آج کی عالمی خبریں

[pullquote]تمدنی و تاریخی مقام پالمیرا پھر داعش کی زد میں
[/pullquote]

شام کے آثار قدیمہ کے محکمے کے سربراہ مامون عبدالکریم نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا ہے کہ قدیمی و تمدنی شہر پالمیرا کے ایک اہم حصے کو ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے عسکریت پسندوں نے بارود سے اڑا دیا ہے۔ رومن تھیٹر کے سامنے واقع سولہ ستونوں کے حامل مقام ٹیٹراپائلون کو عسکریت پسندوں نے تباہ کر دیا ہے۔ مامون عبدالکریم کے مطابق اب سولہ میں سے بارہ ستونوں کا ملبہ ان کے درمیان واقع پلیٹ فارم پر گرا پڑا ہے اور صرف چار تباہی سے بچ گئے ہیں۔ پالمیرا پر قبضہ کرنے کے بعد شامی فوج کو ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے گزشتہ برس دسمبر میں ایک مرتبہ پھر پسپا کر دیا تھا۔ اس طرح دوسری مرتبہ جہادیوں نے یونیسکو کے عالمی ورثے کی فہرست میں شامل اِس مقام کو روند ڈالا۔

[pullquote]ڈونلڈ ٹرمپ آج بطور امریکی صدر حلف اٹھائیں گے
[/pullquote]

ارب پتی کاروباری شخصیت اور ری پبلکن سیاستدان ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے پینتالیسویں صدر کی حیثیت سے آج بیس جنوری کو اپنے منصب کا حلف اٹھائیں گے۔ اُن کی حلف برداری کے ساتھ ہی باراک اوباما بطور امریکی صدر سبکدوش ہو جائیں گے۔ اُن کے نائب صدر مائیک پینس بھی آج ہی حلف اٹھائیں گے۔ ٹرمپ سے حلف امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس لیں گے۔ اُن کی حلف برداری کی مختلف تقریبات میں آٹھ لاکھ افراد کے شریک ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ ٹرمپ کے سینکڑوں حامی بھی واشنگٹن میں گزشتہ سہ پہر سے پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ ری پبلکن پارٹی کے پلیٹ فارم سے گزشتہ برس ڈیموکریٹک پارٹی کی ہیلری کلنٹن کو شکست دے کر صدر منتخب ہوئے تھے۔

[pullquote]افغان سکیورٹی فورسز کی کارروائی، چار عسکریت پسند ہلاک
[/pullquote]

افغان حکام کے مطابق شمالی افغانستان میں ایک خصوصی آپریشن کے دوران طالبان کے چار مبینہ جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ اس آپریشن میں دو غیر ملکی مشتبہ باغیوں کے گرفتار ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے دونوں مبینہ باغیوں کا تعلق اسلامک موومنٹ برائے ازبکستان سے ہے۔ افغان صوبے سرِ پُل کے گورنر کے ترجمان ذبیح اللہ امانی نے بھی سرِپل میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کی تصدیق کی ہے تاہم ترجمان نے آپریشن کا مقام بتانے سے گریز کیا۔ یہ امر اہم ہے کہ حالیہ کچھ عرصے کے دوران شمالی افغانستان میں ازبکستان کی انتہاپسند تنظیم اسلامک موومنٹ خاصی فعال محسوس کی جا رہی ہے۔

[pullquote]اسپین میں برفباری، تقریباً دو ہزار افراد محصور ہو کر رہ گئے
[/pullquote]

اسپین میں جمعرات انیس جنوری کی رات میں ہونے والی شدید برفباری کے باعث کئی شاہراہیں بند ہو کر رہ گئی ہیں ۔ اس بندش کے باعث تقریباً دو ہزار لوگ اپنی اپنی گاڑیوں، بسوں اور ٹرکوں میں مقید ہو کر رہ گئے۔ ہسپانوی فوج کے ایمرجنسی دستوں نے مختلف شاہراہوں پر برفباری میں پھنسے لوگوں میں کمبل اور گرم مشروبات تقسیم کیے۔ فوجی اور فائرفائٹرز سڑکوں پر سے برف کو ہٹانے میں مصروف ہیں۔ اس برفباری کی وجہ سے چند ایک ریل گاڑیوں کو بھی روکنا پڑا۔ ہسپانوی محکمہٴ موسمیات کے مطابق آج بھی مزید برف گرنے کا قوی امکان ہے اور اِس باعث درجہٴ حرارت نقطہٴ انجماد سے گرا رہے گا۔

[pullquote]چین سے مثبت مکالمت چاہتے ہیں، تائیوانی صدر
[/pullquote]

تائیوان کی خاتون صدر سائی اِنگ وین کے پانچ جنوری کو کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کو لکھے گئے خط کی تفصیلات عام کر دی گئی ہیں۔ یہ تفصیلات خاتون صدر کے دفتر کی طرف سے جاری کی گئیں۔ اس خط میں صدر سائی نے لکھا کہ تائیوان، چین کے ساتھ امن کے ایک نئے دور کے آغاز کا خواہش مند ہے کیونکہ کوئی بھی ممکنہ فوجی کارروائی مسائل کو حل کرنے میں مددگار ثابت نہیں ہو سکتی۔ دوسری جانب چین اور تائیوان کے مابین تنازعے کے حوالے سے یہ بھی اہم ہے کہ واشنگٹن میں آج جمعے کو نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری میں تائیوان کا وفد بھی شامل ہے۔ یہ بھی چین اور تائیوان کے مابین نئی کشیدگی کی وجہ بن چکی ہے۔

[pullquote]سویڈن کی آبادی ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی
[/pullquote]

سویڈش حکام نے بتایا ہے کہ اُن کے ملک کی آبادی دس ملین سے بڑھ گئی ہے۔ سویڈن کے شماریات کے محکمے کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق سویڈن کی آبادی ایک کروڑ چونسٹھ تک پہنچ گئی ہے۔ سن 2004 میں سویڈن کی آبادی نوے لاکھ تک تھی۔ گزشتہ تیرہ برسوں میں اس اضافے کی بڑا سبب وہ پچھتر فیصد افراد ہیں جو مہاجرت کے بعد سویڈن میں سکونت پذیر ہوئے۔ سویڈش محکمہٴ شماریات کے مطابق غیر ممالک میں پیدا ہو کر سویڈن منتقل ہونے والوں میں فن لینڈ کے لوگوں تعداد سب سے زیادہ ہے۔

[pullquote]اٹلی: برفانی تودوں کی زد میں آنے والے لاپتہ افراد میں سے آٹھ کو زندہ نکال لیا گیا
[/pullquote]

آج جمعہ، بیس جنوری کو اطالوی علاقے پینے کے ہوٹل ریگو پیانو پر گرنے والے برفانی تودوں تلے دبے افراد کی تلاش میں امدادی ٹیموں کو کچھ کامیابی ملی ہے۔ امدادی ٹیمیں برف تلے دبے آٹھ افراد کو زندہ نکالنے میں کامیاب رہی ہیں۔ ان میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ تین منزلہ ہوٹل پر گرنے والی برف تلے ابھی بھی انیس افراد زندہ دبے ہوئے ہیں۔ بعض اندازوں کے مطابق یہ تعداد چونتیس کے قریب بھی ہو سکتی ہے۔ ان میں کچھ بچے بھی شامل ہیں۔ ہوٹل پر برفانی تودے بدھ ، اٹھارہ جنوری کی سہ پہر میں گرے تھے۔ اٹلی کے نائب وزیر داخلہ فیلیپو بُوبیکو کا کہنا ہے کہ وہ امید کرتے ہیں کہ برف تلے دبے افرد ابھی بھی زندہ ہوں گے۔ فائرفائٹرز اور کوہستانی امدادی ورکروں کے ساتھ اطالوی فوج بھی ریسکیو آپریشن میں شامل ہو گئی ہے۔

[pullquote]امریکا اور جرمنی کے باہمی تعلقات اہم ہیں، میرکل اور اوباما
[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ ’ورلڈ آرڈر‘ کے لیے امریکی جرمن تعلقات انتہائی اہم ہیں۔ وائٹ ہاؤس نے بتاہا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے جمعرات کے دن عہد کہا کہ برلن اور واشنگٹن قریبی تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ میرکل اور اوباما نے یہ گفتگو ایک ایسے وقت میں کی ہے، جب نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میرکل اور یورپ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ آج بروز جمعہ امریکی صدر کا عہدہ سنبھال لیں گے۔

[pullquote]تمدنی و تاریخی مقام پالمیرا پھر داعش کی زد میں
[/pullquote]

شام کے آثار قدیمہ کے محکمے کے سربراہ مامون عبدالکریم نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا ہے کہ قدیمی و تمدنی شہر پالمیرا کے ایک اہم حصے کو ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے عسکریت پسندوں نے بارود سے اڑا دیا ہے۔ رومن تھیٹر کے سامنے واقع سولہ ستونوں کے حامل مقام ٹیٹراپائلون کو عسکریت پسندوں نے تباہ کر دیا ہے۔ مامون عبدالکریم کے مطابق اب سولہ میں سے بارہ ستونوں کا ملبہ ان کے درمیان واقع پلیٹ فارم پر گرا پڑا ہے اور صرف چار تباہی سے بچ گئے ہیں۔ پالمیرا پر قبضہ کرنے کے بعد شامی فوج کو ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے گزشتہ برس دسمبر میں ایک مرتبہ پھر پسپا کر دیا تھا۔ اس طرح دوسری مرتبہ جہادیوں نے یونیسکو کے عالمی ورثے کی فہرست میں شامل اِس مقام کو روند ڈالا۔

[pullquote]اوباما کے دور میں ڈرون حملوں میں 117 شہری ہلاک ہوئے، رپورٹ
[/pullquote]

امریکی صدر باراک اوباما کے دور اقتدار کے دوران پاکستان، یمن اور دیگر ممالک میں کیے جانے والے ڈرون حملوں میں 117 شہری ہلاک ہوئے۔ امریکی خفیہ اداروں کی طرف سے جاری کردہ ایک تازہ رپورٹ کے مطابق جنوری سن 2009 تا دسمبر 2016 تک انسداد دہشت گردی کے لیے 226 حملے کیے گئے، جن میں بغیر پائلٹ کے ڈرون حملوں بھی شامل تھے۔ انسانی حقوق کے اداروں نے شہری ہلاکتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں ڈرون حملوں میں مزید شدت آ سکتی ہے۔

[pullquote]نائجیریا، فضائی حملے میں نوّے افراد ہلاک ہوئے: امدادی تنظیم
[/pullquote]

بین الاقوامی امدادی تنظیم ’ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز‘ نے آج بیس جنوری کو جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں نائجیریا کی فضائیہ کی طرف سے پناہ گزینوں کے ایک کیمپ پر کیے گئے ایک حملے میں نوّے افراد مارے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک شدگان میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل تھے۔ یہ پناہ گزین بوکو حرام کی شدت پسندی کی وجہ سے اس کیمپ میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے تھے۔ ابوجہ حکومت نے کہا ہے کہ اس فضائی حملے کی وجوہات جاننے کے لیے مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے