ترقیاتی منصوبوں کے فیتے نہ کاٹیں تو اور کیا کریں؟ وزیراعظم

شیخو پورہ : وزیر اعظم نواز شریف نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا ہے، جس کو دنیا بھی تسلیم کر رہی ہے، ایسے میں ہم ترقیاتی منصوں کے فیتے نہ کاٹیں تو کیا کریں؟

شیخوپورہ میں بھکھی پاور پلانٹ کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ میرے لیے خوشی کا موقع ہے کہ ہماری محنت رنگ لارہی ہے، سوا سال پہلے جب میں شہباز شریف کے ساتھ یہاں آیا تھا تو فصلوں کے درمیان کھڑے تھے،اور آج یقین نہیں آرہا کہ یہ وہی جگہ ہے’۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھکھی پاور پلانٹ منصوبہ 84 فیصد مکمل ہوچکا ہے، اس منصوبے کا اتنی جلدی مکمل ہونا انہونی سی بات ہے۔

ان کا کہنا تھا جس نے محنت کی ہو، اسے خوشی نہیں ہوگی، تو کیا ہوگا، ہم فیتے کاٹ رہے ہیں تو برداشت کریں۔

بھکھی پاور پلانٹ پر آنے والے اخراجات کا کم ہونے بھی ذکر کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے اخراجات میں ہونے والی بچت کی مثال بھی پاکستانی تاریخ میں نہیں ملتی، جبکہ ماضی میں اس طرح کے منصوبے اس سے زائد لاگت پر تیار کیے جاتے رہے ہیں۔

انہوں نے اپنے سابقہ ادوار کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ 1991 میں اقتدار میں آکر ہم نے جس رفتار سے کام کا آغاز کیا تھا، بعد میں وہ رفتار برقرار نہ رہی۔

نیلم جہلم پارو پروجیکٹ کی مثال دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کو تاخیر کا شکار کیا گیا، جس سے 80 ارب کا منصوبہ 250 ارب خرچ کرنے کے باوجود مکمل نہیں ہوسکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اگر یہ سلسلہ چلتا رہتا تو وہی حال رہتا جو چند سال قبل ملک میں تھا، جہاں بجلی، گیس، روزگار اور سڑکیں سب غائب تھں۔

وزیراعظم نے ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گوادر کو خیبرپختونخوا سے ملایا جارہا ہے،چترال میں لواری ٹنل تیار ہورہا ہے، لاہور میں ہمارا تیار کیا گیاایئرپورٹ چھوٹا کردیا گیا تھا اس کا توسیعی منصوبہ شروع ہونے والا ہے۔

ناقدین کو جواب دیتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم صرف موٹر ووے نہیں بنارہے بلکہ ایکسپریس ووے، میٹرو بس، اورنج لائن، کراچی کی گرین لائن، کراچی سرکلر ریلوے سب ہمارے دور کے منصوبے ہیں۔

نواز شریف کا مزید کہا کہ ‘بلوچستان میں ترقی دیکھی جائے، کراچی کو دوبارہ پرامن بنانے کے لیے ہمارے اقدامات دیکھے جائیں، ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کی ہماری تمام کوششیں رنگ لارہی ہیں’۔

عالمی سطح پر ذرائع ابلاغ میں سامنے آنے والی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا پاکستان کی ترقی کی معترف ہے اور بین الاقوامی میڈیا بھی اس بات کی تصدیق کررہا ہے۔

انہوں نےبتایا کہ اسٹاک ایکسچیج مثال قائم کرچکا ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج ایشیاء میں نمبر ایک جبکہ دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے