رمضان کے حوالے سے دس اہم باتیں

رمضان کی آمد سے پہلے پہلے یہ 10 کام کرلیں تو آپ کو یہ رمضان مکمل طور پر بدل دے گا ۔

[pullquote]1۔ [/pullquote]اپنی زکوۃ ، صدقہ ، فطرانہ کی رقم اپنے رشتہ داروں میں ، پڑوس میں کسی مستحق بیوہ ، یتیم بچے کو دے دیں ۔

[pullquote]2۔ [/pullquote]جن کے والدین یا پیارے اس دنیا سے جا چکے ہیں ، ان کی روح کی تسکین کے لیے کسی مستحق کو اسکول بیگ یا مہینے بھر کا راشن دے دیں ۔

[pullquote]3۔ [/pullquote]اپنی مساجد ، محلے یا گلی کی سطح پر کمیٹیاں بنائیں اور اپنے اڑوس پڑوس کے بارے میں معلومات حاصل کریں کہ کہیں کسی گھر میں فاقے تو نہیں ۔ مجھے ملتان کا واقعہ نہیں بھولتا جہاں اس سال 12 ربیع الاول کے روز باپ نے اپنے تین بیٹوں ،ایک بیٹی اور خود کو شربت میں زہر دیکر مار دیا ۔ بیٹی نے کہا بابا مجھے بھوک لگی ہے تو اس نے کہا "بیٹی یہ شربت پی لو ، پھر بھوک نہیں لگے گی ۔

[pullquote]4۔ [/pullquote]آج ہی جن سے ناراض ہیں ،ان کو فون کر کے صلح کرلیں ، اس بات کو چھوڑ دیں کہ غلطی پر کون تھا ۔ یہ سوچیں کہ رمضان سے پہلے آپ نے ایک بڑا بوجھ اپنے دماغ سے ختم کر دیا ہے ۔ صلح ہمیشہ بڑے لوگ ہی کر تے ہیں ۔ اس کام کو بغیر سوچے سمجھے کرڈالیں ، اگر سوچ میں پڑ گئے تو رہ جائیں گے ۔

[pullquote]5۔ [/pullquote]آپ کے ارد گرد کئی ہمارے غیر مسلم بھائی بھی رہتے ہیں جو آپ کے احترام میں بھوکے رہتے ہیں ۔ ان کو دفاتر میں موقع دیں کہ وہ کھانا کھا سکیں ۔ بلکہ ان کے لیے جگہیں ہونی چاہییں ۔ اسی طرح بعض مریض ہوتے ہیں ۔ روزہ آپ کا اور خدا کا معاملہ ہے جس نماز آپ کا اور خدا کا معاملہ ہے ۔ نماز پانچ وقت فرض ہے ، آپ نہیں پڑھتے تو کوئی آپ کو کچھ نہیں کہتا ۔ اسی طرح روزہ بھی ہے ۔ آپ کو کسی نے تھانیدار نہیں بنایا کہ آپ روزہ نہ رکھنے والوں کے خلاف لٹھ اٹھا کر باہر نکل آئیں ۔ دو برس قبل کراچی میں ایک بوڑھا چوکیدار جو شوگر کا مریض تھا ، ایک جگہ کونے میں چھپ کر کھانا کھا رہا تھا کہ مذہب کے ٹھیکے دار "مسلمان” اس پر چڑھ دوڑے اور اسے مار مار کر لہولہان کر دیا گیا ۔ اسی طرح آپ کو قطعا یہ حق بھی نہیں پہنچتا کہ آپ کو لوگوں کی چار دیواری کے اندر والی زندگیوں کو موضوع بحث بنائیں ۔ ایک شائستہ اور مہذب معاشرہ قائم کیجئے ۔

[pullquote]6۔ [/pullquote]رمضان میں زیادہ تر لوگ اپنے کاموں کو چھوڑ کر دیگر امور میں مصروف ہو جاتے ہیں ۔ دفتر دیر سے جائیں گے ۔ دفتر میں کام نہیں کریں گے ۔ ہر دوسرے بندے سے کہیں گے کہ میرا روزہ ہے ۔ کبھی کہیں گے کہ مجھے روزہ "لگا ” ہوا ہے ۔ گھر میں چھوٹی چھوٹی باتوں پر لڑائی شروع کر دیں گے ۔ کھانے میں نمک تیز کیا ہوا ، طلاق تک معاملہ چلا جائے گا ۔ دفتر میں ماتحت عملے کی زندگی عذاب بنا دیں گے ۔ کوئی کام کا کہے گا تو کہیں گے کہ میں نماز پڑھ رہا ہوں اور نماز میں گھنٹہ گھنٹہ لگا دیں گے ۔ یاد رکھئے ، اگر آپ ایسا کر رہے ہیں تو یہ روزہ نہیں ہے بلکہ آپ فاقہ کر رہے ہیں ۔ روزے کا مطلب پگھلنا اور تپنا ہے ۔ اس کا اتنا اجر اسی لیے تو ہے کہ آپ کو سب کچھ برداشت کرنا ہوتا ہے ۔ آپ نے روزہ کسی کے لیے نہیں اپنے لیے رکھا ہے ۔ لوگوں پر احسان مت جتلائیے ۔ صبر ، برداشت ، تحمل اور رواداری کا مظاہرہ کیجئے ۔

[pullquote]7۔[/pullquote] جو لوگ سگریٹ ، نسوار ، پان، چھالیہ ، گٹکے کے عادی ہیں ، ان کے بہترین وقت ہے کہ وہ ان اشیاء سے اپنی جان چھڑا لیں ۔ مکمل طور پر توبہ تائب ہو جائیں ۔ ان میں سے کوئی چیز ایسی نہیں جسے دنیا کا کوئی آدمی یہ کہہ دے کہ انسانی صحت کے لئے بہتر ہے ۔ یہ ویسے بھی مکروہات میں شامل ہیں۔ رمضان کا مقصد حصول تقویٰ ہے اور آپ مکروہ کام کر کے کیسے تقویٰ حاصل کر سکتے ہیں ۔ نیت کریں ، دیکھیں اللہ کیسے مدد کرتا ہے ۔ حکومت نے ویسے بھی ان شیاء پر ٹیکس بڑھا دیے ہیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ ، پبلک پارکس ،عوامی مقامات پر سگریٹ پینے پر پابندی ہے ۔ آپ دونوں قسم کے عذاب سے بچ جائیں گے ۔ سگریٹ کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ آپ نہ صرف خود پی رہے ہوتے ہیں بلکہ پینے والے کو بھی ایک طرح سے زبردستی پلا رہے ہوتے ہیں ۔ اس گند سے جان چھڑانے کا یہ بہترین موقع ہے ۔ بسم اللہ کیجئے ۔

[pullquote][/pullquote]رمضان المبارک میں لوگ دن بھر کے بھوکے پیاسے ہوتے ہیں اور افطاری کے وقت گھر پہنچنے کے لیے جلدی کر تے ہیں ۔ کئی بار حادثات کا شکار ہو جاتے ہیں ۔ اس لئے احتیاط بہت لازم ہے ۔ احتیاط کیجئے کیونکہ احتیاط ہی زندگی ہے ۔ اسی طرح گھر پہنچ کر غٹا غٹ پانی ، شربت یا مروجہ کولڈ ڈرنکس پینا شروع کر دیں گے ۔ ڈاکٹرز کے مطابق افطاری کے وقت سے پہلے ایک عدد کھجور کھائیے ، پھر آرام سے تین سانسوں میں سادہ پانی یا کوئی بھی مشروب لیجئے تاہم مروجہ کولڈ ڈرنکس کوک، پیسی ، فانٹا ، سپرائٹ کو تو دستر خوان سے بالکل دور رکھئے ۔ دو برس قبل راولپنڈی میں ہمارے ایک صحافی دوست حافظ علیم کے بہنوئی نے دوران سفر جلدی میں پیپسی سے افطار کیا اور ایک ہفتہ اسپتال میں رہنے کے بعد انتقال کر گئے ۔ اس لئے کولڈ ڈرنکس بھلے کتنی ہی سستی کیوں نہ کر دی جائیں ، ان سے دور رہیں ۔

[pullquote]9۔ [/pullquote]ہمارا سارا رمضان فضول قسم کی بحثوں میں گذر جاتا ہے ۔ مثلا رویت ہلال کا مسئلہ ۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ٹھیک تھی یا نہیں ، پشاور والوں نے ٹھیک کیا یا غلط ، اسی طرح تروایح کی تعداد آتھ ہے یا بیس یا بالکل ہے ہی نہیں ۔ ڈاکٹر عامر لیاقت صاحب کا شو ٹھیک ہے یا غلط ، یہ پروگرام چلنے چاہییں یا نہیں ، ارے میرے بھائیو ، کیا یہ کرنے کے کام ہیں ۔ آپ کو جس پر اعتماد ہے، اس کے اعلان پر رمضان کا آغاز کیجئے ، تروایح جتنی پڑھنی ہے پڑھئیے ، عامر صاحب کا شو دیکھنا ہے تو دیکھئے ورنہ ٹی وی بند کر دیجئے ۔ آپ کی مرضی ہے ۔ شیطان کا کام ہے کہ وہ ہمارا رمضان ان بحثوں میں الجھا دے ۔ شیطان قید ہوتا ہے لیکن اس کے نمائندے ان بحثوں کو فروغ دے رہے ہوتے ہیں ۔

[pullquote]10۔[/pullquote] رمضان میں ، میں سیون نیوز پر لاہور سے رمضان المبارک کا پروگرام کر رہا ہوں ، سحری میں بھی اور افطار میں بھی ۔ میری خواہش ہوگی کہ رمضان میں بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کام کروں ۔ انشاء اللہ میری کوشش ہوگی کہ اپنے پروگرام میں مقصد رمضان سے بالکل نہ ہٹوں ، تمام مکاتب فکر کی سنجیدہ اور علمی شخصیات کے ساتھ اس پروگرام کو لیکر چلوں ، اپنی تجاویز اور آراء سے ضرور نوازئیے گا ۔

[pullquote]شکریہ [/pullquote]

اب آپ سے ملاقات ہو گی یکم رمضان المبارک کی چاند رات سے عید الفطر کی چاند رات تک ۔ اللہ آپ کی زندگیوں میں اپنی رحمتوں کی چاندنی بکھیرتا رہے اور آپ سمیٹتے رہیں ۔ جاتے جاتے آخری بات کہ جن سے ناراض ہیں ، ان سے صلح کر لیں ۔

[pullquote]دل چیز ہے کی آپ میری جان لیجئے ۔
بس ایک بار میرا کہا مان لیجئے ۔[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے