بجلی نہ پانی ،شدید گرمی ،کراچی میں 110 جان بحق

کراچی میں شدید گرمی سے کم از کم 110 افراد ہلاک

150621152153_karachi_heatwave_640x360_epa

پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور گذشتہ دو دنوں میں گرمی اور لو لگنے سے کم سے کم 110 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں کی اکثریت عمر رسیدہ افراد کی ہے۔

صوبائی سیکریٹری صحت ڈاکٹر سعید کے مطابق جناح ہسپتال میں 75، لیاری جنرل ہسپتال میں نو، سول ہسپتال میں دو اور عباسی شہید ہسپتال میں 24 افراد جاں بحق ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

صوبائی سیکریٹری صحت کے مطابق تمام ہلاکتوں کی وجہ گرمی کی موجودہ شدید لہر ہے۔

واضح رہے کہ ساحلی شہر گذشتہ 24 گھنٹوں سے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ سنیچر کو درجۂ حرارت 44 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

کراچی میں جون سنہ 1979 میں ریکارڈ 47 سینٹی گریڈ گرمی پڑی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ بحیرۂ عرب میں لو ڈپریشن یا کم دباؤ کی وجہ سے معمول کی ہوا میں کمی ہوئی تھی جس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا۔

شہر کے سب سے بڑے سرکاری ہپستال جناح پوسٹ گریجویٹ ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی نے بی بی سی کو بتایا کہ سنیچر اور اتوار کو دس دس افراد کو مردہ حالت میں لایا گیا، جبکہ چار کی موت شعبۂ حادثات میں ہوئی۔

ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اکثریت عمر رسیدہ افراد کی ہے جن کو تیز بخار اور الٹی کی شکایت تھی جبکہ گرمی کے باعث پہلے سے بیمار افراد کی بھی طبیعت بگڑ گئی۔

فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ دو روز میں اس نے 30 سے زائد افراد کو مردہ حالت میں ہپستالوں تک پہنچایا ہے جبکہ اسی عرصے میں ایدھی سرد خانے میں لاشوں کی آمد میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے رضاکار انور کاظمی کا کہنا ہے کہ قدرتی طور پر ہلاک ہونے والے لوگوں کی میتیں بھی بڑی تعداد میں سرد خانے لائی گئی ہیں کیونکہ لواحقین کو یہ خدشہ ہے کہ کہیں سخت گرمی کی وجہ سے میتیں خراب نہ ہوجائیں۔

دوسری جانب شہر کے کئی علاقوں میں گرمی کے دوران بجلی کی عدم فراہمی نے لوگوں کو مشتعل کردیا۔ ابو الحسن اصفہانی روڈ اور گلشن اقبال سمیت کئی علاقوں میں شہریوں نے احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔ بجلی کی عدم دستیابی نے شہر میں جاری پانی کی قلت کو بھی سنگین کردیا ہے۔

150601234646_karachi_water_crisis_640x360_bbc_nocredit
کے الیکٹرک کے مطابق گرمی کے باعث بجلی کی کھپت میں اضافے کی وجہ سے مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ فیلڈ فورس نے کافی حد تک فالٹ دور کردیئے ہیں۔ فیڈرل بی ایریا، گلشن، نارتھ ناظم آْباد، نارتھ کراچی، جمشید روڈ، ابو الحسن اصفہانی روڈ، شاہ فیصل اور کورنگی کے علاقے میں دشواری کا سامنا ہے۔

ترجمان کے مطابق مشتعل افراد کے حملوں کے سبب ان علاقوں میں فالٹس کی درستگی میں تاخیر ہو رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے مرمت کے کام پر مامور عملے کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کردیا گیا ہے اور اگلے دس سے بارہ گھنٹوں میں صورتحال میں واضح بہتری آئیگی۔

دریں اثناء پاکستان کے محکمہ موسمیات کے ایک ڈائریکٹر محمد حنیف نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ گرمی کی یہ شدت پری مون سون بارشوں یا مون سون کی ابتدائی بارشوں کے ہونے تک برقرار رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کے کچھ علاقوں میں سنیچر کو پہلی بارش ہوئی ہے اور اب ان بارشوں کا دوسرا دور ہو گا جس کی وجہ سے پنجاب کے 90 فیصد علاقے اور سندھ کے 68 فیصد علاقے میں بارشیں ہوں گی۔

تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ اب تک ملنے والے ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ اس سال مون سون کمزور ہو گا اور گرمی کی لہر کچھ عرصہ تک چلے گی۔

بشکریہ

بی بی سی اردو

رپورٹ :ریاض سہیل

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے