نے اپنی تعلیم کو فوکس کیا۔ جب جناح ٹین ایجر تھے تو انکے والد کے کاروباری ساتھی سر فریڈرک کرافٹ سے انکی اکثر ملاقات رہتی تھی۔ سر کرافٹ جناح کو بہت پسند کرتے تھے ، سر کرافٹ نے جناح کو لنڈن میں انٹرن شپ کی پیشکش کی۔ جناح اس پیشکش کے لئے بہت پُر جوش تھے، لیکن ان کی والدہ اس حق میں نہیں تھی کہ جناح اُن سے دور جائیں، جب انہوں نے جناح کو بہت زیادہ پُر جوش دیکھا تو کہا میں اس صورت میں آپ کو اجازت دونگی کہ آپ لنڈن جانے سے پہلے شادی کر لیں تاکہ میں آپ کے سر پر سہرے دیکھ سکوں۔ اپنی ماں کے پُر زور اصرار پر کم عُمر جناح جنہوں نے اپنی عُمر عزیز کی صرف 15 بہاریں دیکھیں تھیں، ارینج میرج کے بندھن میں بندھ گئے۔

اس وقت آپکی دلہن کی عمر صرف 14 سال تھی اور انکا نام ایمی بائی تھا۔ یہ شادی 1892میں ہوئی تھی۔ ایمی بائی کے آبائی گاؤں کا نام پانیلی تھا جو انڈیا میں تھا اور جناح سے آپکی شادی انکے آبائی گاؤں میں انجام پائی، شادی کے بعد جناح نے اپنی کلاسسز دوبارہ کرسچئین مشنری سوسائٹی ہائی سکول سے شروع کر دیں ؛ جب تک کہ آپ لنڈن کے لیئے عازم سفر نہیں ہوئے۔ جناح 1893 میں کراچی سے روانہ ہوئے۔ شومئی قسمت آپ کو اپنی والدہ اور بیگم کو دوبارہ دیکھنا نصیب نہیں ہواء۔ ایمی بائی جناح کی لنڈن روانگی کے صرف چند ماہ بعد ہی وفات پا گئیں۔ جبکہ آپ کی والدہ مٹھی بائی آپ کے قیام لنڈن کے دوران ہی انتقال فرما گئیں۔

(جاری ہے)

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے