اہم عالمی خبریں | 17.02.2017

[pullquote]افغان فوجی چوکیوں پر داعش کے حملے، ڈیڑھ درجن کے قریب فوجی ہلاک
[/pullquote]

افغان حکام نے بتایا ہے کہ عسکریت پسندوں کی جانب سے مختلف فوجی چوکیوں پر کیے گئے حملوں میں کم از کم سترہ فوجی مارے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق حملہ آور جنگجو جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ سے تعلق رکھتے تھے۔ مشرقی افغان صوبے ننگر ہار کی صوبائی کونسل کے سربراہ احمد علی حضرت نے بتایا کہ یہ حملے دیہہ بالا ضلع میں قائم فوجی چوکیوں پر کیے گئے۔ ان چوکیوں کو جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب ہدف بنایا گیا۔ صوبائی کونسل کے سربراہ کے مطابق جنگجوؤں نے یہ حملے تین اطراف سے کیے تھے اور ان حملوں کے بعد فریقین میں کئی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا۔ افغان وزارت دفاع کے ترجمان نے ہلاک ہونے عسکریت پسندوں کی تعداد اکیس بتائی ہے۔

[pullquote]ترک کشتی نے یونانی سمندری حدود کی خلاف وری کی، یونانی فوج
[/pullquote]

یونان کی فوج نے کہا ہے کہ بحیرہ ایجیئن میں ترک گشتی دستوں کی ایک کشتی نے یونانی سمندری حدود میں داخل ہو کر ہوائی فائرنگ کی۔ یونانی فوج نے اپنے ایک بیان میں ترکی کی طرف سے اس خلاف ورزی کو سنگین قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ اس واقعے کے بعد یونانی بحریہ نے بحیرہ ایجیئن میں اپنی گشت بڑھا دی ہے۔ دوسری جانب ترک حکام نے جمعرات کی رات مشتبہ نقل و حرکت کے تناظر میں ایک انتباہ بھی جاری کیا تھا۔ ترک حکام کے اس انتباہی دعوے کو یونانی فوج نے مسترد کر دیا ہے۔ رواں برس جنوری میں بحیرہ ایجیئن کے ایک چھوٹے سے جزیرے کے قریب یونانی اور ترک جنگی بحری جہاز بھی آمنے سامنے آ گئے تھے۔

[pullquote]امریکا شامی بحران کے سیاسی حل پر رضا مند ہے، اتحادی ممالک
[/pullquote]

امریکی اتحادی ممالک نے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹِلرسن نے شام میں قیام امن کی کوششوں کے لیے ایک سیاسی حل پر اپنی حمایت کا اظہار کر دیا ہے۔ بون میں جاری جی ٹوئنٹی کے وزرائے خارجہ کی دو روزہ کانفرسن کے موقع پر ٹِلرسن نے ایسے ممالک کے گروپ سے ملاقات کی، جو شام میں اعتدال پسند باغیوں کے حامی ہیں۔ جرمن وزیر خارجہ زیگمار گابرئیل نے کہا ہے کہ تمام ممالک شام کا سیاسی حل چاہتے ہیں کیونکہ صرف عسکری آپریشن اس تناظر میں مددگار ثابت نہیں ہو سکتا ہے۔ شام میں قیام امن کی کوششوں کے لیے آئندہ ماہ جنیوا میں مذاکرات کے نئے سلسلے کا آغاز ہو رہا ہے۔ بون منعقدہ اس کانفرنس میں جی ٹوئنٹی وزرائے خارجہ نے کئی دیگر علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

[pullquote]میونخ سکیورٹی کانفرنس کا آغاز
[/pullquote]

جرمنی میں آج سے میونخ سلامتی کانفرنس کا آغاز ہو رہا ہے۔ اس دوران عالمی رہنما موجودہ دور میں سلامتی سے جڑے مسائل پر مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے کے لیے مذاکرات کریں گے۔ اس کانفرنس میں امریکی وفد میں نائب صدر مائیک پینس، وزیر دفاع جیمز میٹس اور ہوم لینڈ سکیورٹی کے سربراہ جان کیلی بھی شریک ہوں گے۔ میونخ کانفرنس میں تیس ممالک کے سربراہان اور اسی ممالک کے اعلیٰ ترین سفارتکار بھی شریک ہو رہے ہیں۔ اس کانفرنس کے حاشیے میں امریکی نائب صدر جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے بھی ملاقات کریں گے۔

[pullquote]کوئی امام جرمنی میں کسی غیرقانونی سرگرمی میں ملوث نہیں، ترک مذہبی ادارہ
[/pullquote]

ترک مذہبی ادارے دیانت کے سربراہ محمد غرمیز کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جرمنی میں اس ادارے کا کوئی بھی امام کسی غیرقانونی سرگرمی میں ملوث نہیں رہا۔ بیان کے مطابق جرمن حکام کی طرف سے مختلف آئمہ کے بارے میں جاسوسی کے شبے میں جاری تفتیش دیانت ادارے کو بدنام کرنے کی ایک سازش ہے۔ غرمیز نے یہ بیان جرمن پولیس کے بدھ کے روز آئمہ کے اپارٹمنٹس پر چھاپوں کے تناظر میں دیا۔ جرمن پولیس نے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا اور رائن لینڈ پلاٹینیٹ کی مساجد سے منسلک چند آئمہ کے گھروں کی تلاشی اس شبے میں لی تھی کہ وہ مشتبہ طور پر گولن تحریک سے وابستہ افراد کی جاسوسی بھی کرتے تھے۔

[pullquote]ٹروڈو اور میرکل کی ملاقات
[/pullquote]

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو آج جرمن دارالحکومت برلن میں چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات رہے ہیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اس دوران دونوں رہنما کینیڈا اور یورپی یونین کے مابین آزاد تجارت کے معاہدے سیٹا اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کے علاوہ دیگر کئی اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ آج ہی کے دن ٹروڈو برلن میں جرمن وزیر خارجہ زیگمار گابرئیل سے بھی ملاقات کریں گے۔

[pullquote]بغداد حملہ، ہلاکتوں کی تعداد 66 ہو گئی
[/pullquote]

عراقی حکام نے آج بتایا ہے کہ گزشتہ روز بغداد کے نواحی علاقے بایع میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد انسٹھ سے بڑھ کر 66 ہو گئی۔ انتہا پسند گروہ داعش نے اس پرتشدد کارروائی کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ اس شدت پسند گروہ نے جمعے کی صبح دعویٰ کیا کہ جمعرات کی رات اس کے جنگجوؤں نے بارودی مواد سے بھری ایک کار کو جنوبی بغداد میں پارک کیا تھا۔ تاہم اس حوالے سے زیادہ معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

[pullquote]جی ٹوئنٹی کانفرنس میں شام کی خانہ جنگی پر گفتگو
[/pullquote]

جی ٹوئنٹی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شامی خانہ جنگی کا موضوع مرکزی اہمیت کا باعث بنا ہوا ہے۔ جرمن شہر بون میں گزشتہ روز شروع ہونے والی یہ دو روزہ کانفرنس آج اختتام پذیر ہو رہی ہے۔ سفارتکاروں کی کوشش ہے کہ جنیوا میں شامی تنازعے کے حل کی کوششوں کی خاطر ہونے والی کانفرنس کی ابتدائی تیاری کر لی جائے۔ اس دوران جرمنی اور فرانس نے روس پر زور دیا ہے کہ وہ شام میں قیام امن کی خاطر زیادہ فعال کردار ادا کرے۔ گزشتہ روز اس کانفرنس میں افریقہ اور مشرقی یوکرائن کے علاوہ کئی دیگر علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

[pullquote]سینکڑوں تارکین وطن ہسپانوی علاقے میں داخل
[/pullquote]

آج علی الصبح چھ سو سے زائد پناہ گزینوں نے مراکش اور ہسپانوی علاقے سییُوٹا کے مابین سرحدی باڑ عبور کر کے اسپین داخل ہونے کی کوشش کی۔ ہسپانوی سول گارڈز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تارکین وطن نے مختلف اوزاروں کی مدد سے سرحدی گیٹ توڑ دیا جس کے بعد تین سو سے زائد افراد ہسپانوی حدود میں داخل ہو گئے۔ اس دوران سول گارڈز اور پناہ گزینوں کے مابین جھڑپیں بھی ہوئیں۔ مقامی ریڈ کراس کے مطابق اس واقعے میں تیس سے زائد مہاجرین زخمی ہوئے جب کہ تین ہسپانوی اور دس مراکشی سرحدی گارڈز بھی زخمی ہوئے۔

[pullquote]نائجیریا میں متعدد خود کش حملے
[/pullquote]

نائجیریا کے حکام نے بتایا ہے کہ شمال مشرقی شہر میدوگوری میں جنگجوؤں کے ایک بڑے حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آج متعدد خود کش حملہ آوروں نے حملہ کرنے کی کوشش کی تو سکیورٹی فورسز اور مقامی ملیشیا گروپوں نے جوابی کارروائی کی۔ اس دوران نو حملہ آور اور دو شہری بھی مارے گئے۔ میدوگوری کو شدت پسند گروہ بوکو حرام کی جائے پیدائش قرار دیا جاتا ہے، جہاں اس وقت ملکی دستے ان کی بغاوت کو کچلنے کے لیے فعال ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ حملہ آور سکیورٹی چیک پوائنٹس اور شہری علاقوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے تاہم فوری جوابی کارروائی سے انہیں پسپا کر دیا گیا۔

[pullquote]یمن میں متعین دو امارتی فوجیوں کی ہلاکت
[/pullquote]

خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق یمن میں سعودی عسکری اتحاد کے زمینی فوجی دستوں میں شامل دو امارتی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان فوجیوں کی ہلاکت کی کوئی تفصیل بیان نہیں کی گئی۔ دیگر رپورٹوں کے مطابق ایک فوجی کی ہلاکت یمن میں ایک عسکری آپریشن کے دوران ہوئی جبکہ دوسرے فوجی کا انتقال ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوا۔ متحدہ عرب امارات یمنی تنازعے میں سعودی عسکری اتحاد کا ایک فعال رکن ہے۔ یہ اتحاد گزشتہ دو برسوں سے ایران نواز حوثی باغیوں کے خلاف فضائی اور زمینی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔

[pullquote]ہسپانوی شہزادی پر ٹٰیکس چوری کا الزام ثابت نہ ہوسکا
[/pullquote]

اسپین کی ایک عدالت نے شہزادی کرسٹینا کو ٹیکس چوری کے مقدمے میں بے قصور قرار دے دیا ہے۔ تاہم ان کے شوہر Inaki Urdangarin پر جرم ثابت ہو گیا، جس پر انہیں چھ سال اور تین ماہ کی سزائے قید سنا دی گئی ہے۔ ان پر ٹیکس چوری، فراڈ اور دیگر الزامات ثابت ہوئے ہیں۔ جج نے البتہ شہزادی کرسٹینا کو دو لاکھ 65 ہزار یورو کا ہرجانا ادا کرنے کا حکم سنایا ہے۔

[pullquote]بحیرہ جنوبی چین میں چینی جنگی مشقیں اختتام پذیر
[/pullquote]

چین کی سرکاری نیوز ایجنسی شنہوا کے مطابق بحیرہ جنوبی چین میں جنگی مشقیں اختتام پذیر ہو گئی ہیں۔ ان مشقوں میں چین کا واحد طیارہ بردار جنگی بحری جہاز ’لیاؤننگ‘ بھی شریک تھا۔ ان مشقوں میں کل تین جنگی جہاز شریک ہوئے۔ ان بحری جہازوں میں سے ایک ڈیسٹرائر پر کسی بھی ہنگامی صورت حال میں گائیڈڈ میزائل بھی نصب کیے جا سکتے ہیں۔ ان سمندری مشقوں میں توجہ اچانک حملے کی صورت میں جوابی دفاعی کارروائی پر مرکوز رہی۔ یہ بحری جنگی مشقیں دس فروری سے جاری تھیں۔ بحیرہ جنوبی چین سے اب تینوں چینی بحری جہاز بحر ہند میں داخل ہو گئے ہیں۔

[pullquote]فن لینڈ، ہم جنس پرستوں کے مابین شادی کے خلاف پٹیشن نامنظور
[/pullquote]

فن لینڈ کی پارلیمان نے ہم جنس پرستوں کے مابین شادی کے قانون کی توثیق کر دی ہے۔ آج بروز جمعہ رائے شماری میں 120 ارکان نے اس قانون کی حمایت کی جبکہ صرف چوالیس اراکین نے اس کی مخالفت کی۔ شہریوں کی طرف سے ایک پٹیشن کے بعد فِنش پارلیمان میں یہ رائے شماری کی گئی۔ اس پیٹیشن میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ملکی پارلیمان سن2014 میں متعارف کرائے گئے اُس قانون کو ختم کر دے، جس کے تحت اس یورپی ملک میں ہم جنس پرست شادی کے مابین شادیوں کو تحفظ فراہم کیا گیا تھا۔

[pullquote]بریگزٹ کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا وقت آ گیا: ٹونی بلیئر
[/pullquote]

ٹونی بلیئر نے برطانوی عوام کو یورپی یونین سے علیحدگی کے معاملے پر ذہن تبدیل کرنے کے لیے مائل کرنے کو اپنا مشن قرار دیا ہے۔
سابق وزیرِ اعظم نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے ریفرینڈم میں ‘بریگزٹ کی شرائط کے بارے میں معلومات کے بغیر’ ووٹ دیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ وہ ’کھائی میں گرنے سے بچنے کا راستہ ڈھونڈنے کے لیے حمایت اکٹھی کر رہے ہیں۔’

[pullquote]وائس ایڈمرل (ر) ہارورڈ کا ٹرمپ کا مشیر برائے قومی سلامتی بننے سے انکار
[/pullquote]

اس وقت ایڈمیرل ہارورڈ ابوظہبی میں مقیم ہیں جہاں وہ امریکی دفاعی کانٹریکٹر لاک ہیڈ مارٹن کے متحدہ عرب امارات کے آپریشنز کے سربراہ ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے قومی سلامتی کے مشیر کے لیے چنے گئے ریٹائرڈ وائس ایڈمرل رابرٹ ہارورڈ نے یہ عہدہ سنبھالنے سے انکار کر دیا ہے۔
چند روز قبل ہی جنرل مائیکل فلن کو صدر ٹرمپ کی حلف برداری سے قبل روسی سفیر کے ساتھ بات چیت کے دوران روس کے خلاف امریکی پابندیوں کو زیرِ بحث لانے کے الزامات کے بعد یہ عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔مائیکل فلن کے پیر کے روز قومی سلامتی کے مشیر کا عہدہ چھوڑنے کے بعد عام تاثر یہی تھا کہ صدر ٹرمپ نے ریٹائرڈ وائس ایڈمرل روبرٹ ہارورڈ کو ان کی جگہ لینے کے لیے چنا ہے۔

[pullquote]روس کے ساتھ فوجی تعاون کا امکان نہیں، امریکا
[/pullquote]

برسلز: روس کے وزیر دفاع کی جانب سے بہتر تعلقات کی خواہش کے اظہار پر امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے سربراہ جیمز میٹس نے واضح کیا کہ امریکا فی الوقت روسی فوج کے ساتھ تعاون کے لیے تیار نہیں۔رپورٹ کے مطابق برسلز میں نیٹو سمٹ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں جمیز میٹس کا کہنا تھا کہ ‘فی الوقت ہم فوجی سطح پر روس سے شراکت کے لیے تیار نہیں تاہم سیاسی رہنما رابطہ کریں گے جبکہ آگے بڑھنے کا راستہ تلاش کریں گے’۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے