افغانستان سرحد پر دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے میں تعاون کرے،آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان صدر اشرف غنی کو ٹیلی فون کرکے دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر افسوس کا اظہار کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں حالیہ دنوں میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات اور ان کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ آرمی چیف نے افغانستان پر زور دیا کہ وہ دہشت گردوں کی سرحد پر نقل و حرکت کو روکنے میں تعاون کرے۔

آرمی چیف نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو روکنے کے لیے موثر بارڈر مینجمنٹ میکنزم اور انٹیلی جنس شیئرنگ کی تجویز بھی پیش کی۔

بیان کے مطابق آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ ‘ایک دوسرے پر الزام تراشیوں سے خطے میں امن دشمن عناصر کو فائدہ پہنچتا ہے’۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ ‘پاکستان سے دہشت گردوں کی تمام محفوظ پناہ گاہوں کو ختم کردیا گیا ہے’۔

بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل باجوہ نے گزشتہ چند برسوں کے دوران دونوں برادر ممالک میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات پر دکھ کا اظہار کیا۔

آرمی چیف اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے افغان حکومت اور عوام کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہے جو خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کرتا آیا ہے اور اس دوران شدت پسندوں کے تمام محفوظ ٹھکانوں کو ختم کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: آرمی چیف کا امن کیلئے افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم

آرمی چیف نے مزید کہا کہ ‘دونوں ملکوں کو آپریشن ضرب عضب میں حاصل ہونے والی کامیابیوں سے فائدہ اٹھانے پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیئے’۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے آرمی چیف جنرل باجوہ کا شکریہ ادا کیا اور خطے کے امن و استحکام کو بہتر بنانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کابل میں متعدد افراد نے شدت پسندوں کی مبینہ حمایت پر پاکستانی سفارتخانے کے باہر پاکستان کے خلاف احتجاج کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ‘دہشت گردوں، سہولت کاروں کا گٹھ جوڑ ختم کیا جائےگا’

مظاہرین نے پاکستان کی خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے خلاف بھی نعرے بازی کی تھی۔

مظاہرین نے کابل میں پاکستانی سفارتخانے کو ‘جاسوسوں کا گھونسلہ’ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ‘آئی ایس آئی باغیوں کی معاونت کرتی ہے اور ملک میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کی پیچھے بھی اسی کا ہاتھ ہے’۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے