آج 1 یکم نومبر2016 کی اہم ترین قومی اور بین الاقوامی خبریں ، صرف ایک کلک پر

[pullquote]عدالتی کمیشن کا قیام بہت بڑی کامیابی ہے، عمران خان[/pullquote]

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ عدالتی کمیشن کا قیام بہت بڑی کامیابی ہے، جو بھی فیصلہ آیا تسلیم کروں گا،آج پاکستان کی نئی تاریخ بنی ہے، سپریم کورٹ نے وقت نہیں دیا، پرسوں سے تلاشی شروع ہونی ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت خوش ہوں، کل ہم جشن منائیں گے ،آج کے فیصلے سے لوگ ابھی غصے میں ہیں، انہیں کل سمجھاؤں گا کہ ہم نے کیا کچھ حاصل کرلیا ہے۔پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفت گوکرتے ہوئے مزید کہا کہ ہمارے ٹی او آرحکومت نہیں مان رہی تھی، اس حوالے سے اب سپریم کورٹ فیصلہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کل غلط اطلاع ملی تھی کہ 2 کارکن شہید ہوئے، دونوں کارکن زخمی ہیں، سپریم کورٹ نے نیب کو کہا کہ 6 مہینوں سے یہ کام کیوں نہیں کیا،عوام کے پریشر کی وجہ سے انصاف ملتاہے،ساؤتھ کوریا میں بھی لاک ڈاؤن ہے، کوئی آنسوگیس کی شیلنگ نہیں ہوئی۔عمران خان کہتے ہیں کہ سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گی وہ قبول ہوگا، جوڈیشل کمیشن کے فیصلے پر تکلیف ہوئی لیکن قبول کیا،الیکشن میں دھاندلی پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا،سپریم کورٹ کا کمیشن جو بھی فیصلے کرے گا قبول ہوگا،انہوں نے مطالبہ نہیں مانا اس لیے 126 دن کا دھرنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ میں ووٹ بینک کا غلام نہیں، ووٹ بینک کی پروا نہیں کرتا، اپنے ضمیر کے مطابق چلتا ہوں،اس کمیشن کے پاس انویسٹی گیشن کا اختیار ہے،شیخ رشید نے جیسے گاڑی پر چڑھ کر سگار لگایا میں ان کا ایکسٹرا فین بن گیا ہوں۔عمران خان نے کہا کہ ہم نے طاقت 2نومبر کو دکھانی تھی، پنڈی جلسہ تو وارم اپ میچ تھا،ہم 7 مہینے سے پاناما پر کمیشن چاہ رہے تھے،پنڈی جلسہ نیٹ پریکٹس تھا۔

[pullquote]گڈانی:بحری جہاز میں دھماکا،11افراد جاں بحق
[/pullquote]
بلوچستان کے علاقے گڈانی میں لنگر انداز بحری جہاز میں دھماکے سے 11افراد جاں بحق اور45سے زائدزخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق گڈانی شپ بریکنگ میں لنگر انداز بحری جہاز میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی ، جس کے نتیجے میں 11افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 45زخمی ہوگئے۔ فوری طور پر دھماکے کی نوعیت معلوم نہیں ہوسکی۔

دھماکے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور لاشوں و زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایدھی ذرائع نے 11افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔

[pullquote]عمران خان کی گفتگو ہارے ہوئے کپتان کی تھی، سعد رفیق
[/pullquote]

وفاقی وزیر سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران خا ن کی گفتگو ہارے ہوئے کپتان کی تھی، وہ پہلے خود کو قابل اعتماد ثابت کریں، انہیں پریڈ گراؤنڈ جانا ہے تو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے رابطہ کریں۔

سعد رفیق کا پی ٹی آئی کے سربراہ کے تازہ ترین فیصلے کے حوالے سے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہنا ہے کہ ہم عمران خان کی بات کا جائزہ لے رہے ہیں ، اُن کی بات کا اعتبار نہیں کیا جاسکتا ۔

انہوں نے کہا کہ وہ جو کہتے ہیں وہ کرتے نہیں اور جو کرتے ہیں وہ بتاتے نہیں ، جو کام سپریم کورٹ نے آج کیا ہے ہم اسی کی طرف تو جارہے تھے ۔

سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ یہ ہمارے اصولی مؤقف کی جیت ہے،آخر کار ہنگامہ کرنے والوں نے مان لیا کہ فیصلہ ڈی چوک یا دھرنے میں نہیں سپریم کورٹ میں ہوگا۔

[pullquote]نواز شریف خیبر پختونخوا کے عوام سےمعافی مانگیں، نعیم الحق[/pullquote]

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق کہتے ہیں کہ وزیر اعظم نواز شریف خیبر پختون خوا کے عوام سےمعافی مانگیں،وزیراعظم کی بات پر اب کسی کو یقین نہیں رہا۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ لوگ صرف ایک صوبے کے ووٹ لے کر سمجھتے ہیں کہ پاکستان ان کی بادشاہت ہے،دونوں بھائیوں سے کہتا ہوں آپ کا وقت قریب آچکا ہے۔

[pullquote]عمران کا مؤقف کسی کی جیت یا ہار نہیں، چوہدری نثار
[/pullquote]

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ عمران خان کا مؤقف کسی کی جیت یا ہار نہیں ہے، جیت ہماری پاکستان، ہمارے بچوں کے مستقبل کی ہوئی ہے

انہوں نے پریس بریفنگ کرتے ہوئے مزید کہا کہ پچھلے چند دن سیاسی طور پر کافی تلخ رہے، پاکستان کی جیت اپنے اداروں پر اعتماد میں ہے،عمران خان کے کہنے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں،سیاسی مخالفت دشمنی کا روپ لے لے تو عوام دشمنی کے زمرے میں آتا ہے۔

چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں کےشہریوں کا شکریہ ادا اور ان سے معذرت بھی کرنا چاہتا ہوں، خیبر پختونخوا کے عوام کا بھی شکریہ کرتا ہوں اور معذرت کرتا ہوں، پنجاب کے کئی علاقے ہیں جہاں اس تلخی کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے، حکومت کی کوشش تھی کہ معاملہ صلح صفائی سےحل ہو جائے،جلسے سے لے کر جلسی تک کوئی رکاوٹ نہ بنے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پختون مہمان نواز قوم ہے،تاہم پرویز خٹک غلط روایت قائم کر رہے تھے، جب لاؤ لشکر کی بات ہوتی ہے تو وفاق کی طاقت زیادہ ہوتی ہے، یہ تاثر بہت غلط تھا کہ پختونوں کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، کے پی کے کا نہیں، ایک صوبائی حکومت کا راستہ روکا گیا تھا۔

چوہدری نثار نے کہا کہ جب اسلام آباد کو بند کرنے کا اعلان ہوا تو رکاوٹیں لگائی گئیں، سرکاری کرینوں، سرکاری ماسکس، سرکاری لفٹرز سے مقابلہ کرنا ہے تو وفاق کی حکومت تو بہت تگڑی ہوتی ہے،پنجاب پولیس کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے صرف آنسو گیس سے قانون اور ریاست کی رٹ کو بحال رکھا،پولیس ن لیگ کی نہیں، وزیر داخلہ کی نہیں، یہ پاکستان کی پولیس ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت اور عدالتوں نے شہریوں کے بنیادی حقوق کی ذمے داری پوری کی، اپنے اداروں پولیس، انٹیلی جنس ایجنسیز اور عدلیہ پر اعتماد کرنا چاہیے، سراج الحق کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے کہا کہ مسئلہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کا نہیں ہے، بات سیاستدانوں کی ہے۔

چوہدری نثار کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے ثابت کیا کہ وہ قانون کی عمل داری کراسکتے ہیں،کاش نہ گرفتاریاں ہوتیں اور نہ آنسو گیس کی شیلنگ ہوتی،اسلام آباد کو میدان جنگ بننے سے بچایا گیا،دھرنے کے بعد وعدے کا پاس نہ رکھنے پر عمران سے 44سال کا تعلق توڑا، ورنہ جس سے دوستی ہو اس سے ماردھاڑ نہیں کرتے، نہ میں خوشامدی ہوں، نہ عقل کل اور نہ ضمیرفروش ہوں۔

[pullquote] سعودی فرمانروا نے اہم سرکاری عہدیداروں کو سبکدوش کردیا
[/pullquote]

0
0
سعودی فرمانروا نے متعدد اہم سرکاری عہدوں پر تعینات حکام کو ان کے عہدوں سے سبکدوش کر کے ان کی جگہ نئی تعیناتیاں کی ہیں۔

سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین نے ایک شاہی فرمان کے تحت مملکت کے وزیر مالیات ابراہیم العساف کو ان کے عہدے سے سبکدوش کرنے کے بعد کیپیٹل مارکیٹ اتھارٹی کے سربراہ محمد الجدعان کو نیا وزیر مالیات مقرر کیا ہے۔

محمد القاسم کو سعودی ہلال احمر کا اعلیٰ اختیاراتی سربراہ مقرر کیا گیا ہے،ہشام الجضعی جنرل اتھارٹی فار فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے سربراہ حاتم المرزوقی اسلامی یونیورسٹی کے سینئر ڈائریکٹر مقرر کئے گئے ہیں۔

دوسرے شاہی فرمان کے مطابق عبدالعزیز العوہلی کو پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سربراہ کے عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ رمیح الرمیح کو اتھارٹی کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

عبدالعزیز الجاسر کو محکمہ موسمیات اور ماحولیاتی تحفظ کے سربراہ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے

[pullquote]بھارتی فوجیوں نے اکتوبر میں17کشمیری شہید کئے
[/pullquote]

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ماہ اکتوبر میں 17کشمیریوں کو شہیدکیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں کی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں میں اکتوبر میں 2 لڑکوں سمیت 17 کشمیریوں کو شہید کیا۔

بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی مظاہرین پرپیلٹ گن اور آنسوگیس سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے ایک ہزا ر2 سو76 کشمیری شدیدزخمی ہوئے جبکہ اس عرصے کے دوران1ہزار5سو48شہریوں کو جن میں بیشتر نوجوان اور حریت کارکن شامل تھے گرفتار کیاگیا۔

[pullquote]النصرہ فرٹ کی بمباری سے 84افراد ہلاک ہوئے، شامی فوج
[/pullquote]

شامی فوج نے الزام لگایا ہے کہ حلب میں النصرہ فرنٹ کی بمباری کے نتیجے میں گزشتہ 3 روز کے دوران 84 افراد ہلاک ہوئے۔

ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، جبکہ القاعدہ سے تعلق رکھنے والے اس گروپ نے اس دوران کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال بھی کیا ہے۔

النصرہ فرنٹ نے رواں برس جولائی میں اپنا نام بدل کر جبہ فتح الاسلام رکھ لیا تھا، یہ گروپ شامی فورسز کے زیر کنٹرول حلب کے مغربی حصے میں حملے کرنے والے اہم گروپوں میں سے ایک ہے۔

[pullquote]شارجہ:دوسری اننگز میں پاکستان مشکلات کا شکار، 87 پر چار آؤٹ[/pullquote]

شارجہ ٹیسٹ میں ٹیم پاکستان شدید مشکلات میں گھر گئی ہے، ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 56 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد، اب دوسری اننگز میں صرف 87 رنز پر پاکستان کےچار کھلاڑیوں کو پویلین بھی پہنچا دیا۔

میچ کے تیسرے دن ویسٹ انڈیز نے 244 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ اننگزشروع کی،نائنٹیز پر موجود اوپنر کریگ بریتھ ویٹ نے شاندار سنچری مکمل کی۔

ٹیلنڈرز نے بھی ان کا خوب ساتھ دیا، لیکن ایک ایک کر کے آؤٹ ہوتے گئے۔ پوری ٹیم 337رنز بنا سکی، لیکن بریتھ ویٹ 142 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے اور بیٹ کیری کا اعزاز حاصل کیا، وہاب ریاض نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، محمد عامر کو تین وکٹ ملیں۔

پاکستان نے دوسری اننگز 56 رنز کے خسارے کے ساتھ شروع کی لیکن بیٹسمینوں کے قدم ڈگمگا گئے، جیسن ہولڈر نے سمیع اسلم کو 17، اسد شفیق اور یونس خان صفر پر چلتا کیا، مصباح الحق چار رنز بناکر چیز کا شکار بنے۔

اوپنر اظہر علی 45 اور سرفراز احمد 19رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں، دوسری اننگز میں پاکستان کو ویسٹ انڈیز پر 31 رنز کی برتری حاصل ہے اور اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔

[pullquote]ویسٹ انڈیز337پرآؤٹ، پاکستان کیخلاف 56رنز کی برتری[/pullquote]

تیسرے کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 337رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، یوں اسے پاکستان کے خلاف 56رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے، بریتھ ویٹ نے 142رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں ویسٹ انڈیز نے آج 244رنز 6کھلاڑی آؤٹ پر نامکمل اننگز شروع کی، بریتھ ویٹ 95اور ہولڈر نے 6رنز کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا، پاکستان کو جلد ہی پہلی کامیابی ملی اور ہولڈر 16رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، اس دوران بریتھ ویٹ نے اپنی سنچری مکمل کی، بریتھ ویٹ اور بشو نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 60رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا، بشونے 27رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔

جوزف اور گیبریل زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور بالترتیب 6اور صفر پر آؤٹ ہوگئے، ویسٹ انڈیز کی اننگز کی خاص بات بریتھ ویٹ کے ناقابل شکست 142رنز تھے۔یوں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 337رنز پر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کے پہلی اننگز کے اسکور 281 پر 56رنز کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض نے پانچ، محمد عامر نے تین جبکہ ذوالفقاربابر اور یاسر شاہ نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

[pullquote]باکسر عامرخان کو بلیک میلنگ کی کوشش ناکام[/pullquote]

باکسنگ چیمپئن پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان کو جعلی جنسی اسکینڈل کے ذریعے بلیک میل کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی ،مجرم نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ۔

برطانیہ کی بولٹن کراون کورٹ میں آج مقدمے کی سماعت ہوئی،27 سالہ حمزہ دین نے اعتراف کرلیا کہ اس نے 22 مارچ کو سابق چیمپئنعامر خان کی مینجمنٹ کو دھمکی آمیز ای میل بھیجی ۔

ای میل میں کہا گیا تھا کہ وہ رقم ادا کریں ورنہ وہ میڈیا کوعامرخان کے ایک خاتون کے ساتھ ہوٹل کے کمرے میں جنسی عمل کی فوٹیج میڈیا کوجاری کردے گا جبکہ اسٹارباکسر کی کسی لڑکی کے ساتھ ایسی فوٹیج کا وجود ہی نہیں تھا ۔

اناڑی بلیک میلرنے ہیری ڈین کے نام سے جعلی نام سے ای میل کی، لیکن اسے اپنے اصلی نام سے لنک کردیا۔

مجرم کے وکیل نے کہا کہ اس کا موکل دہری شخصیت کا حامل ہے اورجس طریقے سے اس نے یہ بے ہودہ تماشا کیا اس میں کامیابی کے امکانات نہیں تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے