شراب، چرس باآسانی یونیورسٹی میں مل جاتی ہے

پاکستان کے کئی بڑے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی بازگشت اب اکثر سُنائی دینے لگی ہے جس سے اساتذہ اور والدین دونوں ہی پریشان ہیں۔

اکثر والدین تو اس وجہ سے پریشان ہیں کہ کہیں اُن کے بچے اس بُری عادت میں مبتلا نہ ہو جائیں اور اکثر اپنے بچوں کے منشیات کے عادی ہو جانے کی وجہ سے ذہنی تناؤ کا شکار ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان میں 76 لاکھ افراد منشیات کا استعمال کرتے ہیں جن میں 78 فیصد مرد اور 22 فیصد خواتین ہیں۔ پریشان کُن بات یہ ہے کہ 76 لاکھ لوگوں کی بڑی تعداد 24 سال سے کم عُمر افراد کی ہے۔

پاکستان کے ایوان بالا میں بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کا سوال اٹھایا گیا ہے۔ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کا معاملہ ایک غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں بھی اُٹھایا گیا۔
smoking-weed
یہ بات کس حد تک درست ہے کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کا استعمال عام ہے، اس بات میں صداقت کا تب علم ہوا جب پاکستان کی ایک نامور یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والے اسلم (فرضی نام) نے آئی بی سی سے بات کرتے ہوئے یہ بتایا کہ وہ لمبے عرصے سے منشیات کا استعمال کر رہے ہیں انہیں شراب اور چرس باآسانی یونیورسٹی میں ہی مہیا کر دی جاتی ہے۔

اسلم کا کہنا ہے کہ ’میں اس عادت کو چھوڑنا چاہتا ہوں مگر میرے دوست مُجھے اس سے دور نہیں جانے دیتے۔’
اسلم یونیورسٹی میں پڑھنے کے ساتھ ساتھ وفاقی دارالحکومت کے ایک نامور کالج میں پڑھاتے بھی ہیں۔

اسلم کی طرح فرھان (فرضی نام) بھی لاہور کے ایک کالج میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد جب لاہور کی ایک مشہور یونیورسٹی میں پہنچے تو انھیں بھی اُن کے چند دوستوں نے نشے کا عادی بنا دیا۔ پہلے چرس اور پھر ہیروئین کی عادت پڑ گئی۔

تاہم جب انھوں نے اس لت کے بارے میں اپنے بھائی کو بتایا تو انھوں نے نشہ چھڑوانے میں ان کی مدد کی۔ آئی بی سی سے بات کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا: ’اب مُجھے زندگی اچھی لگتی ہے، مُجھے دھوپ اچھی لگتی ہے، مُجھے اپنے والدین کی خوشی سے خوشی محسوس ہوتی ہے۔’

فرھان کے بھائی اجمل (فرضی نام) نے آئی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب اُنھیں فرھان نے اپنی اس عادت کے بارے میں بتایا تو اُنھیں بہت غصہ آیا اور کئی دن تک اُنھوں نے فرھان سے بات نہیں کی مگر جب اُنہیں یہ احساس ہوا کہ اُن کا ایسا رویہ فرھان کی مدد نہیں بلکہ اُنھیں مزید مُشکل میں مبتلا کر دے گا تو اُنھوں نے اس فاصلے کو ختم کر کے فرھان سے بات کی اور اُن کی مدد کی۔
images
مُلک کے تعلیمی اداروں میں یہ منشیات پہنچتی کس طرح سے ہیں؟ اس بارے میں طلبہ کا کہنا ہے کہ اُن کے کالج اور یونیورسٹی کے گارڈز اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ بلکہ اس بارے میں تو فرھان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اُن کی یونیورسٹی کے گارڈ کو منشیات فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور اُن سے منشیات برآمد بھی ہوئیں اور اُنھیں اپنے ملازمت سے بھی ہٹا دیا گیا، مگر ایک ہفتے کے بعد وہ گارڈ دوبارہ اپنی ڈیوٹی پر حاضر ہو گیا۔
e-cigarette-stock-image
کُچھ تعلیمی اداروں کے باہر کھڑے چند ٹیکسی چلانے والے بھی یہ کام کرتے ہیں۔ معلومات حاصل کرتے ہوئے یہ بھی پتہ چلا کہ اس کام میں تعلیمی اداروں کے قریب موجود ہوٹل میں کام کرنے والے اور چند ایک جرنل سٹور بھی ملوث ہیں۔

سیینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے حوالے حقائق پیش کرنے والے غیر سرکاری ادارے ساسی کی سربراہ ڈاکٹر ماریہ سُلطان نے کہا کہ ’18 ماہ کے سروے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہمارے سرکاری تعلیمی اداروں کے بچے بالعموم اور نجی تعلیمی اداروں کے بچے بالخصوص کسی نا کسی صورت میں منشیات کے عادی ہیں اور اگر بات کی جائے شرح کی تو یہ شرح 43 سے 53 فیصد ہے۔’

ماریہ سُلطان کے مطابق تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے حوالے سے ایسی بہت سی باتیں سامنے آئی ہیں کہ جن کے بعد یہ کہا جا سکتا ہے کہ تعلیمی اداروں کی انتظامیہ اس سارے معاملے میں کہیں نہ کہیں ضرور قصور وار ہے۔

کہیں تو یہ بھی سُنا گیا کہ تعلیمی ادارے کا سکیورٹی پر مامور گارڈ ہی بچوں کو یہ زہر فراہم کرتا ہے اور اگر وہ یہ موت کا سودا کرتا پکڑا بھی جائے تو چند دن کے وقفے کے بعد وہ اپنی ڈیوٹی پر واپس آ جاتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے