"دَم کی دُم”

سپرائیٹ کا ایڈ تو آپ نے دیکھا ہوگا،
پیاس بجھانے کے لیے دَم دکھانا پڑتا ہے

آو دیکھیں ذرا کس میں کتنا ہے دَم
جم کہ رکھنا قدم، میرے ساتھیا

کچھ لوگ اپنے بگڑے کام بنانے کے لیے باباجی سےبھی دَم کرواتے ہیں
کچھ لوگ "دم مارودم” لیے بس پڑے رہتے ہیں ، گلیوں،کوچوں، بازاروں میں، اور ان کو پوچھنے والا تک کوئی نہیں ہوتا
لیکن اس بار دَم پڑا ہے برابر کا۔۔۔
سندھ میں کھیل کی نئی نئی وزارت سنبھالنے والے وزیرمحمد بخش مہرنے اپنا یا وزارت کا کچھ اچھا تو کیا نہیں، آتے ہی پنجاب کے وزراء کو چیلنج کرڈالا، کہتے ہیں کہ پنجاب کاکوئی وزیر فٹ ہو توان کے 50پش اپس کا مقابلہ کرلے۔
مزید کہا کہ خطروں کا کھلاڑی ہوں مقابلے سے نہیں گھبراتا خود بھی فٹ ہوں اورسارے کھلاڑیوں کو فٹ رکھنا چاہتا ہوں۔
صوبائی وزیرسندھ کے پچاس پش اپس کا چیلنج عابد شیرعلی اور رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے قبول کرلیا۔ وزیر مملکت برائے بجلی نے کچھ روز قبل پش اپس لگائے تھے لیکن چار پانچ سے زیادہ نہیں لگا پائے تھے۔
وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے وزیر کھیل سندھ کا50پش اپس کا چیلنج قبول کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق سے پنگا لینا مہنگا پڑے گا، میں ٹکٹ بجھواتا ہوں ، علی بخش مہر جم یا گراؤنڈ کا انتخاب کر لیں ، صرف پش اپس نہیں 100کلو وزن اٹھانے ، ساڑھے تین سو اٹھک بیٹھک اور 45منٹ ایک ٹانگ پر کھڑے ہو کر یوگا کرنے کا بھی مقابلہ ہو گا
طلال چوہدری نے جوابی کارروائی بھی خوب کی ، کہتے ہیں کہ” سیاست دانوں کو ذاتی مقابلے زیب نہیں دیتے بلکہ انہیں عوامی خدمت میں مقابلہ کرنا چاہئیے۔ سندھ کے وزیر کھیل یہ دیکھیں کہ نوجوانوں کوکھیلوں کی سہولتیں کہاں پر میسر ہیں، لاہور کی سڑکیں صاف اور کراچی میں کچرا پڑا ہے۔ اصل مقابلہ یہ ہے لیکن میں ان کے پش اپس کا بھی مقابلہ کرنے کو تیار ہوں۔”
سندھ میں کھیل کے میدان ہیں نہیں ، اگر ہیں تو وہ بھی کچراکنڈی بن چکے ہیں، کھلاڑیوں کے نام پر سب صفر، گزشتہ دنوں سندھ پولیس میں بھرتی کے لیے دوڑ لگائی گئی تو کوئی بھی یعنی اک شخص بھی مقررہ وقت پر ہدف پر نہیں پہنچ سکا، بلکہ سب کے سب اسپتال جا پہنچے
بات تو سائیں سولہ آنے سچ ہے۔۔۔
دوسری جانب پنجاب کے وزیرقانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ سیاست میں جسمانی فٹنس سے زیادہ ذہنی فٹنس کی ضرورت ہوتی ہے اگر فٹنس کا یہی معیار ہے تو اس حساب سے وزیراعلیٰ سندھ کو پانچ سو پُش اپس لگانا چاہیئں۔
خیر سے اب تو قائم علی شاہ کی جگہ مراد علی شاہ نے لے لی ہے، جنھوں نے کابینہ تو بڑھا لی ہے، جلدی جلدی دورے بھی کرلیے ہیں، بجٹ بھی اپروو کروالیےہیں لیکن اب تک کوئی کام ہوتا نظر نہیں آیا،
لگتا ہے شاہ جی بھی، آستینیں چڑھائے آئے ہیں،وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جسمانی فٹنس اچھی بات ہے لیکن پچاس پُش اپس سے میں خوش نہیں ہوں گا، وزراء کو اپنی کارکردگی اچھی بنا کر دکھانا ہوگی۔
کس میں کتنا ہے دَم ۔۔۔ یہ چیک کرنے کے پیچھے کئی اک کی دُم شاید پاوں کے نیچے آگئی ہے
خیر آپ کو یاد ہو یا نہ ہو ،،، یاد دلادیتے ہیں
قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو جب پاک فوج کی جانب سے تربیت دی گئی تو ٹرینر نے وعدہ لیا تھا کہ میچ جیتنے پر گراﺅنڈ میں پش اپس لگائیں گے،قومی ٹیم نے میچ جیت کر وعدہ پورا کیا۔
جس کے بعد سے کھیل اور پش اپس کی باتیں زبان زد عام ہوتے ہوتے سیاست دانوں تک پہنچ چکی ہے ۔
اب کیا کہیے دَم کی دُم کا، ریواولمپکس میں پاکستان کی جانب سے مختصرترین سات رکنی دستے نے شرکت کی ،جس میں سے بھی تین کھلاڑی بیرون ممالک میں مقیم ہیں اور ان میں سے کسی بھی پاکستانی کھلاڑی نے براہ راست کوالیفائی نہیں کیا بلکہ ان کی انٹری وائلڈ کارڈ یا مخصوص کوٹے کے باعث ہوئی۔
ریو اولمپکس میں کھلاڑیوں سے زیادہ تو آفیشلزموجودتھے، جن کی تعداد 17 تھی ،24 سال سے پاکستان کسی اولمپکس میں کامیاب نہیں ہوسکاہے، اورہاں اک اوربات۔۔۔ہاکی پاکستان کاقومی کھیل ہے ،یہ بھی پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہے کہ قومی ہاکی ٹیم اولمپکس کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکی،
یہ ہے پاکستان اور اس کے باسیوں کا دَم۔۔۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے