’دہشت گردوں کو موثر جواب دینا مسئلے کے حل کا واحد راستہ‘

وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو موثر اور بھرپور جواب دینا اس مسئلے کے حل کا واحد راستہ ہے جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

لاہور میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کو موثر اور بھرپور جواب دینا اس مسئلے کے حل کا واحد راستہ ہے، جبکہ ہم اسے قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اپنے دشمنوں کو قوم کے عزم کے ساتھ شکست دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں، جبکہ اس جنگ کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیوں کو کوئی بھی فراموش نہیں کرسکتا۔

اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ نے بھی شرکت کی۔

قبل ازیں وزیر اعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ سال پنجاب کے انسداد دہشت گردی کے محکمے نے دہشت گردی کی بارہ وارداتوں کو ناکام بنایا، جبکہ 231 دہشت گردوں کو ہلاک اور 769 کو گرفتار کیا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے