عمران خان کا 24 ستمبر کو رائے ونڈ مارچ کا اعلان

[pullquote]کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کراچی میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے 24 ستمبر کو رائے ونڈ مارچ کا اعلان کردیا۔[/pullquote]

کراچی کے نشتر پارک میں پی ٹی آئی کے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پوری قوم کو مل کر وزیراعظم نواز شریف سے کرپشن پر جواب لینا ہوگا اورساتھ ہی تجویز بھی دی کہ کرپشن ٹھیک کرنے کیلئے پہلے اداروں کو ٹھیک کرنا ہوگا۔

[pullquote]کراچی اوپر جاتاہے تو پاکستان بھی اوپر جاتاہے، عمران خان [/pullquote]

عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی اوپر جاتاہے تو پاکستان کو اوپر لے جاتاہے، کراچی کے لوگ اکیلے نہیں ہیں، سارا پاکستان کراچی کےلوگوں کیساتھ ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ خوف میں رہنے والی قوم غلام بن کر رہ جاتی ہے، کراچی پاکستان کا دل ہے،کراچی میں انتشار نہ ہوتاہو تو حالات کچھ اور ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح بانی متحدہ نے نعرے لگائے وہ ناقابل قبول ہیں، ہم لاہور کی تیاری کررہے تھے، پاکستان مارچ کی تیاری میں مصروف تھے ، بانی متحدہ کی جانب سے استعمال کی جانے والی زبان پر کراچی آیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں خوف طاری نہ کیا جاتا تو آج کراچی خوش حال شہر ہوتا، کراچی پر ایک مافیا نے قبضہ کیا، بانی ایم کیوایم ملک میں دہشت گردی متعارف کرانے کے ذمے دار ہیں،کراچی میں ایک وقت تھاکہ کسی کو اپنی جان و مال کا ڈر نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم لند ن سے بیٹھ کرکراچی کی تقدیر کا فیصلہ کرتا تھا، تم نے لندن میں بیٹھ کر کراچی میں کتنے لوگوں کو مروایا، افسوس کی بات ہے کہ تم نے زیادہ مہاجروں کو قتل کرایا،’را‘ نے ہندوستان ٹائم کے پروگرام میں بانی متحدہ کو بلوایا۔ عمران خان نے یہ بھی کہا کہ بانی ایم کیو ایم نے کسی کو اپنا نمبر ٹو نہیں بننے دیا، 85 کے بعد بانی متحدہ نے جو کچھ شروع کیا ہے وہ بھی یاد ہے، عظیم طارق ایک پڑھا لکھا اور انقلابی سوچ والا انسان تھا، جب بانی متحدہ کو عظیم طارق سے خطرہ ہوا تو ان کو مروا دیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مہاجروں کو کسی کے سامنے خود کو محب وطن ثابت کرنے کی ضرورت نہیں،مہاجر یہ نہ سمجھیں کہ وہ اکیلے ہیں،ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑا ہوں گا،جاوید میانداد مہاجر ہیں جو کرکٹ کے میدان میں اپنے ملک کے لیے جان کی بازی لگاتے تھے۔ عمران خان کہتے ہیں کہ ہم نے خیبرپختونخوا پولیس میں سیاسی مداخلت ختم کی، سب سے پہلے کراچی کی پولیس ٹھیک کرنا ہوگی، کراچی کی پولیس کو غیر سیاسی کرنا پڑے گا اور میرٹ لانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسفندیارولی جب آپ کی حکومت تھی تو آپ تو پشاور جا نہیں سکتے تھے،اس لیے دبئی سے تقریریں کرتے تھے۔ عمران خان نے یہ بھی کہا کہ آج خیبرپختونخوا میں لوگ پولیس کی عزت کرتے ہیں،کراچی پولیس کو سیاسی مداخلت نے تباہ کیا، پیسے لےکر بھرتیاں کی گئیں،اللہ نےموقع دیاتوکراچی پولیس بہتر کرینگے آپکورینجرزکی ضرورت نہیں پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ترقیاتی فنڈ کا 55 فیصد لاہور میں استعمال کیا جارہا ہے ، کرپشن کا مقابلہ کرنا ہم سب کا فرض ہے، کرپشن تب ختم ہوگی جب ادارے مضبوط اور آزاد ہوں گے۔ عمران خان کا یہ بھی کہنا ہےکہ بلدیاتی نظام سے لوگوں کی زندگیاں بدلتی ہیں ، لوگوں کو ایم این اے ،ایم پی ایز کے پیچھے نہیں بھاگنا پڑتا،کرپٹ حکمران کبھی ملکی اداروں کو ٹھیک نہیں ہونے دے گا، سوہارتو کو کسی سیاسی جماعت نے نہیں نوجوانوں نے شکست دی تھی۔پی ٹی آئی سربراہ عمران خان نے عید الاضحی کے بعد رائے ونڈ مارچ کا اعلان کر دیا

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے