’پاکستان انگلینڈ کے لیے مشکل حریف‘

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق نے دورہ انگلینڈ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم میزبان کے لیے سری لنکا سے زیادہ مشکل حریف ثابت ہوگی۔

اسد شفیق نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری اسکل کیمپ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘پاکستان کے لیے انگلینڈ کی صورت حال مشکل ہے لیکن اگر پاکستان کا سری لنکا سے موازنہ کیا جائے تو ہم بہتر ٹیم ہیں کیونکہ ہمارے پاس یونس خان اور مصباح الحق کی صورت میں مضبوط بلے باز موجود ہیں’۔

قومی ٹیم کی باؤلنگ کو انگلینڈ کی پچوں کے لیے موزوں قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ‘ ہمارے فاسٹ باؤلر انگلینڈ کی کنڈیشنز کو بہتر طریقے سے استعمال کرتےہوئے ان کے بلےبازوں کے لیے مشکلات کھڑی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں’۔

41 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے بلےباز کا کہنا تھا کہ ‘ہم انگلینڈ اور سری لنکا کےدرمیان ہونے والے میچوں کو دیکھ رہے ہیں اور ان کی غلطیوں کا جائزہ لے رہے تاکہ ہماری تیاری بہتر ہو’۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ انگلینڈ میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے پریشان نہیں ہیں بلکہ ٹیم کی کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔

اسد شفیق نے 41 ٹیسٹ میچوں میں 43.28 کی اوسط سے 2 ہزار 597 رنز بنائے ہیں جبکہ 58 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایبٹ آباد میں منعقدہ کیمپ کے بعد کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر ہوئی جو انگلینڈ میں بہتر کارکردگی کے لیے مفید ہوگی۔

ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے 42 سال کی عمر میں فٹنس کر بہتر رکھنے کو سراہا۔

اسد نے گزشتہ پانچ سالوں سے پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں مستقل جگہ حاصل کرنے کو بڑی کامیابی قرار دیا۔

ون ڈے ٹیم میں ان کو جگہ نہ ملنے پر کہنا تھا کہ میں ایک روزہ ٹیم کا مستقل رکن نہیں ہوں لیکن میں فارمیٹ کے مطابق کھیلنے کو ترجیح دیتا ہوں لیکن چھٹے نمبر پر آخری بلے بازون کے ساتھ کھیلنا آسان نہیں ہوتا تاہم وہ کسی بھی نمبر پر کھیلنے کو تیار ہیں۔

انھوں نے 58 ون ڈے میچوں میں 25.34 کی اوسط سے ایک ہزار 318 رنز بنائے ہیں۔

پاکستان ٹیم کی ٹیسٹ کے برعکس ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں ناقص کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ’انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی ون ڈے کرکٹ پر بھی مثبت اثرات مرتب کرے گی’۔

دوسری جانب ٹیم کے مینجر انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی آمد اور محمد عامر کو انگلینڈ کے ویزے کے حوالے سے ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے۔

انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم 17 جون کو انگلینڈ کے دورے پر روانہ ہوگی جبکہ قذافی اسٹیڈیم میں جاری کیمپ 6 جون کو ختم ہوگا۔

پاکستان ٹیم انگلینڈ کے دورے میں 4 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے