اہم عالمی خبریں | 15.02.2017

[pullquote]ملائیشیا، شمالی کوریا کے رہنما کے سوتیلے بھائی کے قتل کے الزام میں ایک خاتون گرفتار
[/pullquote]

ملائیشیا کی پولیس نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے سوتیلے بھائی کے قتل کے الزام میں ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے۔ ملکی پولیس کے سربراہ خالد ابو بکر نے بتایا کہ اٹھائیس سالہ دوآن تھی ہوآنگ کو آج بدھ کی صبح ہوائی اڈے سے حراست میں لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ خاتون حملہ آور نے کم یونگ نم کے چہرے پر زہریلا مادہ پھینکا تھا۔ پولیس کے مطابق زیر حراست خاتون کے پاس ویتنام کا پاسپورٹ ہے۔ جنوبی کوریا اور امریکا کا کہنا ہے کہ قتل کے اس واردات میں شمالی کوریا کے خفیہ ایجنٹ ملوث ہیں۔

[pullquote]یورپی پارلیمان نے کینیڈا کے ساتھ آزاد تجارت کے معاہدے کی منظوری دے دی
[/pullquote]

یورپی پارلیمان نے کینیڈا کے ساتھ آزاد تجارت کے معاہدے ’سیٹا‘ کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے بقول سیٹا کے حق میں 408 جبکہ مخالفت میں254 ارکان نے ووٹ دیے۔ 33 ارکان ایسے تھے، جنہوں نے اپنا حق رائے دہی محفوظ رکھا۔ اب یورپی یونین کے رکن ممالک اور کینیڈا کی پارلیمان کی توثیق کے بعد ہی اس معاہدے پر باقاعدہ عمل درآمد کیا جا سکے گا۔ سیٹا کے حامیوں کو تجارت میں فروغ کی امید ہے جبکہ مخالفین کا کہنا ہے کہ اس سے سماجی اور ماحولیاتی شعبے کا معیار متاثر ہو گا۔

[pullquote]جرمنی میں ترک تنظیم کے آئمہ کے گھروں پر چھاپے
[/pullquote]

جرمنی میں چار مسلم آئمہ کی رہائش گاہوں کی تلاشی لی گئی ہے۔ ملکی دفتر استغاثہ کے مطابق یہ چھاپے صوبہ نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں مارے گئے۔ ان افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے گولن تحریک کے حامیوں کی تفصیلات جمع کر کے کولون شہر میں قائم ترک قونصل خانے کو فراہم کی تھیں۔ ان چاروں آئمہ کا تعلق ’مذہبی امور کی ترک اسلامی یونین‘ یا Ditib سے ہے۔ تاہم اس تنظیم نے جاسوسی یا معلومات مہیا کرنے کے الزامات کو مسترد کیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق یورپ بھر میں آٹھ سو اور جرمنی میں چھ ہزار مخبر انقرہ حکومت کے لیے کام کرتے ہیں۔

[pullquote]روس نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نئے میزائل تعینات کر دیے، امریکی اہلکار
[/pullquote]

روس نے ایک نیا کروز میزائل نظام تعینات کر دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار کے مطابق امریکا کی طرف سے روس کو متنبہ بھی کیا گیا تھا کہ یہ تعیناتی 1987 ء میں طے پانے والے ایک معاہدے کی خلاف ورزی ہوگی۔ یہ خبر نیویارک ٹائمز میں شائع ہوئی تھی۔ ٹرمپ انتظامیہ کے سینیئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ بات امریکی حکومت کے علم میں تھی کہ روس زمین سے لانچ کیے جانے والے SSC-8 کروز میزائل کی تیاری میں لگا ہوا ہے۔ روسی وزارت دفاع کی طرف سے ابھی تک اس پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

[pullquote]نیتن یاہو آج وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ سے مل رہے ہیں
[/pullquote]

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو آج بدھ کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس پہلی ملاقات میں مشرق وسطی امن عمل اور ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کے موضوعات لازمی طور پر زیر بحث آئیں گے۔ ٹرمپ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے امریکی سفارت خانے کو تل ابیب سے اسی شہر میں منتقل کر دیں گے۔ سابق امریکی صدر باراک اوباما کے دور میں ان دونوں ممالک کے باہمی روابط ایک طرح سے منجمد ہو کر رہ گئے تھے۔

[pullquote]سنکیانگ میں چاقو حملہ، آٹھ ہلاک
[/pullquote]

چین میں چاقو سے کیے جانے والے ایک حملے میں تین حملہ آوروں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی شب صوبہ سنکیانگ کے پشان نامی علاقے میں پیش آیا۔ اس حملے میں دس دیگر افراد زخمی بھی ہیں۔ حکام کے مطابق حملے کے تھوڑی ہی دیر بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھی اور تینوں حملہ آوروں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔ چین کے اس صوبے میں ایغور عیلحدگی پسند سرگرم ہیں۔ یہ برادری بیجنگ حکومت پر نسلی اور مذہبی امتیاز برتنے کے الزامات عائد کرتی ہے۔

[pullquote]رمنی: جنسی ہراساں کرنے والے پاکستانی کو سزا
[/pullquote]

جرمن عدالت نے مہاجرین کے ایک مرکز میں ایک بچی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے والے ایک پاکستانی کو سزا سنا دی ہے۔ عدالت نے اس فعل کی مذمت کرتے ہوئے پاکستانی شہری کو ایک سال اور آٹھ ماہ کی زیر نگرانی قید کا حکم سنایا۔ جرمن عدالت میں ستائیس سالہ اس پاکستانی نوجوان نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے عدالت پر واضح کیا کہ وہ اپنے اِس اچانک فعل کا ارتکاب کرنے پر حیرت زدہ اور شرمندہ ہے۔ یہ واقعہ گزشتہ برس ستمبر کا ہے۔ متاثرہ لڑکی کا والد اس پاکستانی پر چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کے دوران پولیس کی گولی سے ہلاک ہو گیا تھا۔

[pullquote]ترکی2024ء کی یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کی میزبانی کا خواہش مند
[/pullquote]

ترکی نے بھی 2024ء کی یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کی میزبانی کے لیے درخواست جمع کرا دی ہے۔ ترک وزارت کھیل کے مطابق اس درخواست کو صدر رجب طیب ایردوآن کی حمایت بھی حاصل ہے۔ ابھی تک ان مقابلوں کے لیے جرمنی نے ہی باقاعدہ اپنی درخواست جمع کرائی ہے۔ تاہم فٹ بال اسٹیڈمز میں بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے جرمنی کو یہ میزبانی ملنے کے امکانات کم ہیں۔ اس سلسلے میں باقاعدہ اعلان ستمبر 2018 ء میں کیا جائے گا۔

[pullquote]مراکشی اور ہسپانوی پولیس کی مشترکہ کارروائی ، دس انسانی اسمگلر گرفتار
[/pullquote]

مراکش اور اسپین کی پولیس نے مشترکہ کارروائیوں میں دس انسانی اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔ ایک بیان میں بتایا گیا کہ یہ افراد افریقی ممالک کے شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے یورپ کے مختلف ممالک میں پہنچاتے تھے۔ گرفتار شدگان میں ایک ایسا شخص بھی شامل ہے، جو اپنی چالیس کشتیاں اسی کام میں استعمال کرتا تھا۔ سن 2015 میں افریقہ سے سولہ ہزار سے زائد مہاجرین اسپین پہنچنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ ان افراد کو گرفتار کرنے کے لیے خفیہ ادارے گزشتہ ایک سال سے تفتیشی عمل جاری رکھے ہوئے تھے۔

[pullquote]بھارت نے ریکارڈ 104 سیٹلائٹ خلا میں چھوڑ دیے
[/pullquote]

بھارت نے ایک ہی راکٹ کے ذریعے 104 مصنوعی سیارے کامیابی کے ساتھ زمین کے مدار میں پہنچا دیے ہیں۔ بھارتی خلائی ایجنسی کے مطابق ایک ہی وقت میں اتنے زیادہ سیٹلائٹ خلاء میں پہنچانے کا یہ عالمی ریکارڈ ہے۔ بھارتی اسپیس ایجنسی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر بی جیاکمار کے مطابق جن 104 سیٹلائٹ کو زمین کے گرد مدار میں چھوڑا گیا ہے، ان میں سے 101 بین الاقوامی صارفین کے تھے۔ جیاکمار کے مطابق بھارت نے آج تاریخ رقم کی ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں بھارتی اسپیس ایجنسی کو اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

[pullquote]شامی امن مذاکرات، تیکینکی وجوہات کے باعث مؤخر
[/pullquote]

وسطی ایشیائی ریاست قزاقستان نے اعلان کیا ہے کہ شامی تنازعے کے حل کے لیے مذاکرات کا اگلا دور تیکنیکی وجوہات کے باعث ایک روز کے لیے مؤخر ہو گیا ہے۔ قزاقستان حکومت کے ایک ترجمان کےمطابق مذاکرات کے آئندہ مرحلے کا آغاز جمعرات 16 فروری سے ہو گا۔ یہ مذاکرات قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں آج سے شروع ہونا تھے۔ روس کی سربراہی میں ہونے والے ان مذاکرات میں ترکی اور ایران بھی شریک ہیں۔ دوسری طرف اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے شام بھی سولہ فروری کو مذاکرات کے لیے روس پہنچ رہے ہیں۔

[pullquote]قندھار دھماکے میں زخمی اماراتی سفیر چل بسے
[/pullquote]

افغانستان میں شدید زخمی ہونے والے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر ایک ماہ علاج کے بعد چل بسے۔10 جنوری کو جنوبی صوبے قندھار کے گورنر ہاؤس میں ہونے والے بم دھماکے میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے