کراچی میں ڈان نیوز کی گاڑی پرفائرنگ ، 2 کارکن زخمی

کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ڈان نیوز کے 2 کارکن زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق فائرنگ کا واقعہ لانڈھی 89 کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے ڈان نیوز کی گاڑی روک کر شناخت کے بعد فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود حاکم خان اور یوسف خان زخمی ہوئے۔

زخمی کارکنان کو طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

حاکم خان کو گردن میں گولی لگی جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ یوسف خان ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوئے۔

انسپیکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے فائرنگ سے ڈان نیوز کے کارکنوں کے زخمی ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس ایس پی کو جائے وقوع پر پہنچنے اور ڈی آئی جی ایسٹ کو واقعے کی تحقیقات کے احکامات جاری کردیئے۔

انہوں نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں اور اس کے لیے علاقے کی انٹیلی جینس پر مامور اسٹاف کو خصوصی ٹاسک دیا جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں کراچی میں ہی ڈان نیوز کی سیٹلائٹ وین کو نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

عیسیٰ نگری کے علاقے میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں ڈان نیوز کا ایک کارکن زخمی ہوا تھا۔

حملے کے وقت وین میں تین سے چار افراد موجود تھے جن میں سے ایک ٹیکنیشن حسن متین کو دو گولیاں لگی تھیں۔

ستمبر 2015 میں بہادر آباد کے علاقے میں جیو نیوز کی ڈی ایس این جی وین پر بھی فائرنگ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں وین میں موجود سیٹلائٹ انجینیئر ارشد جعفری ہلاک جبکہ ڈرائیور انیس زخمی ہوگئے تھے۔

جنوری 2014 میں بورڈ آفس کے قریب نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کی گاڑی پر فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے