آج کی اہم ترین خبریں ، صرف ایک کلک پر

[pullquote]ڈان کی خبر کی تحقیقات:وزیر اطلاعات سے استعفیٰ لے لیا گیا[/pullquote]

کراچی: وزیراعظم نوازشریف نے اہم خبر کے حوالے سے کوتاہی برتنے پر پرویز رشید سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا قلم دان واپس لے لیا۔رواں ماہ کے اوائل میں ڈان اخبار میں شائع ہونے والی خبر کی ابتدائی تحقیقات کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے پرویز رشید کو مستعفی ہونے کی ہدایت کی۔ذرائع سے سامنے آنے والی معلومات کے مطابق پرویزرشید سے دو روز قبل وزارت اطلاعات واپس لی جاچکی تھی جس کے بعد وہ اپنے دفتر نہیں جارہے تھے جبکہ سرکاری امور بھی انجام نہیں دے رہے تھے۔

وزیر اعظم کے ترجمان مصدق ملک نے کہا کہ سیرل المیڈا کی خبر کی تحقیقات آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہے اور بہت جلد اس کو قوم کے سامنے لایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی کمیٹی تفتیش کررہی ہے، تاہم تمام ذمہ داریاں پرویز رشید پر نہیں ڈالی گئی لیکن غلط خبر کی وجہ سے ان سے استعفیٰ لیا گیا ہے۔انھوں نے کہا چوہدری نثار خبر کے حوالے سے میڈیا کو باقاعدہ آگاہ کریں گے۔وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے اعلامیہ جاری کردیا گیا

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈان میں چھپنے والی خبر کی آزادانہ تحقیقات کے لیے پرویز رشید سے وزارت کا قلم دان واپس لیا گیا ہے۔سرکاری اعلامیے کے مطابق حکومت کی جانب سے آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے سینیئر افسران پر مشتمل انکوائری کمیٹی قائم کی جارہی ہے جو الزامات اور اس کی وجوہات جبکہ اس کے ذمہ داروں کا تعین کرے گی۔سرکاری اعلامیہ کے مطابق اخبار میں چھپنے والی خبر قومی سلامتی کے منافی تھی، تحقیقات کے مطابق پرویز رشید نے کوتاہی برتی اور انہیں آزادانہ تحقیقات کے لیے وزارت چھوڑنے کی ہدایت کی گئی۔

خبر میں کہا گیا تھا کہ اہم اجلاس میں حکومت نے انتہائی محتاط اور غیر معمولی طور پر واضح طریقے سے عسکری قیادت کو یہ پیغام پہنچادیا کہ عالمی سطح پر تیزی سے پاکستان تنہا ہورہا ہے جبکہ ریاستوں کی جانب سے کئی اہم معاملات پر کارروائیوں کے لیے اتفاق رائے کا بھی تقاضہ کردیا۔تاہم وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے تین دفعہ اس خبر کی تردید جاری کی گئی۔ دوسری جانب پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس سے متعلق جھوٹی اور من گھڑت خبر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کو قومی سلامتی کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

گزشتہ روز جب ملک میں سیاسی درجہ حرارت بلند ہورہا تھا تو ایسے میں وفاقی حکومت کی ایک بااختیار اور طاقتور ٹیم نے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی، جس میں مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ وفاقی حکومت کی ٹیم میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار شامل تھے۔

[pullquote]کسی چیز سے خوفزدہ ، مرعوب یا گھبرانے والے نہیں ، نوازشریف[/pullquote]

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم کسی چیز سے خوفزدہ ، مرعوب یا گھبرانے والے نہیں ، ہم نے اٹک قلعے جیسی جیل کاٹی ہے، انہوں نےجیل کا منہ تک نہیں دیکھا۔

وزیراعظم نوازشریف نے پھول نگر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چند دن کی بات ہے ان کا سیاسی مستقبل ختم ہے ، اطمینان رکھیں ہم یہ پانچ سال بھی پورے کریں گے اور اس کےبعد بھی پانچ سال پورے کریں گے۔

وزیر اعظم نے قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو اکتالیس اور ایک سو بیالیس میں ترقیاتی کاموں کے لیے پونے دو ارب روپے سے زيادہ کے پیکیج کا اعلان بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پھول نگر نےکبھی ن لیگ سے بے وفائی نہیں کی، لوگ آج کل پھر میدان میں ہیں ، پھول نگر کے لوگوں نے انہیں گھاس نہیں ڈالی، ایسے جلسے کرنے کے لیے ہمارے مخالفین کو دو دو ماہ محنت کرنا پڑتی ہے۔

[pullquote]اسلام آباد: موٹروے پر ٹریفک حادثہ، پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل جاں بحق[/pullquote]

اسلام آباد میں موٹروےپرٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں ایک میجر بھی زخمی ہوئے ہیں۔ لیفٹیننٹ کرنل شاہداورمیجرجلال راولپنڈی سےنوشہرہ جارہےتھے۔

[pullquote]حکومت کے پاؤں لڑ کھڑا گئے، توازن برقرار رکھنا مشکل ہے، پیپلز پارٹی[/pullquote]

پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنمائوں کا کہنا ہے کہ نہ وعدے کے مطابق نیشنل سیکورٹی کمیٹی بنائی، نہ کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی کی اور نہ ہی قومی ایکشن پلان پر عملدرآمدکیا، حکومت کے پائوں لڑکھڑاگئے، اب توازن برقرار رکھنا مشکل ہے، ساتھ ہی وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کے استعفے کا مطالبہ بھی کردیا۔کراچی میں بلاول بھٹو کی زیرصدارت اجلاس کے بعد پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنمائوں نے پریس کانفرنس کی۔ چوہدری اعتزاز کا کہنا تھا کہ حکومت کے پائوں پھسل رہے ہیں اور اب ان کیلئے توازن برقرار رکھنا مشکل کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ لاکھ اختلافات سہی مگر پاناما بل پر ان سے مکمل اتفاق ہے۔

سینیٹر فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ حالات کے بگاڑ کی بڑی وجہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ ہونا ہے، پیپلزپارٹی سمجھتی ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہوجائیں۔سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اب بات لائن آف کنٹرول سے آگے بڑھ گئی ہے، بھارت مسلسل ورکنگ بائونڈری پر فائرنگ کررہا ہے ، ایسے میں وزیر خارجہ کے تقرر سمیت بلاول بھٹو کے چار نکات پر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

[pullquote]کراچی: ناظم آباد میں مجلس عزاء پر فائرنگ ،5افراد جاں بحق[/pullquote]

کراچی کے علاقے ناظم آباد چار نمبر میں مجلس عزا پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو بھائیوں سمیت پانچ افراد جاں بحق اور خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔عینی شاہدین کے مطابق چار دہشت گرد دو موٹر سائیکلوں پر آئے، پہلے گھر کے باہر موجود مردوں کو گولیاں ماریں، فائرنگ کی آواز سن کر خواتین باہر آئیں تو ان پر بھی فائر کھول دیا۔کراچی میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کا نیٹ ورک پھر سرگرم، اس بار نشانہ بنا ناظم آباد نمبر چار کا علاقہ جہاں تھانے اور رینجرز ہیڈ کوارٹر کے نزدیک واقع گھر میں مجلس عزا ہورہی تھی۔ایک عینی شاہد نے جیو نیوز کو بتایا کہ ہیلمٹ پہنے چار دہشت گرد دو موٹر سائیکلوں پر بیٹھ کر بے خوف وخطر آئے، ایک اُتر کر قریب آیا اور آتے ہی گولیاں چلانی شروع کردیں۔

[pullquote]پی ٹی آئی کارکنوں کے حملے سے زخمی خاتون اہلکار کو انعام[/pullquote]

خاتون پولیس اہلکار اور پی ٹی آئی کارکن کے درمیان ہاتھا پائی کا معاملہ، تحریک انصاف کے کارکنوں کے حملے کے دوران زخمی ہونے والی خاتون پولیس افسر کو وزیر داخلہ نے انعام سے نوازا۔خاتون پولیس اہل کاراور تحریک انصاف کی کارکن کےدرمیان ہاتھاپائی کامعاملہ، وزیر داخلہ نے خاتون پولیس اہل کار اے ایس آئی فرزانہ کو 50 ہزار روپے انعام اور تعریفی سند دی۔وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اےایس آئی فرزانہ نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کنونشن کےدوران دلیری کامظاہرہ کیا ۔ انہوں نے ساتھی اہل کار کو سیاسی کارکن کے حملے سے بچایااور اس کوشش میں خود زخمی ہوگئیں۔

[pullquote]پاکستان میں سیکولر اور لبرل ازم کی گنجائش نہیں ، سراج الحق[/pullquote]

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیکولر ازم اور لبرل ازم کی کوئی گنجائش نہیں ، لبرل پاکستان کی باتیں نظریہ پاکستان ، قائد اعظم اور شہداء کی روحوں سےغداری کے مترادف ہے ۔لاہور کے وحدت کالونی پارک میں جماعت اسلامی کے اجتماع کے دوسرے روز اپنےخطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہناتھا کہ اجتماع اسلامی انقلاب کا پیش خیمہ ہوگا،نظریہ پاکستان کے علاوہ کسی اورتبدیلی کی راہ میں جماعت اسلامی بڑی رکاوٹ ہوگی۔

سراج الحق کاکہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف وہ بھی باتیں کرتے ہیں، جن کے اپنےدامن داغدار ہیں ، جمہوریت کا لبادہ اوڑھنے والے کرپٹ لوگوں کو جیلوں میں ہونا چاہیے۔سراج الحق کاکہناتھا کہ جماعت اسلامی تحریک پاکستان کی حقیقی وارث ہے، جیتی تو ملک کوحقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنائے گی۔

بیان کے مطابق وزیرداخلہ نےخاتون اہل کارکی فرض شناسی اورذمےدارانہ رویےکوسراہااور اسے دیگر اہل کاروں کےلیےقابلِ تقلید قرار دیا ہے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے