پنجاب کا 16 کھرب 81ارب روپے کا بجٹ پیش

پنجاب کی وزیر خزانہ عائشہ غوث نےمالی سال 2016-17کا 16کھرب81ارب روپے سے زائد کا صوبائی بجٹ پیش کردیا ہے ،تنخواہوں میں 10فیصد اضافے ، امپورٹڈ گاڑیوں کی خرید پر 6 فیصدجبکہ عمرے پر بھی ٹیکس عائد کرنے کی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔

صوبائی وزیر نے ایوان کو بتایا کہ ٹیکسوں کی مد میں 184ارب 40 کروڑ روپے ،صوبائی ریونیو میں 280 ارب روپے کی آمدن متوقع ہےجبکہ 1ہزار 39ارب روپے وفاقی حکومت سے این ایف سی ایوارڈ کے تحت ملیں گےجبکہ رواں سال ترقیاتی بجٹ کا حجم 550ارب روپےہے، سوشل سیکٹرکے ترقیاتی کاموں کے لئے 169ارب روپے مختص کئے ہیں، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے 5 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیر خزانہ کی تقریر کے دوران اپوزیشن شور شرابہ کرتی رہی، عائشہ غوث نے تقریر جاری رکھتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ صوبائی اخراجات کی مد میں 31 ارب روپے مختص کئے ہیں،گزشتہ برس پنجاب حکومت نے مختلف منصوبوں میں 142 ارب روپے کی بچت کی،27اضلاع میں اراضی کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیاجاچکاہے، اورنج لائن میٹروٹرین پراجیکٹ کےلئے 85ارب روپے مختص کئے ہیں۔

عائشہ غوث نے تقریر کے دوران اعلان کیا کہ خادم پنجاب کسان پیکچ کےلیے 50ارب روپے رکھے جارہے ہیں،کسانوں کے لئے کھاد کی قیمت میں کمی کردی گئی ہے ،یوریا کی فی بوری پر 4سو جبکہ ڈی اے پی کی فی بوری پر 3سو رپے کم کردئیے گئے ہیں،رواں برس زراعت آبپاشی،لائیو اسٹاک،جنگلات ماہی پروری اور خوراک کیلئے بجٹ میں 47 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

عائشہ غوث نےبجٹ تقریر میں کہا کہ تعلیم صحت،زراعت،صاف پانی کی فراہمی امن و امان کیلئے 804ارب مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،بھکر اور تونسہ شریف میں 4 مزید دانش اسکول قائم کیے جائیں گے،خصوصی تعلیم کے لیے ایک ارب روپے ،اعلیٰ تعلیم کے لیے 46 ارب 86 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویزہے۔

عائشہ غوث کا کہنا تھا کہ تعلیم کے شعبے میں گزشتہ سال کی نسبت 47فیصد اضافہ کیا گیا ہے ،صرف اسکول ایجوکیشن کے شعبے کے لئے 256ارب روپے مختص کئے ہیں،11اضلاع میں دسویں جماعت کی طالبات کا وظیفہ 1ہزار روپے مقرر کیا گیا ہےجبکہ صوبے کے 4لاکھ ذہین بچوں کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے کیلئے 6ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کیلئے12ارب روپےکی رقم مختص کرنےکی تجویز دی گئی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ پرائمری اسکولوں میں45ہزاراضافی اساتذہ تعینات کیےجائیں گے،اس بات کو یقینی بنایا جاےگا کہ ہر پرائمری اسکول میں کم از کم 3اساتذہ موجود ہوں۔

صوبائی وزیر خزانہ کا مزید کہناتھاکہ اسکولوں کی اپ گریڈیشن کے لئے 50ارب ،محکمہ آب پاشی کے لئے 41ارب جبکہ صحت کے شعبے کے لئے 43ارب 83کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں،صوبے میں امن و عامہ کی صورتحال میں مزید بہتری کے لئے اس کے بجٹ میں 48فیصد زائد رقم رکھی گئی ہے، صاف پانی کی فراہمی کےلیے مختص بجٹ 88فیصد بڑھا دیا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے