ایرانی انقلاب کے موقع پر دس روزہ تقریبات کاآغاز

ثقافتی قونصلیٹ سفارت اسلامی جمہوریہ ایران ، اسلام آباد، انقلاب اسلامی ایران کی پرشکوہ کامیابی کی 38ویں سالگرہ اور ایران کے قومی دن کی دس روزہ تقریبات کے آغاز پر پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس وزارت اطلاعات و نشریات حکومت پاکستان کے اشتراک سے ’’ایرانی روایتی ایرانی لوک موسیقی فیسٹول‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔

ایران میں ہر سال دس روزہ عشرہ فجر تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ یہ فیسٹول بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے اس فیسٹول کی افتتاحی تقریب میں مریم اورنگ زیب وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ حکومت پاکستان مہمان خصوصی تھیں۔

iran cultural

اس موقع پر ایران کے سفیر مہدی ھنردوست اور آقائے شہاب الدین دارایی، کلچرل قونصلر سفارت اسلامی جمہوریہ ایران اور سید جمال شاہ ڈی جی پی این سی اے نے بھی خطاب کیا۔ ثقافتی قونصلیٹ شہاب الدین دارائی کا کہنا تھا کہ ایران کے قومی دن کے موقع پر بانی ا نقلاب امام خمینی ، سید علی خامنہ ای اور شہدائے انقلاب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جن کی انتھک کوششوں سے ایران منظم ہوا .

گزشتہ چار دہائیوں کے دوران ایران نے سختیوں، پابندیوں اور جارح طاقتوں کے ظلم کے باوجود ترقی اور کامیابی کا سفر جاری و ساری رکھا اور آج ایران پوری دنیا میں ایک اہم سیاسی، ثقافتی اور سائنسی طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے۔ ڈائریکٹر پی این سی اے سید جمال شاہ نے اس موقع پر کہا کہ آرٹ اور کلچر لوگوں کو قریب لانے کی طاقت رکھتے ہیں۔ ایران نے اس شعبے میں بے مثال ترقی کی، دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ دونوں ممالک سینما، ویژیول آرٹ اور کلچر کے شعبوں میں ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کے لئے تیار ہیں۔

پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست کا کہنا تھا کہ موسیقی آرٹ اور کلچر کی زبان ہے، جس کے ذریعے ثقافتی تعلقات میں اضافے کو ممکن بناکر امن کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نوروز کے موقع پر ایرانی فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا جا ئے گا جس میں ایران کی مشہور زمانہ فلمیں پیش کی جائیں گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ پاک ایران ثقافتی تعلقات کو بہترین سطح تک لیجانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، فنکاروں اور نوجوانوں کے وفود کے تبادلوں کے علاوہ دونوں ممالک کے مابین آرٹ اینڈ کلچر اور فلم کے شعبے میں تعاون کویقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلد پاک ایران عوام ایک دوسرے کے ممالک کی فلمیں دیکھ سکیں گے۔ ایران اور پاکستان مشترکہ ثقافتی، مذہبی اور معاشرتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں، جنہیں مضبو ط تر بنانے کے لئے کوئی کثر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

وزیر مملکت نے بتایا کہ پارلیمنٹ میں جب مختلف ممالک کے فرینڈشپ گروپس بنانے کی بات شروع ہوئی تو سب سے زیادہ ممبران قومی اسمبلی نے ایران کے لئے رجسٹریشن کرائی ، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاک ایران عوام ایک دوسرے سے کس قدر محنت رکھتے ہیں، انہوں نے ایران جانے کی خواہش کا اظہار کرتے شرکائے تقریب سے بھی خواہش ظاہر کہ وہ ایران جائیں اور وہاں کے لوگوں کی پاکستانیوں کے لئے محبت کا مشاہدہ کریں۔ ایران میں اقبال میوزیم کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اقبال دونوں ممالک کی مشترکہ میراث ہیں، میوزیم کا قیام دونوں ممالک کے محبت کے لازوال رشتوں کی زندہ مثال ہے۔ ایران کی حکومت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کی جس پر شکر گزار ہیں۔ ہر سال لاکھوں لوگ پاکستان سے ایران جاتے ہیں، ویزا اور دیگر ایشوز کو آسان بنانے کے لئے دونوں ممالک کے مابین بھی بات چل رہی ہے۔

اس موقع پر ایرانی دستکاریوں پر مشتمل ایرانی ثقافت اور آرٹس کی دیدہ زیب نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ افتتاحی تقریب کے اختتام پر اسلامی جمہوریہ ایران سے تشریف لائے ہوئے فنکاروں کے گروپ (ثقافتی طائفہ) نے ایران کی روایتی اور لوک موسیقی کا مظاہرہ کیا۔ایران کا ثقافتی طائفہ مورخہ 2 فروری 2017ء سہ پہر 3:30 بجے لوک ورثہ اسلام آباد میں اپنے فن کا مظاہرہ کرے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے