پشاور پھولوں کا شہر یا مسائلستان؟

استاد نے شاگرد کے پیپرسے نظریں ہٹا کر اسے دیکھتے ہوئے حیرت سے کہا ”تعجب ہے تم نے گائے پر لفظ بہ لفظ وہی مضمون لکھا ہے جو دوسال قبل تمہارے بھائی نے لکھا تھا ؟”شاگرد نے بڑی معصومیت سے جواب دیتے ہوئے کہا ”استاد جی میں نے بھی اسی گائے پر مضمون لکھا ہے جس گائے پر میرے بھائی نے مضمون لکھا تھا ابھی وہ گائے زندہ ہے ”

میں یہ تو نہیں کہوں گا کہ میں جو کالم لکھ رہا ہوں وہ بھی چار سال قبل اس شہر کے اہم مسلئلے پر لکھے گئے کالم کی طرح لفظ بہ لفظ وہی ہے تاہم یہ ضرور کہوں گا کہ چار سال قبل میں نے جس مسئلے پر کالم لکھا تھا آج بھی وہی مسلئلہ اسی طرح جوں کا توں موجود ہے کہتے ہیں کہ جہاں آبادی ہوتی ہے وہاں مسائل بھی ہوتے ہیں لیکن ان مسائل پر توجہ دینا اور اسے حل کرنا بھی حکومتوں ہی کی ذمہ داری ہوتی ہے

بہتر حکمرانی کی ایک یہ بھی نشانی یہ بھی ہوتی ہے کہ حکومتیں عوام کی تکالیف کو سمجھتی ہیں اور انہیں حل کرنے کی حتی الوسع کوششیں کرتی ہیں لیکن ہمارے ملک میں تو آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے ، مسائل سے آنکھیں چراناآج کل کے حکومتی حکام کی عادت بن چکی ہے اور حکمران بھی اپنی کرسی مضبوط کرنے کے چکر میں مسائل کی طرف توجہ دیتے ہیں اور نہ ہی حکام کو اسے حل کرانے کے احکامات دیتے ہیں ،

جہاں حکمرانوں کا ذاتی اور انتخابی مفاد وابستہ ہو وہی کام ہوتے ہیں اور وہی مسائل حل ہوتے ہیں اسی لئے پشاور کے مسائل پر کوئی بھی توجہ نہیں دے رہا گذشتہ دو تین دہائیوں میں اس شہر کو حکمرانوں نے تقریباً کھنڈر بنا دیا تھا ، اب اگر کچھ صورتحال بہتر ہوئی ہے تو مسائل وہی بلکہ اس سے بھی زیادہ بڑھ گئے ہیں،

کئی مسائل میں ایک اہم مسئلہ آج کل پشاور کا نکاسی آب کا بھی ہے مسلسل عدم توجہ کے باعث اب اس مسئلے نے اتنی شدت اختیار کر لی کہ بارش میں شہر سیلاب کامنظر پیش کرتا ہے . گذشتہ دنوں چار دن کی مسلسل بارشوں نے ایک بار پھر منتخب نمائندوں کے ترقیاتی منصوبوں اور بیوروکریسی کی توجہ کا پول کھول دیا تھا، شہر کے عام علاقے تو رہے ایک طرف پوش علاقوں کی سڑکیں بھی سیلاب کا منظر پیش کررہی تھیں کئی علاقوں میں نالوں کا گندا پانی گھروں میں بھی گھس گیاتھا. جس سے مکینوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا

یہ مسائل آج کے نہیں گذشتہ تیس سالوں سے موجود ہیں حکومتیں آتی ہیں اس شہر کو پھولوں کا شہر بنانے کے دعویٰ کرتی ہیں اور انہی دعووں کے پس منظر میں اپنی سیٹیں اور اپنی حکومت مضبوط کرنے کی کوششیں کرتی ہیں اور چلی جاتی ہیں ، لیکن یہ مسائل اسی طرح موجود رہتے ہیں بلدیاتی ادارے بھی آئے ، اس میں عوامی نمائندگی کے دعویدار بیٹھے اور عوام کے مسائل حل کرنے کے دعوے کئے لیکن عوام کے مسائل تو حل نہ ہوئے البتہ ان کے اپنے کئی ”مسائل” حل ضرور ہوگئے ۔

بلدیاتی اداروں اور ان میں بیٹھے عوامی نمائندوں کی غفلت اور لا پرواہی کی وجہ سے ہی اس شہر کے مسائل بڑھتے رہے اور ان مسائل میں شہر کے نکاسی آب کے مسلّے نے شدت اختیار کرلی ، اب حالت یہ ہے کہ اس وقت شہر میں نکاسی آب کے تقریباً تمام بڑے نالے بند ہو چکے ہیں اور بارش کے دنوں میں پانی کی نکاسی نہ ہونے سے پورا شہر جل تھل بنا رہتا ہے ، کمیشن کیلئے بعض علاقوں میں نئے نالے تو تعمیر ہو رہے ہیں جبکہ پرانے نالوں کی طرف توجہ ہی نہیں دی جا رہی ہے

اگر یہ کہا جائے کہ حکام کو اس شہر کے نکاسی آب کے سسٹم کا ہی علم نہیں ہے تو بے جا نہ ہوگا اکثر پرانے نالے تجاوزات کی زد میں آچکے ہیں ، کئی پلازے اور کئی نالوں پر گھر بن گئے ، کئی گھروں کے درمیان نالوں کو گھیر لیا گیا اور ان نالوں کی صفائی کیلئے کوئی گزر گاہ ہی نہیں چھوڑی گئی ، بعض مقامات پر دکانوں کی فٹ پاتھوں کے نیچے اسے بند کر دیا گیا جس کی وجہ سے پورے شہر کے نکاسی آب کا سسٹم ہی درہم برہم ہو چکا ہے ÷جس سے اس شہر کے باسی بری طرح متاثر ہورہے ہیں لیکن حکمرانوں کو فکر ہے اور نہ ہی منتخب عوامی نمائندے اس طرف توجہ دینے کی ضرورت محسوس کرتے ہیں

بیوروکریسی ”خپلہ خاورہ خپل اختیار ہے ”کی پالیسی پر عمل کررہے ہیں کیونکہ ان سے تو کوئی پوچھنے والا ہی نہیں ہے ، اس لئے پشاور کے باسی مصیبت میں مبتلا ہیں اور لگتا یہی ہے کہ وہ اس مصیبت اور پریشانی کو برداشت کرتے رہیں گے تاوقتیکہ اس شہر کا کوئی نیک اور ایماندار بیوروکریٹس کو اس کا اختیار نہ مل جائے یا اس شہر کا کوئی حقیقی نمائندہ منتخب ہو کر سامنے نہ آجائے ، ویسے تو سب ہی عوامی نمائندے دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ ”عوام ”کے غم میں گھلتے جارہے ہیں لیکن ان کا یہ غم صرف انتخابات کے دنوں تک ہی محدود رہتا ہے یا پھر جب وہ کرسی سے اترتے ہیں تو ان کا کرسی کا نشہ اتر جاتا ہے پھر انہیں ”بے چارے ” عوام یاد آجاتے ہیں اور ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانیاں کراتے رہتے ہیں لیکن جیسے ہی وہ دوبارہ منتخب ہوتے ہیں نہ تو پھر انہیں وہ مسائل یاد رہتے ہیں نہ ہی وہ ان سے ملنے کی ضرورت محسوس کرتے ہیں اس لیے ان مسائل کے حل کے لیے صرف دعا ہی کی جا سکتی ہے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے