کشمیر میں ظلم و بربریت کا سلسلہ فوری بند کیا جائے،او آئی سی

[pullquote]
نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رابطہ گروپ کا علیحدہ اجلاس ہوا جس میں کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کشمیریوں پر ظلم و بربریت کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔[/pullquote]

جموں و کشمیر کی صورتحال پر ہونے والے رابطہ گروپ کے اجلاس کی سربراہی او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ایاد امین مدنی نے کی جبکہ اجلاس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز، ترکی اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ، نائیجر اور سعودی عرب کے سینئر نمائندوں، کشمیری عوام کے حقیقی نمائندوں اور آزاد جموں و کشمیر کے صدر مسعود خان بھی شریک تھے۔

[pullquote]اس موقع پر او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے ہندوستان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر کشمیریوں پر ظلم و بربریت کا سلسلہ بند کرے جبکہ کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اس مسئلے کے حل پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈین سیکیورٹی فورسز پیلیٹ گنز کا استعمال کرکے کشمیریوں سے ان کی بینائی تو چھین سکتی ہے لیکن کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں کو نہیں دبایا جاسکتا۔[/pullquote]

اپنے بیان میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ نوجوان حریت پسند کمانڈر برہان وانی کی انڈین فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد ہندوستان کی جانب سے جموں و کشمیر میں ظلم و ستم اور سفاکیت کی بدترین مثال پیش کی گئی جس کی وجہ سے 100 سے زائد کشمیری ہلاک اور 10 ہزار کے قریب کشمیری زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فورسز کی جانب سے چلائی جانے والی پیلیٹ گنز کی وجہ سے 150 سے زائد کشمیری مکمل طور پر جبکہ 350 جزوی طور پر بینائی سے محروم ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ جبر و تشدد سے کشمیری عوام کے جذبے اور حق خود ارادیت کے لیے ان کی جائز جدوجہد کو دبایا نہیں جاسکتا۔ اس موقع پر سرتاج عزیز کی درخواست پر رابطہ گروپ کے ارکان نے ہندوستانی جارحیت میں ہلاک ہونے والے کشمیریوں کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل جنوبی ایشیا میں دیر پا امن اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے تاہم افسوس کی بات ہے کہ ہندوستان نے اس مسئلے کے حل کے لیے با معنی مذاکرات کی پاکستانی پیشکشوں کا مثبت جواب نہیں دیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے