آج 30 اکتوبر 2016 کی قومی اور بین الاقوامی اہم ترین خبریں ، صرف ایک کلک پر پڑھیے.

[pullquote]جھوٹی خبر اخبار کو دینے والا قوم کے سامنے آنا چاہیے، چوہدری نثار[/pullquote]

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ جھوٹی خبر اخبار کو دینے والا قوم کے سامنے آنا چاہیے، اس جھوٹی خبر سے پاکستان میں سنجیدہ نوعیت کی سول ملٹری تقسیم ڈالی گئی، آج تک کسی میٹنگ میں سول ملٹری میں تلخی تو دور کی بات اس کے نزدیک بھی کبھی ماحول پیدا نہیں ہوا، آرمی چیف کےساتھ میٹنگ ہمیشہ کی طرح بہت اچھی تھی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ جب یہ متنازع خبر سامنے آئی تو وزیراعظم کی طر ف سے ابتدائی انکوائری کا فیصلہ ہوا،مجھے وزیر قانون کی سربراہی میں قانونی ٹیم ، وزارت داخلہ اور دیگر کی حمایت حاصل تھی، جس دن سانحہ کوئٹہ ہوا اس سے ایک دن پہلے میں اپنی تجاویز تیار کرچکا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سانحہ کوئٹہ کے دن کوئٹہ میں میٹنگ ہوئی، آرمی چیف نے وزیراعظم سے کہاکہ خبر کی انکوائری کہاں پہنچی، میں نے بتایا کہ انکوائری تیار ہے، میں نے انکوائری اور تجاویز اگلے دن وزیراعظم کو بتائیں ، جہاں میں نے وزیراعظم کوبریفنگ دی اس میں اسحاق ڈار اور شہباز شریف بھی موجود تھے۔چوہدری نثار نے کہا کہ آرمی چیف نے وزیراعظم سے کہا کہ اگر مناسب سمجھیں تو انکوائری اناؤنسمنٹ سے پہلے ہم سےشیئر کرلیں ، اگر تردید کرنی ہے تو آرمی ہاؤس یا آئی ایس پی آر کرے ، عسکری ذرائع کو میں نہیں مانتا، پرویز رشید کے لیے رکارڈ پر معلومات یہ ہیں کہ صحافی آرمی چیف اور وزیراعظم سےمتعلق خبر پر بات کرناچاہتا تھا، پرویز رشید نے اسے دفتربلالیا،پرویز رشید سے کہا ہے کہ اپنا موقف کمیٹی کے سامنے پیش کریں ، میڈیا میں ایشو نہ بنائیں ، وہ مان گئے۔

[pullquote]پرویز رشید کوئی بچہ تو نہیں، عمران خان[/pullquote]

چیئرمین پاکستان تحریک انساف عمران خان نے وزیر داخلہ چوہدری نثار کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز رشید کوئی بچہ تو نہیں ، ٹی وی پر آکر تو بڑی دیر سے ن لیگ کی نمایندگی کررہے ہیں، کیسے ہوگیا کہ اس طرح کی اسٹوری اور دیکھے سوچے سمجھے بغیر رپورٹر کوبھیج دی؟بنی گالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کوئی مان سکتا ہے کہ پرویز رشید کو پتہ ہی نہیں تھاکہ جو اسٹوری آگے بھیج رہا ہے وہ مودی کاموقف ہے ، اب تو اس پر اور زیادہ تفتیش کی ضرورت ہے ، کون ذمہ دار تھا ، کیا پرویز رشید خود یہ اسٹوری آگے بھیج سکتا تھایا اس کے پیچھے شاہی خاندان تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ شاہی خاندان اور پاکستان کا مفاد الگ الگ ہے، یہ اسٹوری فیڈ کی گئی ہے اور پتہ چلوانا ہے کہ اس کےپیچھے کون ہے ، چودھری نثار سے سوال پوچھتا ہوں کہ یہ سارا کچھ کیوں ہورہا ہے، ہم یہ سب اس لیے کررہے ہیں کہ وزیراعظم پاناما لیکس میں رنگے ہاتھ پکڑا جاتاہے ، چوہدری نثار بتائیں کیسے آپ کا ضمیر مانتا ہےکہ آپ کرپٹ آدمی کے لیے کام کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ کیمرون کی کابینہ نے ان سے کہاکہ وہ جواب دیں ، چوہدری نثار ایک کرپٹ آدمی کا کیسے دفاع کررہےہیں ، لال حویلی کو کیوں بند کیا ، وہ تو صرف شیخ رشید کا سگار ہی ہتھیار تھا ، علی امین کی جان کو خطرہ ہے ، اسے دھمکیاں ملی ہوئی ہیں ، ہم اپنی خواتین ، بچوں اور اہل خانہ کو بلارہے ہیں ، بندوقوں والوں کو کیسے بلاسکتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اگر آپ ایک صوبے کوباقی ملک سے کاٹ دیں گے تو کیا اس کا وزیراعلیٰ بولے گا نہیں، ن لیگ بھی اسمبلی میں کہتی ہے کہ سی پیک میں خیبر پختونخوا کو ٹھیک حصہ نہیں ملا ، دونوں بھائیوں نے خود چین جاکر فیصلے کرلیے ، آپ خود چھوٹے صوبوں میں تعصب پیداکررہے ہیں ، ہم نےکبھی بھی بندوقوں کی سیاست کی نہ مارپٹائی کی ، کبھی سنا ہےکہ خیبر پختونخوا میں کسی سیاسی مخالف کو مار پڑوائی ہو۔ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگوں کو پکڑ پکڑ کر جیلوں میں ڈال رہے ہیں یہ کونسی جمہوریت ہے، مشرف کی آمریت اس سے بہتر تھی ، آپ کے دعوے اور زمینی حقائق میں میل نہیں ہے، چوہدری نثار آپ نے نواز شریف کو نہیں اللہ کو جواب دینا ہے ، جب دس لاکھ لوگ شہر میں آئیں گے تو لاک ڈاؤن تو ہوجاتاہے ، ہم جو کررہے ہیں وہ تو حق ہے یہ جو کررہے ہیں وہ قانون کے خلاف ہے ، اگر نواز شریف نے استعفیٰ دیا تو ہمارا احتجاج جشن بن جائے گا ۔

[pullquote]مطالبات پورے نہ ہوئے تو قبل از وقت الیکشن مہم چلائیں گے،بلاول بھٹو[/pullquote]

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو ڈیڈلائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ 7نومبر تک ہمارے4 مطالبات پورے کیے جائیں، مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں قبل ازقت الیکشن مہم چلائیں گے۔ انہوں نے وزیر داخلہ چودھری نثار کے استعفے کا بھی مطالبہ کردیا۔سانحہ کوئٹہ کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس صورتحال میں مٹھائی نہیں بانٹے گی۔ہمیں وزارت داخلہ ، ن لیگ اور شریفستان کی ضرورت نہیں۔

اس موقع پر بلاول بھٹو اپنی شہید والدہ کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ کراچی ایئر پورٹ پر حملہ ہوا تواس وقت ن ليگ کا مطالبہ تھاکہ قائم علی شاہ مستعفی ہوں اور جب ہزارہ برادری کے لوگوں کو قتل کیا گیا تو ن لیگ والے کہتے تھے صدر زرداری استعفا دو،ہمارا مطالبہ ہے کہ وفاقی وزیرداخلہ استعفا دیں۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کے خلاف بولنے کے لیے چودھری نثارکے پاس وقت ہے،وزیرداخلہ میرے،اعتزاز اور ایان کےخلاف پریس کانفرنس کرتے ہیں،دہشت گردی کے خلاف بات کرنی ہوتووزیرداخلہ خاموش ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بدقسمتی ہےکہ وہ امپائرکی انگلی کے بغیرکوئی قدم نہیں اُٹھا سکتا، اس ملک میں جمہوریت ہی رہےگی۔ بلوچستان، پنجاب، سندھ، کےپی اورآزاد کشمیرکے پاس جمہورریت کےعلاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔

[pullquote]علی امین گنڈاپور کی گاڑی سے نکلنے والا اسلحہ میڈیا کے سامنے پیش[/pullquote]

اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر علی امین گنڈا پور کی گاڑی اور متعدد حملہ آوروں سے پکڑاگیا اسلحہ میڈیا کے سامنے پیش کردیا ہے ۔بہارکہو پولیس اسٹیشن میں میڈیا کے سامنے پیش کئے گئے اسلحے میں ایس ایم جی،کلاشنکوف، بلٹ پروف جیکٹس، آنسو گیس گنیں اور دیگر اسلحہ شامل ہے۔ذرائع اسلام آباد پولیس کے مطابق بنی گالہ میں مسلح افراد نے پولیس پر حملہ کیا ،جس پر بروقت کارروائی کی گئی اور متعدد حملہ آوروں کو پکڑ کر ان کے قبضے سے 5کلاشنکوف اور بلٹ پروف جیکٹس برآمد کر لی گئیں۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا سے آنے والے قافلے چیئرمین تحریک انصاف کی رہائشگاہ کی طرف جانے کی کوشش کررہے تھے کہ انہیں کلمہ چوک کے قریب روکا گیا ،اس موقع پر صوبائی وزیرعلی امین گنڈا پور کی گاڑی سے تین بلٹ پروف جیکٹس ، ایک ٹیئر گن ، ایک ایس ایم جی اور 289 راؤنڈزملے ہیں۔

[pullquote]لاہور میں موٹر سائیکل سوار کو تھپڑ مارنیوالے وکیل کی شناخت[/pullquote]

لاہور میں تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران مال روڈ پر ایک موٹرسائیکل سوار کو تھپڑ مارنے والے وکیل کی شناخت ہوگئی،اس کا نام شاہد گوندل ہے جو نیا پاکستان کا ایمبیسیڈر اور تحریک انصاف کا حامی ہے، شاہد گوندل کی عمران خان کے ساتھ تصویریں وائرل ہو گئیں، انہیں تحریک انصاف کا گلو بٹ قرار دیا جا رہا ہے۔جمعے کو لاہور میں تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران تحریک انصاف کے حامی وکلاء مال روڈ پر نکل آئے اور پارٹی کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کرنے لگے ، ٹائر جلائے ،ٹریفک کو بھی روکنا چاہا لیکن جب شہریوں نے وہاں سے گزرنے کی کوشش کی تو شاہد نسیم گوندل نامی وکیل تشدد پر اتر آیا ، گاڑیوں کو زبردستی روکتا رہا ،ایک موٹرسائیکل جس پربچے بھی سوار تھے ،اسےدھکا دینے سےبھی باز نہ آیا۔اب معلوم ہوا ہے کہ یہ وکیل عمران خان کی کیمپین نیا پاکستان کا ایمبیسیڈر ہے، اس کی عمران خان کے ساتھ تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں جن میں اس کا موازنہ گلوبٹ سے کیا جا رہا ہے اور اسے تحریک انصاف کا گلو بٹ کہا جا رہا ہے۔

[pullquote]ترکی :گولن سے تعلق پر مزید 10ہزار ملازمین برطرف[/pullquote]

ترک حکام نے فتح اللہ گولن سے منسلک ہونے کے شبہے میں 10 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین کو فارغ کردیا۔ترکی میں ناکام بغاوت میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے ۔سرکاری اعلامیے کے مطابق فارغ کئے گئے سرکاری ملازمین میں اساتذہ،ہیلتھ ورکرزبھی شامل ہیں ۔اب تک ناکام بغاوت میں ملوث 37 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ ایک لاکھ سرکاری اہلکاروں کو عہدوں سے برطرف کیا جاچکا ہے۔

[pullquote]بریڈپٹ اور انجلینا جولی کا گھر تقریبا 5ملین ڈالر میں بک گیا[/pullquote]

ہالی ووڈ کی مشہور جوڑی انجلیناجولی اور بریڈ پٹ کے تعلقات کشیدہ ہونے کے بعد اب امریکی شہر نیو اورلینز میں واقع ان کا گھر فروخت کردیا گیا ہے۔لینڈ ریکارڈ ز ڈویژن میں فائل کیے گئی دستاویزات کے مطابق انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کا گھر 4 اعشاریہ 9 ملین امریکی ڈالر میں فروخت کردیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق انجلینا جولی اور بریڈ پٹ نے5بیڈ رومز پر مشتمل یہ گھر 2007ءمیں3 اعشاریہ 5ملین ڈالر میں خریدا تھا۔واضح رہے کہ بریڈ پٹ اور انجلینا جولی نے گزشتہ ماہ علیحدگی کا اعلان کیا تھا جبکہ انجلینا کی جانب سے بریڈ پٹ پر بچے پر تشدد کیے جانے والے الزامات کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔

[pullquote]ایف بی آر کا 31اکتوبر کودفاتر رات 8بجےتک کھلے رکھنے کا فیصلہ[/pullquote]

ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے ،ٹیکس اور ڈیوٹی جمع کرنے کے لئے تمام ایل ٹی یو اور آر ٹی یو 31 اکتوبر کو صبح9 بجے سے رات 8 بجے تک کھلے رکھنے کی ہدایت کردی، کراچی انکم ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے انکم ٹیکس رٹرن کی آخری تاریخ میں اضافے کا مطالبہ کردیا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے تمام لارج ٹیکس یونٹ اور ریجنل ٹیکس دفاتر کو ہدایت کی کہ پیر 31 اکتوبر 2016 کو دفاتر کے اوقات کار میں اضافہ کردیاہے ۔ دفاتر انکم ٹیکس گوشوارے ،ٹیکس اور ڈیوٹی وصول کرنے کے لئے 31 اکتوبر کو صبح 9 بجے سے رات 8 بجے تک سہولت فراہم کریں گے ۔

ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 اکتوبر مقرر کی ہے ۔دوسری جانب کراچی انکم ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے چیئرمین ایف بی آر کو خط لکھا ہے کہ ان لائن سسٹم سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔مسائل کی وجہ سے بہت کم انکم ٹیکس گوشوار جمع ہوسکیںگے ۔ اس کی وجہ سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع کی.

[pullquote]ذہنی دبائو اور آلودہ ماحول سے فالج کا مرض بڑھ رہا ہے،ماہرین[/pullquote]

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج فالج سے آگہی کادن منا یا جا رہا ہے، خون کی ترسیل رکنااور دماغ کی شریان پھٹنا اس مرض کی بنیادی وجوہات ہیں۔اس مہلک مرض سےکیسے بچا جا سکتا ہے؟ فالج ایک مہلک اور مفلوج کرنے والا مرض ہے،اس کی بڑی وجوہات میں سگریٹ نوشی، ذیابیطس اور بلند فشار خون شامل ہیں۔ماہرین کے مطابق پاکستان میں ذہنی دباؤ اور آلودہ ماحول کی وجہ سے فالج کا مرض بڑھتا جا رہا ہے،فالج کی دو اقسام میں خون کی نالی کولیسٹرول یا خون کے لوتھڑے سے بند ہو جانااور خون کی نالی کا پھٹ جانا شامل ہیں۔

ماہر امراض اسٹروک ڈاکٹر عائشہ کا کہناتھاکہ پاکستان میں معذورہونے والوں کی اکثریت فالج سے متاثرہ افراد پر مشتمل ہے۔ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں ہر 10 سیکنڈ میں ایک فردا سڑوک کا شکار ہوتا ہے، اس بیماری کا شکار ہونے والے تقریبا 40 فیصدافراد3 ماہ کے اندر موت کے منہ میں جاتے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر خالد احمد نے کہا کہ فالج کی ابتدائی علامات میں مسلسل سردرد، زبان کا عارضی طور پر غیرمتحرک ہوجانا، ٹانگ، بازو کا کمزور ہو جانا اورجھٹکے لگنا شامل ہیں۔ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ 40 سال سے زائد عمر کے افراد نمک اور چکنائی کا استعمال کم اور ورزش کومعمول بنائیں تواسٹروک اور دیگر موذی جیسی مراض کے خطرات سے بچا جاسکتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے