افغانستان میں کریش لینڈ کرنے والے ہیلی کاپٹر کا عملہ رہا، رپورٹس

اسلام آباد: افغانستان میں کریش لینڈنگ کرنے والے پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کے عملے کو افغان طالبان کی جانب سے رہا کیے جانے کی رپورٹس سامنے آئی ہیں۔

ریڈیو فری یورپ کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ افغان طالبان نے ہیلی کاپٹر کے یرغمال بنائے گئے عملے کو رہا کردیا ہے۔ یرغمالیوں میں ایک روسی اور 6 پاکستانیوں سمیت 7 افراد شامل تھے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی انٹیلی جنس حکام نے ریڈیو فری یورپ کو بتایا کہ عملے کے 7 ارکان کو 12 اگست کی رات کرم ایجنسی میں ضلعی حکام کے حوالے کیا گیا۔

دوسری جانب ٹی وی رپورٹس میں بھی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ عملے کو بحفاظت پاکستان پہنچا دیا گیا، تاہم سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 4 اگست کو پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 مرمت کے لیے ازبکستان جا رہا تھا کہ تکنیکی خرابی کے باعث افغانستان کے صوبے لوگر میں اسے کریش لینڈنگ کرائی گئی جس کے بعد خیال ظاہر کیا جارہا تھا کہ افغان طالبان نے ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد کو یرغمال بنا لیا۔ بعدازاں مختلف گروپوں کی جانب سے بھی ہیلی کاپٹر عملے کو یرغمال بنائے جانے کا دعویٰ کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ترجمان لیفٹننٹ جنرل عاصم باجوہ نے تصدیق کی تھی کہ ایک روسی شہری اور ریٹائرڈ فوجی افسران سمیت 7 لوگ مذکورہ ہیلی کاپٹر میں سوار تھے۔ واقعے کے بعد وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغان حکام سے رابطے کرکے یرغمالیوں کی محفوظ واپسی میں مدد کی درخواست کی تھی۔

2 روز قبل ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے بعد ہیلی کاپٹر کے یرغمالی عملے کے محفوظ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ افغان حکومت نے بالآخر اس حوالے سے معلومات فراہم کردی ہیں اور عملہ بالکل محفوظ ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے