’اوکاڑہ میں جھڑپ کے دوران 6 دہشتگر ہلاک‘

پنجاب کے محکمۂ انسدادِ دہشت گردی کا کہنا ہے کہ اوکاڑہ کے قریب ایک مقابلے میں چھ شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ ڈی پی او اوکاڑہ فیصل رانا کے مطابق یہ جھڑپ اوکاڑہ کے نواحی گاؤں چک 28/2 آر میں ہوئی جہاں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب کارروائی کی گئی۔

[pullquote]پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جھڑپ کے دوران شدت پسندوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے بتایا ہے کہ جب چھاپے کے دوران ایک مکان کو گھیرے میں لیا گیا تو وہاں چھپے شدت پسندوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ انسداد دہشت گردی کے ادارے نے بتایا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں چھ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔[/pullquote]

ڈی پی او اوکاڑہ فیصل رانا نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے کلاشنکوف، راکٹ لانچر اور گولیوں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور نقشے بھی برآمد ہوئے ہیں۔
تاحال حکام کی جانب سے ہلاک کیے جانے والے افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ پولیس کے بقول یہ افراد بظاہر افغان نظر آتے ہیں تاہم ان کے شناختی کار پر خیبر پختونخوا کے شمالی ضلع شانگلہ کے پتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کی شناخت کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی کے ادارے کے مطابق لاہور میں ایک کارروائی کے دوران تین شدت پسندوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے اطلاع ملنے پر لاہور کے علاقے بند روڈ پر کارروائی کر کے تین افراد کو گرفتار کیا جن کا تعلق ایک ممنوعہ تنظیم سے بتایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ رواں برس مارچ میں لاہور کے گلشنِ اقبال پارک میں بم دھماکے کے بعد سے صوبہ پنجاب میں محکمۂ انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں میں تیزی دیکھی گئی ہے اور اب تک کی جانے والی کارروائیوں کے دوران درجنوں شدت پسندوں کی ہلاکت کے دعوے کیے گئے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے