اہم عالمی خبریں

[pullquote] نائن الیون حملوں کی پندرہویں برسی کی تقریبات[/pullquote]

آج امریکی شہر نیویارک میں نائن الیون کے دہشت گردانہ حملوں میں ہلاک ہونے والوں کو حملے کے مقام گراؤنڈ زیرو پر مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بج کر 46 منٹ پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کر کے یاد کیا گیا۔ اِس کے بعد روایت کے مطابق تمام ہلاک شدگان کے نام پڑھے گئے۔ اسی مقام کے گرد نیشنل نائن الیون میموریل اور میوزیم بنا دیا گیا ہے۔ رواں برس کے صدارتی الیکشن کے امیدواروں ہلیری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے انتخابی مہم میں وقفہ پیدا کرتے ہوئے گراؤنڈ زیرو کی تقریب میں شرکت کی۔ امریکی صدر باراک اوباما نے اس دن کی مناسبت سے وائٹ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔

[pullquote] سعودی عرب کا فارسی زبان میں سیٹلائٹ ٹیلی وژن چینل[/pullquote]

آج سعودی عرب کی حکومت نے حج کی مذہبی تقریبات کے موقع پر فارسی زبان کے ٹیلی وژن چینل کو متعارف کرایا ہے۔ سعودی عرب کے ثقافتی امور کے وزیر عادل التورئیفی کے مطابق یہ چینل چوبیس گھنٹے اپنی نشریات جاری رکھے گا۔ التورئیفی نے یہ بھی واضح کیا کہ اِس چینل سے ایران اور افغانستان کے فارسی بولنے والے ناظرین کی تمام ضروریات کا خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ چار مختلف سیٹلائٹ سے چینل کی نشریات اسمارٹ فون کے علاوہ انٹرنیٹ پر بھی دستیاب ہوں گی۔ اِس چینل کی شروعات کو ایران اور سعودی عرب کے کشیدہ تعلقات کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات رواں برس کے اوائل سے منقطع ہیں۔

[pullquote] حلب میں حملے جاری، ہلاکتوں کی تعداد پینتالیس ہو گئی[/pullquote]

شامی صوبے حلب میں کی گئی فضائی کارروائیوں میں کم ازکم پینتالیس افراد مارے گئے ہیں۔ امریکا اور روس کے مابین شام میں قیام امن کی کوششوں کے لیے طے پانے والے ایک معاہدے کے بعد بالخصوص حلب کے شمال میں عسکری کارروائیوں میں تیزی دیکھی گئی ہے۔ اس امن ڈیل پر پیر کی صبح سے عملدرآمد شروع ہونا ہے۔ ناقدین کے مطابق اس جنگ بندی سے قبل فریقن زیادہ سے زیادہ علاقوں پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، جس کی وجہ سے تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری طرف سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق اس تازہ تشدد کی وجہ سے گزشتہ روز 69 افراد مارے گئے ہیں۔ اس ڈیل کے تحت شام میں عسکری کارروائیوں کو کم کرتے ہوئے قیام امن کی خاطر سیاسی حل تلاش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

[pullquote] ایران کی طرف سے شام میں سیز فائر کا خیر مقدم[/pullquote]

ایران نے شام میں قیام امن کے حوالے سے امریکا اور روس کے مابین طے پانے والی جنگ بندی ڈیل کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے آج کہا کہ البتہ اس سیز فائر کی نگرانی کی ضرورت ہو گی تاکہ ’دہشت گرد‘ اپنے مقاصد میں کامیاب نہ ہوسکیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران ہمیشہ ہی شام میں جنگ بندی کے لیے زور دیتا رہا ہے۔ شامی حکومت بھی اس ڈیل کی منظوری دے چکی ہے جبکہ پیر کی صبح سے عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔

[pullquote] برطانیہ: گردوارے پر قابض سکھوں کی گرفتاریاں[/pullquote]

برطانوی پولیس نے لندن سے ڈیڑھ سو کلومیٹر کی دوری پر واقع ایک گردوارے پر قابض افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والوں کی تعداد بیس سے زائد ہے۔ پولیس نےبتایا کہ ان افراد کے پاس تیز دھار کے ہتھیار بھی تھے۔ برطانیہ کی سکھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے گروپ نے بتایا کہ یہ قبضہ گردوارے کے احاطے میں دوسرے مذاہب کی شادی بیاہ کی تقریبات کی مخالفت میں احتجاج کے طور کیا گیا تھا۔ یہ بیان سکھ یوتھ برمنگھم نے اپنے فیس بک پر جاری کیا۔ حراست میں لیے گئے بعض سکھوں کے پاس کرپان یا چھوٹے سائز کا روایتی خنجر بھی برآمد کیا گیا ہے۔

[pullquote] ترکی، دو درجن سے زائد میئر برطرف[/pullquote]

ترکی میں دو درجن سے زائد بلدیات کے میئروں کو برطرف کر کے نئے منتظمین تعنیات کر دیے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ کرد اکثریتی علاقوں کے یہ میئر کرد ملیشیا کی حمایت کر رہے تھے۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے مطابق کالعدم کردستان ورکرز پارٹی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ آج انہوں نے کہا کہ ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے یہ باغی اپنی کارروائیوں میں تیزی لے آئے ہیں۔ ایردوآن کے مطابق یہ باغی شام میں جہادیوں کے خلاف جاری ترک کارروائی کو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔ عید کے اپنے پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ شام میں داعش کا خاتمہ کرنا انقرہ حکومت کا فرض ہے تاکہ یہ جہادی ترکی میں حملے نہ کر سکیں۔

[pullquote] بھارتی کشمیر میں چار جنگجو اور ایک پولیس اہلکار ہلاک[/pullquote]

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں آج رونما ہونے والے مختلف واقعات میں ایک پولیس اہلکار جبکہ چار جنگجو مارے گئے ہیں۔ بھارتی فوج نے بتایا ہے کہ نوگام سیکٹر میں چار جنگجوؤں کو اس وقت ہلاک کر دیا گیا، جب وہ بھارتی زیر انتظام کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش میں تھے۔ بتایا گیا ہے کہ ان جنگجوؤں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ دوسری طرف پونچھ سیکٹر میں نامعلوم حملہ آوروں کی ایک کارروائی میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔ اس متنازعہ وادی میں بھارت مخالف مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ گزشتہ روز ہی پولیس اور مظاہرین کے مابین جھڑپوں میں دو کشمیری مارے گئے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے