پولیس سوتی رہی اور لاہور کی مصروف شاہراہ پر صحافی لُٹ گئے

پولیس کی نااہلی کے باعث لاہور میں ڈاکو راج جاری، عام شہریوں کے علاوہ اپنے فرض کی تکمیل کے لئے دن رات سڑکوں پر پھرنے والے صحافیوں کو بھی نشانہ بنا دیا گیا۔

ڈاکوؤں نے سرراہ تین صحافیوں سے گن پوائنٹ پر قیمتی موبائل فون، ہزاروں روپے کی نقدی اور دیگر سامان چھین لیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کی روایتی غفلت اور نااہلی کے باعث پنجاب خصوصاً صوبائی دارالحکومت میں ڈاکو راج جاری ہے، جس کا واضح ثبوت آئے روز سرعام سڑکوں پر ہونے والی ڈکیتی کی وارداتیں ہیں۔

اسی طرح کا ایک واقعہ’’روزنامہ ایکسپریس‘‘ کے سینئر سب ایڈیٹر سید نعمان احمد، رانا نسیم اختر اور فاروق شہزاد کے ساتھ گزشتہ سے پیوستہ روزعلی الصبح پیش آیا۔

تینوں صحافی پریس کلب میں سحری کرکے اپنے دفتر کے قریب واقع رہائش پر واپس آ رہے تھے کہ ظفر علی روڈ پر جمخانہ کلب کے گیٹ کے قریب دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مسلح ڈاکوؤں نے روک لیا۔ ڈاکوؤں نے ان کی کنپٹی پر پستول رکھتے ہوئے ان سے قیمتی موبائل فون، ہزاروں روپے کی نقدی اور دیگر سامان چھین لیا۔

اس دوران قریب سے گاڑیاں بھی گزرتی رہیں لیکن کسی نے رکنے کی ہمت نہ کی۔ ڈاکوؤں کے فرار ہونے کے بعد 15 پر اطلاع کی گئی تو تھانہ ریس کورس پولیس اور سی آئی اے کی طرف سے سوائے فون کال کرنے کے اور کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔

متاثرہ صحافیوں نے مزید کارروائی کے لئے پولیس کو درخواست بھی جمع کروا دی ہے، تاہم تھانہ ریس کورس پولیس نے تاحال مقدمہ درج کرنے کی زحمت بھی گوارا نہیں کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے