دہشتگردوں کےخلاف بھرپور ریاستی قوت استعمال کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے داخلی و خارجی دہشت گردوں کے خلاف بھرپور ریاستی قوت استعمال کرنے اور ان کا جسمانی و نظریاتی وجود کچلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دہشت گردی کی تازہ لہر کے بعد وزیر اعظم کی نواز شریف کی زیر صدارت وزیر اعظم ہاؤس میں سیاسی و عسکری قیادت کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں لاہور اور پشاور سمیت مختلف علاقوں میں حالیہ دہشت گردی اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں دہشت گردوں کو دوبارہ سر اٹھانے کا موقع نہ دینے اور انہیں کچلنے کے لیے پوری ریاستی قوت استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس مقصد کے لیے ملک کے اندر اور باہر نہ صرف دہشت گردوں بلکہ ان کے سہولت کاروں کا بھی خاتمہ کیا جائے گا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ فاٹا، بلوچستان اور کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کامیاب رہا۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، انسداد دہشت گردی کے قومی ادارے نیکٹا اور انٹیلی جنس بیورو کے سربراہان سمیت اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اس سے قبل جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل زبیر محمود حیات نے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ لاہور میں دہشت گردی کے حملے سے پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کیا جاسکتا، جبکہ مسلح افواج سول سیکیورٹی اداروں کی مدد سے ملک سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے