31 اکتوبر کی اہم ترین قومی اور بین الاقوامی خبریں

[pullquote]پی ٹی آئی کو مقررہ جگہ پر احتجاج کرنے کا حکم
[/pullquote]

تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے دو نومبر کو دارالحکومت میں پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے سے متعلق تمام درخواستوں پر سماعت مکمل کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے احتجاج کو مقرر کردہ جگہ تک محدود رکھے. صوبہ پنجاب میں حکام کا کہنا ہے کہ اس احتجاجی دھرنے میں شرکت کے خواہشمند تحریک انصاف کے 1900 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی عارف علوی اور عمران اسماعیل کو بنی گالا سے حراست میں لیا تھا جنھیں بعد میں رہا کر دیا گیا۔
پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک رکنی بینچ نے دھرنے کے خلاف درخواستوں کی سماعت کی۔سماعت کے بعد جسٹس شوکت صدیقی نے پی ٹی آئی کے وکلا کو حکم دیا کہ وہ اپنا احتجاج صرف اسی مقام پر کر سکتے ہیں جس کی نشاندہی عدالت کی جانب سے کی گئی ہے۔
گذشتہ سماعت میں عدالت نے تحریک انصاف کو اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے قریب پریڈ گرؤانڈ میں جلسہ کرنے کا حکم دیا تھا۔جسٹس صدیقی کا کہنا تھا کہ احتجاج آئین کے تحت شہریوں کا حق ہے تاہم کوئی بھی عدالت شہر بند کرنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔عدالت نے اسلام آباد کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھرنے کے باعث مختلف راستوں میں حائل رکاوٹیں ختم کریں۔تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

[pullquote]پنجاب اور خیبرپختونخوا کو ملانے والی سڑک بند،ایف سی تعینات
[/pullquote]

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے اسلام آباد جانے کےاعلان کے بعد موٹر وے اور جی ٹی روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا کو ملانے والی سڑک کو بند کرکے پولیس اور فرنٹیئر کا نسٹیبلری کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔پی ٹی آئی کے کارکنوں کی ہر حال میں بنی گالا پہنچنے کی کوششوں پر انتظامیہ مکمل ایکشن میں آگئی جس نے موٹر وے، جی ٹی روڈ، صوابی انٹرچینج سمیت اسلام آباد آنے والے راستوں پر جگہ جگہ بھاری رکاوٹیں کردی ہیں جو تحریک انصاف کے کارکنوں کی منتظر ہیں ۔اٹک میں خیر آباد کے مقام پر پنجاب اور خیبر پختونخوا کو ملانے والی سڑک کو کنٹینر لگا کر بلاک کردیا گیا، جس کے بعد دونوں صوبوں کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

بنی گالا پہنچنے کی کوشش کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے قافلوں کو روکنے کے لیے پشاور اسلام آباد موٹرے وے بھی بند ہے اور جی ٹی روڈ پر بھی کنٹینر لگادیے گئے ہیں۔تحریک انصاف کے صوابی سے آنے والے قافلوں کو بھی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑے گا، صوابی انٹرچینج سے اسلام آباد کی طرف جانے والے راستوں پر بھی کنٹینر لگا دیے گئے ہیں۔اسلام آباد میں موٹروے کے ایگزٹ پوائنٹس پر بھی کنٹینر کارکنوں کے منتظر ہیں،اسلام آباد کی طرف آنے والے تمام راستوں پر پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کی بھاری نفری تعینات ہے.وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک کی قیادت میں پی ٹی آئی کے قافلے نے حضرو پہنچ کرپولیس کی جانب سے کھڑی کی گئی رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش کی جس کے دوران ان کی پولیس سے جھڑپیں ہوئی ہیں۔

ادھر خیبر پختون خواہ کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا قافلہ صوابی سے موٹر وے پر پہنچا تو پولیس کی جانب سے ان پر آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، پی ٹی آئی کارکنوں نے متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی اور ان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کہ آج اسلام آباد نہیں پہنچ سکے تو کل پہنچیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج ظلم کے خلاف کھڑا ہونے کا وقت ہے، کارکن انتظامیہ کو انگیج کریں، ہم راستہ بنائیں گے.

[pullquote]پنجاب بھر سے 838 افراد کو گرفتار کیا گیا،وزیرقانون پنجاب رانا ثنا اللہ
[/pullquote]

وزیرقانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر سے 838 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، نہ کسی سیاسی کارکن کے گھر پر چھاپا مارا، نہ کسی خاتون کارکن کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ نعیم الحق اور شاہ محمود قریشی نے ہزاروں کارکنوں کی گرفتاری کی بات کی،ہماری طرف سے جو بھی بات ہوتی ہے وہ رد عمل میں ہوتی ہے۔وزیر قانون رانا ثنا اللہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پورے پنجاب میں دس لوگ نہیں نکلے آپ کے لیے،آج بنی گالا کی تلاشی لی جائے تو وہاں سے چرس، ہیروئن اور افیون برآمد ہوگی.

[pullquote]صدر پاکستان کے پی کے میں گورنر راج نافذ کرسکتے ہیں
[/pullquote]

گورنرخیبرپختونخوا اقبال ظفرجھگڑا نے اسلام آباد میں اہم ملاقاتیں کی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر کی تجویز ملنے پر صدر پاکستان کے پی کے میں گورنر راج نافذ کرسکتے ہیں۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ خیبرپختون خوا میں آئین کےآرٹیکل 234 کے تحت گورنر راج لگایا جاسکتا ہے۔ تاہم دوسری جانب وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ خیبر پختون خواہ میں گورنر راج نافذ نہیں کیا جائے گا .

[pullquote]طاقتور شخص کو بچانے کیلئے پرویز رشید کی قربانی دی گئی،اعتزاز احسن
[/pullquote]

پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزازاحسن نے کہا ہے کہ پرویزرشید کو خبر لیک ہونے کے معاملے پر قربانی کا بکرابنایا گیا ہے،ن لیگ ہمیشہ کمزورکو نشانہ بناتی ہے ماضی میں مشاہد اللہ کو بھی قربانی کا بکرا بنایا گیا تھا۔لاہورمیں سپریم کورٹ بارکے انتخابات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں اعتز از احسن کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کی باتیں زیادہ تر مسلم لیگ ن کے دور میں ہوتی ہیں ، پرویز رشید بھی قومی سلامتی کے معاملے میں مارے گئے ۔پیپلز پارٹی نے قومی سلامتی کے نام پرکبھی کسی کو گرفتار نہیں کیا ،اصل ایکشن اس کے خلاف ہونا چاہیے جس نے خبر دی۔پاناما پیپرز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جن خاندانوں کے نام ہیں ان کا احتساب ہونا چاہیے۔ میاں نواز شریف نے جس سال زیرو ٹیکس دیا تھا اس سال انہوں نے اربوں کی جائیدادیں خریدیں ، ان کا احتساب ہمارے ٹی اورز کے مطابق ہونا چاہیے۔اسلام آباد جانے والے راستے بند کرنے کے حوالے سے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ پنجاب سرکار کے نزدیک اقتدار بچانا قومی مفاد سے زیادہ عزیز ہے.

[pullquote]دہشت گردوں کو گرفتار کرائیں، لاکھوں ریال پائیں،سعودی عرب
[/pullquote]
سعودی وزارت داخلہ نے 9 دہشت گردوں کی گرفتاری میں مدد دینے پر لاکھوں ریال کے انعام کا اعلان کیا ہے۔سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان میجرجنرل منصور الترکی نے کہا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران قطیف گورنری اور الدمام شہر میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ متعدد خطرناک افراد ان واقعات میں ملوّث تھے۔انھوں نے کہا کہ ان دہشت گردی حملوں میں سعودی شہریوں ،تارکین وطن اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، مشتبہ دہشتگردوں میں 8 سعودی اور ایک بحرینی شہری ہے۔وزارت داخلہ کےمطابق مشتبہ دہشت گردوں کی گرفتاری میں مدد دینے والے کو 10 لاکھ ریال انعام دیا جائے گا، فراہم کی گئی معلومات پر گرفتاری عمل میں آنے یا دہشتگرد حملہ ناکام بنائےجانے کی صورت میں انعامی رقم بڑھا کر 50 سے 70 لاکھ ریال کردی جائےگی

[pullquote]حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان
[/pullquote]

وفاقی حکومت نے نومبر میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز دی گئی تھی اور نئی قیمتوں کی سمری وزرارت پیٹرولیم کو بھجوائی گئی تھیں۔وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وزیراعظم میاںنواز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا.

[pullquote]میکسیکومیں ہزاروں مُردے سڑکوں پر آگئے
[/pullquote]

میکسیکو میں سالانہ لا کترینہ فیسٹول منانے کیلئے ہزاروں لوگوں نے مْردوں کا میک اپ کر کے سڑکوں پر مارچ کیا۔لا کترینہ کا لفظ ڈھانچے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، اسی لئے میکسیکو سٹی میں لوگ مْردوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خوفناک روپ اختیار کرتے ہیں۔جنوبی امریکا میں منائے جانیوالے مْردوں کے دن لوگ اپنے پیاروں کو یاد کرتے ہیں اور انکی بخشش کیلئے عبادت کرتے ہیں.

ملک بھر میں موسم تبدیل،موسمی بیماریوں میں اضافہ

ملک کے میدانی علاقوں میں موسم تبدیل ہوتا جا رہا ہے،جاتی گرمیوں کےساتھ ہی رات اور صبح کے اوقات میں موسم خنک ہو گیاہے جبکہ بدلتے موسم کے باعث موسمی بیماریوں میں اضافہ شروع ہو گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا جبکہ محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے، تاہم مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بعض مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔

ادھر سندھ ، پنجاب اور بلوچستان کا موسم روز باروز تبدیل ہوتا جا رہا ہے ،رات اور صبح کے اوقات میں موسم خنک ہوتا ہے جبکہ بدلتے موسم کے باعث موسمی بیماریوں کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے جس میں کھانسی ، زکام ، بخار جیسے مسائل ہرگھر میں کسی نہ کسی فرد کو اپنی گرفت میں لیکر رکھا ہوا ہے تاہم بالائی علاقوں کے اکثر علاقوں میں موسم خشک اور سردہے۔کوئٹہ اور گردونواح میں موسم خشک ہے، وادی میں کم سے کم درجہ حرارت ایک ڈگری سنٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر اور ملحقہ علاقوں میں خشکی کی صورت حال برقرار ہے جبکہ وادی میں کم سے کم درجہ حرارت میں کمی آرہی ہے، آج کم سے کم ایک درجہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ، پارہ میں کمی کی وجہ سے وادی میں رات اور خاص طور پر صبح کے وقت خنکی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور لوگ گرم ملبوسات کا استعمال کررہے ہیں ، آئندہ24 گھنٹوں کے دوران وادی کوئٹہ میں موسم خشک رہنے کا ا امکان ہے۔

ملتان میں درجہ حرارت میں بتدریج کمی سے موسم میں خنکی بڑھ رہی ہے جبکہ ہلکی دھند کا سلسلہ بھی جاری ہے۔محکمہ موسمیات کی پشین گوئی کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں تک ملتان اور گرد و نواح کا موسم خشک رہنے کا امکان ہے، آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 17 اعشاریہ 4 ریکارڈ کیا گیا ہے جو زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد رہا ہے محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان کے نواحی علاقوں میں ہلکی دھند کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے دھند کی وجہ سے حد نظر 800 میٹر تک ہے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے