رستم: جذبات اور زہانت کے کھیل کی کہانی

اکشے کمار کی نئی فلم رستم نے باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے ہیں اور سو کروڑ کے کلب میں شامل ہوگئی ہے۔

رستم ایک کرائم تھرلر ہے جس کی کہانی وپل راول (سابق نیوی افسر) نے تحریر کی ہے اور ہدایات تینو سریش ڈدیسائی نے دی ہیں۔ فلم کی اہم کاسٹ میں اکشے کمار، الینا ڈی کروز، ارجن باجوہ اور ایشا گپتا شامل ہیں۔

RUSTOM

فلم کی کہانی بظاہر بھارت میں سن انیس سو انسٹھ کے مشہور زمانہ ناناوتی کیس سے متاثر ہوکر لکھی گئی ہے۔ لیکن فلم کے ہدایت کار کا کہنا ہے کہ فلم ایک فکشن ڈراما ہے جس میں آپ کو کئی جگہ ایسا لگے گا کہ فلم اس کیس سے مشابہت رکھتی ہے لیکن فلم کی کہانی اس کیس سے ماخذ نہیں کی گئی۔

فلم میں ایک انڈین نیوی افسر رستم پاوری (اکشے کمار) اور سنتھیا پاوری (الینا ڈی کروز) محبت سے بھرپور شادی شدہ زندگی گزار رہے ہیں کہ اچانک ان کی زندگی میں ایک دولت مند بزنس مین وکرم مکھیجا (ارجن باجوہ) آجاتا ہے جو رستم سے اپنے مقاصد پورا کروانے کے لیے رستم کے غیر ملکی دورے کے دوران اس کی بیوی پر محبت کا جال پھینک کر اس سے تعلقات قائم کرلیتا ہے تاکہ رستم کو بلیک میل کرسکے لیکن رستم اس معاشقے کے بارے میں جاننے کے بعد وکرم کو اپنی سرکاری پستول سے تین گولیاں مار کر قتل کردیتا ہے اور پولیس سٹیشن جاکر اقرار جرم کرلیتا ہے۔ آگے کی کہانی میں دکھایا گیا ہے کہ رستم عدالت میں اپنا مقدمہ پیش کرنے کے لیے نیوی افسران اور شہر کے ماہر وکلا کی مدد لینے انکار کر دیتا ہے اور اپنا مقدمہ خود ہی لڑنے کا فیصلہ کرتا ہے۔ ادھر وکرم کی بہن پریتی مکھیجا (ایشا گپتا) اپنے بھائی کی موت کا بدلہ لینے کے لیے شہر کے سب سے بڑے وکیل کا انتخاب کرتی ہے۔

فلم کا دوسرا ہاف ایک کورٹ روم ڈرامے کا منظر پیش کرتاہے جو پیشیوں، وکیلوں کے دلائل، اور جج کے کردار سے شروع ہوکر جیوری کے فیصلے پر ختم ہوتا ہے۔

image006

فلم میں تجسس اور دلچسپی دونوں چیزوں کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے اور شطرنج کی چال کی طرح ہر سین ایک معمہ ہے جو دیکھنے والوں کو فلم کے آخری سین تک اپنی گرفت میں لیے رکھتے ہیں۔

تکنیکی اعتبار سے رستم ایک مظبوط فلم ہے۔ فلم میں انیس سو انسٹھ کا ممبئی دکھانے کی کوشش کی گئی ہے جس میں سریش کافی حد تک کامیاب رہے ہیں۔ فلم کے سیٹ سے لے کر لباس اور کرداروں کے حلیے دیکھ کر ایسا ہی لگتا ہے کہ آپ انیس سو ساٹھ کی دہائی کی کوئی فلم ایک نہایت اچھے پرنٹ کے ساتھ دیکھ رہے ہیں۔

اداکاری میں تمام اداکاروں نے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کی ہے اور اکشے کمارنے رستم کے کردار میں یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ ایک سنجیدہ کرادر بھی عمدگی سے کرسکتے ہیں۔ فلم کے ہدایت کار تینو سریش کا کہنا ہے کہ اکشے کمار نے نیوی کی یونیفارم اور رستم کے کرادر کو اپنے اوپر اس طرح طاری کیا کہ لگتا تھا کہ ہم اکشے کو نہیں بلکہ رستم پاوری کو دیکھ رہے ہیں۔

image2

فلم کے گانوں میں ’تیرے سنگ یاراں‘ جسے عاطف اسلم کی آوازمیں ریکارڈ کیا گیا ہے سب سے زیادہ شہرت حاصل کررہا ہے جسے اکشے کمار اور الینا ڈی سوزا پر فلمایا گیا ہے۔ فلم کی موسیقی آکرو پراوو مکھرجی، جیت گنگولی، انکت تیواری اور راگھو ساچر نے ترتیب گی ہے جبکہ گانے تمام کے تمام منوج منتشر نے لکھے ہیں

فلم کل پچاس کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کی گئی تھی جو اب تک ایک سو پچیانوے کروڑ روپے کا بزنس کرچکی ہے اور ریلیز کے تیسرے ہفتے میں داخل ہونے کے بعد بھی اس کی نمائش ہاؤس فل جارہی ہے۔

خیال رہے کہ رستم کی ریلیز والے دن ہی رتیک روشن کی سو کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کی گئی مہنگی ترین فلم ’موہن جو دڑو‘ بھی ریلیز کی گئی تھی جو باکس آفس پر کوئی خاطر خواہ بزنس نہ کرسکی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے