فوجی اہلکاروں اور موٹر وےپولیس کے درمیان لڑائی کی تحقیقات شروع

پاکستانی فوج کے شبعۂ تعلقات عامہ نے پاکستان موٹروے پولیس اور فوج کے دو افسران کے درمیان ہونے والے تصادم کی تصدیق کرتے ہوئے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ایک مختصر بیان میں فوج نے کہا ہے کہ اس واقعہ پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی تاکہ انصاف ہو سکے۔
اکوڑہ تھانے میں فوج کے اہلکاروں کے خلاف درج ہونے والی ایف آئی آر کو سِیل کر دیا ہے۔موٹر وے پولیس اہلکاروں کی جانب سے تھانہ اکھوڑہ میں دائر کردہ درخواست کے مطابق یہ واقعہ سنچر کو پیش آیا ۔

بی بی سی کو تھانے میں دائر کی جانے والی درخواست کی نقل موصول ہوئی ہے جس کے مطابق ’دو سویلین گاڑیوں میں سوار سادہ کپڑوں میں ملبوس دو نوجوان، تیز رفتار، نہایت غفلت، بے اختیاطی اور غلط سائڈ سے علاقہ جھانگیرہ کی طرف جا رہے تھےلیکن جب موٹر وے پولیس نے انھیں رکنے کا اشارہ کیا تو انھوں نے گاڑیاں نہیں رکیں جس کے بعد پولیس نے ان کا تعاقب شروع کر دیا۔‘

درخواست میں دعوٰی کیا گیا ہے کہ جب جہانگیرہ کے پاس دونوں گاڑیوں کو روکا گیا تو دونوں نوجوانوں نے اپنی گاڑیوں سے باہر نکلتے ہی جھگڑا شروع کر دیا۔
درخواست کے مطابق ’ایک نوجوان نائن ایم ایم پستول سے مسلح تھا۔دونوں نوجوان فوج میں کپتان ہیں۔‘

موٹروے پولیس اہلکاروں کے مطابق جھگڑے کے دوران دونوں فوجی اہلکاروں نے فون کر کے اپنے اور ساتھیوں کو بلایا۔ جس کے بعد ایک میجر، فوج کی چار گاڑیوں میں 25 سے 26 باوردی اہلکار لیکر موقع پر پہنچ گئے۔اسی دوران موٹروے پولیس کے سب انسپیکٹر محسن طوری اور کیشیر شازیب شیر علی بھی حسب طلبی پہنچے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’فوج کے اہلکاروں نے بٹوں اور ڈنڈوں سے چاروں موٹروے پولیس اہلکاروں کو مارنا شروع کر دیا۔‘

فوجیوں کی’ مارپیٹ کا نشانہ بننے والے موٹروے پولیس اہلکاروں میں سب انسپکٹر عاطف خٹک، سب انسپیکٹر محسن طوری، اسسٹینٹ پٹرول افسر جلال شاہ اور کیشیر شازیب شیر شامل ہیں۔‘درخواست کے مطابق مار پیٹ کے بعد فوجی اہلکار چاروں پولیس اہلکاروں کو گاڑیوں میں ڈال کر اٹک قلعہ لے گئے جہاں ’انھیں ذہنی تشدد کی غرض سے ایک گھنٹے دھوپ میں کھڑا رکھا گیا جس کے بعد انھیں چار گھنٹے تک ایک کمرے میں بند کر دیا گیا۔‘

موٹروے پولیس کے سینیئر افسران کی مداخلت کے بعد پولیس اہلکاروں کو فوجی گاڑیوں میں ڈال کر واپس ان کے دفتر چھوڑا گیا جس کے بعد زخمی اہلکاروں کو نوشہرہ ہسپتال لے جایا گیا۔موٹروے پولیس کے ذرائع کے مطابق مار پیٹ کا شکار ہونے والے اہلکاروں میں سے دو شدید زخمی ہیں۔ موٹروے پولیس کے ذرائع کے مطابق دونوں فریق کے درمیان صلح صفائی کی کوششیں جاری ہیں تاکہ معاملہ بغیر قانونی چارہ جوئی کے ہی نمٹا دیا جائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے