اہم عالمی خبریں | 20.02.2017

[pullquote]یورپی یونین سے تعاون اور پارٹنرشپ برقرار رہیں گے، امریکی نائب صدر
[/pullquote]

امریکی نائب صدر مائیک پینس نے کہا ہے کہ امریکا یورپی یونین کے ساتھ تعاون اور پارٹنر شپ جاری رکھے گا۔ یہ بات انہوں نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد برسلز کے اپنے پہلے سرکاری دورے کے موقع پر کہی۔ مائیک پینس کی طرف سے یورپی یونین اور امریکا کے تعلقات کی اہمیت اجاگر کرنے کا یہ معاملہ نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اُس بیان کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اسے ’بڑی زبردست بات‘ قرار دیا تھا۔ ان کے اس بیان سے محسوس ہو تا تھا، جیسے وہ یورپی یونین کے ٹوٹنے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہوں۔

[pullquote]یونان سے متعلق یورو زون کے وزرائے خزانہ کا اجلاس
[/pullquote]

یورو زون کے وزرائے مالیات کا ایک خصوصی اجلاس آج پیر کی شام برسلز میں ہو رہا ہے۔ اس اجلاس میں مالیاتی بحران کے شکار یورپی ملک یونان کی صورت حال پر غور کیا جائے گا۔ یونانی اقتصادیات پوری طرح یورپی مالیاتی امدادی پیکج پر انحصار کیے ہوئے ہے۔ آج کے اجلاس میں یونان کو بیل آؤٹ پیکج کی اگلی قسط کی ادائیگی سے متعلق کسی اتفاق رائے تک پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔ ایتھنز کو یہ قسط ادا نہ کرنے سے یونان ممکنہ طور پر اپنے ذمے مالی ادائیگیوں کے قابل نہیں رہے گا۔ یونان اور قرض دہندہ فریق سن 2015 کے بیل آؤٹ پیکج کی شرائط پر شدید اختلافات کا شکار ہو چکے ہیں۔ آج کے اجلاس میں ان شرائط سے متعلق اطراف کے موقف بھی سنے جائیں گے۔

[pullquote]موصل کے دفاع پر قریب دو ہزار جہادی مامور، امریکی خفیہ اہلکار
[/pullquote]

امریکی خفیہ اہلکاروں کا اندازہ ہے کہ مغربی موصل پر اپنا قبضہ برقرار رکھنے کے لیے جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے اپنے قریب دو ہزار عسکریت پسندوں کو وہاں اگلے محاذوں پر تعینات کر رکھا ہے۔ جہادیوں کی تعداد بتانے والے ایک امریکی خفیہ اہلکار نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ عراقی فوج کو مغربی موصل پر چڑھائی کے دوران شدید مزاحمت کا سامنا ہو سکتا ہے۔ موصل کی بازیابی کے لیے عسکری آپریشن کے آغاز کے وقت وہاں داعش کے جنگجوؤں کی تعداد کا اندازہ پانچ اور سات ہزار کے درمیان لگایا گیا تھا۔ مشرقی موصل پر مکمل قبضے کے بعد عراقی فوج نے کل اتوار انیس فروری سے شہر کے مغربی حصے کی بازیابی کے لیے اپنی عسکری مہم شروع کی تھی۔

[pullquote]جرمن چانسلر میرکل کا الجزائر کا دورہ ملتوی ہو گیا
[/pullquote]

الجزائر کے صدر عبدالعزیز بُوطفلیکہ کے علیل ہو جانے پر جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا آج پیر سے شروع ہونے والا اس شمالی افریقی ریاست کا دورہ مؤخر کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی اعلان کے مطابق میرکل کو آج شام الجزائر کے دارالحکومت پہنچنا تھا اور انہیں کل منگل کے روز صدر بوطفلیکہ سے ملاقات کرنا تھی۔ الجزائر کے صدر کے دفتر کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر کو لاحق سانس کی نالیوں کی تکلیف شدید ہو گئی ہے اور اس لیے وہ جرمن چانسلر سے ملاقات نہیں کر سکیں گے۔ اناسی سالہ صدر گزشتہ گیارہ برسوں کے دوران کئی مرتبہ علاج کے لیے فرانس جا چکے ہیں۔ وہ سن 1999 سے الجزائر کے صدر چلے آ رہے ہیں اور اُن کی موجودہ مدت صدارت سن 2019 میں ختم ہو گی۔

[pullquote]روس نے مشرقی یوکرائنی باغیوں کا پاسپورٹ تسلیم کر لیا، جرمنی کی طرف سے مذمت
[/pullquote]

جرمن حکومت نے مشرقی یوکرائن کے باغیوں کی جانب سے مقامی افراد کو نئے پاسپورٹ جاری کیے جانے اور ان پاسپورٹوں کو روسی حکومت کی جانب سے تسلیم کیے جانے کی مذمت کی ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ترجمان اشٹیفن زائیبرٹ کے مطابق ان پاسپورٹوں کو تسلیم کرنا یوکرائن کی وحدت کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ زائیبرٹ نے یوکرائنی تنازعے کے حریف دھڑوں سے کہا کہ وہ آج پیر سے نافذ العمل فائربندی ڈیل کا احترام کرتے ہوئے اُس پر عمل کریں۔ دوسری جانب آج سے شروع ہونے والی فائربندی کے پہلے دن فریقین کی جانب سے خلاف ورزیوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ کییف حکومت کا کہنا ہے کہ آج پیر کی دوپہر تک باغیوں نے ایک درجن سے زائد مرتبہ اس جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔

[pullquote]مشترکہ تفتیشی ٹیم بنائی جائے، ملائیشیا میں شمالی کوریائی سفیر کا مطالبہ
[/pullquote]

ملائیشیا کے دارالحکومت کوآلالمپور میں تعینات شمالی کوریا کے سفیر نے کم جونگ نام کے قتل کی تفتیش سے متعلق صورت حال پر سخت تنقید کی ہے۔ سفیر کانگ چول کا کہنا تھا کہ تفتیشی عمل کو بعض سیاسی مقاصد کے تناظر میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کی ایک مشترکہ تفتیشی ٹیم بنانے کی تجویز بھی پیش کی۔ دوسری جانب ملائیشیا کے حکام نے شمالی کوریائی سفیر کے عائد کردہ الزامات کو بےبنیاد قرار دیا ہے۔ شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ اُن کے سوتیلے بھائی کم جونگ نام کو گزشتہ پیر کے روز کوآلالمپور کے ہوائی اڈے پر زہریلے اسپرے سے ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اب تک چار مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔

[pullquote]مصری مسیحیوں پر مزید حملے کریں گے، داعش کے حامی گروہ کا اعلان
[/pullquote]

مصر کے شورش زدہ علاقے سینائی میں سرگرم ایک انتہا پسند گروپ نے اپنے ایک خودکش بمبار کی ویڈیو جاری کی ہے۔ بیس منٹ کے اس ویڈیو پیغام میں گزشتہ برس ایک گرجا گھر پر حملہ کرنے والے ابو عبداللہ المَصری کا پیغام شامل ہے۔ اس حملے میں تیس افراد ہلاک ہوئے تھے۔ قاہرہ کے اس بڑے چرچ پر یہ حملہ دسمبر سن 2016 میں کیا گیا تھا۔ المصری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ مصری مسیحی اُن کی تنظیم کے حملہ آوروں کا ’پسندیدہ شکار‘ ہوتے ہیں۔ اس ویڈیو پیغام کے مطابق مستقبل میں ایسے حملے تواتر سے کیے جائیں گے۔ یہ انتہا پسند گروہ اپنی سوچ میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ کا حامی ہے۔

[pullquote]مصر میں فٹ بال میچ کے دوران فساد: دس مجرموں کی سزائے موت برقرار
[/pullquote]

مصر کی اعلیٰ ترین عدالت نے سن 2012 میں ایک فٹ بال میچ کے دوران فساد کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کے دس مجرموں کی انہیں سنائی گئی سزائے موت کے خلاف رحم کی اپیلیں مسترد کر دی ہیں۔ اس طرح اِن مجرموں نے اپنے لیے دستیاب تمام عدالتی امکانات کو استعمال کر لیا ہے۔ اسی عدالت نے پورٹ سعید کے شہر کی پولیس کے سربراہ کو سنائی گئی پانچ سال کی سزائے قید کی بھی توثیق کر دی۔ اس اعلیٰ عدالت نے ٹھوس شواہد کی عدم موجودگی کی وجہ سے اکیس دیگر ملزمان کو بری کر دیا۔ سن 2012 کے اس فساد میں چالیس افراد مارے گئے تھے۔ ان مجرموں کو ایک ماتحت عدالت نے یہ سزائیں سن 2015 میں سنائی تھیں۔

[pullquote]ایران نے فوجی مشقوں کے دوران ’’انتہائی جدید‘‘ میزائل داغے ہیں، ایرانی میڈیا
[/pullquote]

ایرانی انقلابی گارڈز نے فوجی مشقوں کے دوران متعدد جدید میزائل داغے ہیں۔ یہ بات ایرانی میڈیا کی طرف سے بتائی گئی ہے۔ نیم سرکاری نیوز ایجنسی ’’تسنیم‘‘ کے مطابق ان ’’اسمارٹ اور ایڈوانسڈ‘‘ راکٹوں کا تجربہ اُن تین روزہ فوجی مشقوں کے دوران کیا گیا جو آج پیر کے روز سے شروع ہوئی ہیں۔ ایرانی میڈیا میں ٹرکوں سے مختلف راکٹ چھوڑنے کی فوٹیج بھی دکھائی گئی۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی زمینی فورسز کے سربراہ جنرل محمد پاک پور نے ایرانی میڈیا کو بتایا کہ فجر تین، فجر چار اور فجر پانچ کے علاوہ ایک اور راکٹ کا تجربہ کامیاب ثابت ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تمام راکٹوں کی پہنچ ایک سو کلومیٹر سے زائد ہے۔

[pullquote]داعش سنی خواتین پر جنسی حملوں میں بھی ملوث، ہیومن رائٹس واچ
[/pullquote]

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ شدت پسند تنظیم داعش کے عسکریت پسند عرب خواتین کے ساتھ جنسی زیادتیوں اور دوسرے پر تشدد واقعات میں بھی ملوث ہیں۔ اس تنظیم نے واضح کیا کہ جہادیوں کے ہاتھوں سنی عرب خواتین کے اغوا، مار پیٹ، جبری شادیوں اور جنسی استحصال کے واقعات سے متعلق دستاویزات مرتب کی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ داعش کے زیرقبضہ علاقے حویجہ سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والی سنی عرب خواتین کو تشدد اور جنسی استحصال کا سامنا رہا۔ ہیومن رائٹس واچ کے مطابق زیادتی کے ان واقعات کو عالمی سطح پر زیادہ توجہ نہیں دی گئی۔ اس تنظیم کی جانب سے امید ظاہر کی گئی ہے بین الاقوامی برادری اور مقامی حکام متاثر ہ خواتین کی دادرسی کی ہر ممکن کرشش کرنے کی کوشش کریں۔

[pullquote]دنیا بھر کو مجموعی اسلحے کا نصف امریکا اور روس نے فراہم کیا
[/pullquote]

گزشتہ پانچ برسوں کے دوران دنیا کے مختلف ملکوں کو فراہم کیے گئے مجموعی اسلحے کا نصف امریکا اور روس کی جانب سے فروخت کیا گیا۔ یہ بات عالمی امن اور تنازعات پر نگاہ رکھنے والے سویڈش تھنک ٹینک سِپری یا انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے اپنی تازہ رپورٹ میں بتائی ہے۔ ہتھیار برآمدکرنے والے ملکوں میں تیسرا نام چین کا ہے۔ اِس رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں میں ایک سو ملکوں کی جانب سے برآمد کیے گئے کُل ہتھیاروں میں امریکی اسلحے کا حجم تینتیس فیصد ہے۔ روس نے اپنے اتحادی یا دوسرے ملکوں کو تیئیس فیصد کے قریب اسلحہ فراہم کیا اور چین کی جانب سے اسلحے کی برآمدات کا حجم 6.2 فیصد ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایشیا میں ہتھیاروں کی درآمد میں سب سے آگے بھارت اور پھر سعودی عرب ہے۔

[pullquote]موصل کے دفاع پر قریب دو ہزار جہادی مامور، امریکی خفیہ اہلکار
[/pullquote]

امریکی خفیہ اہلکاروں کا اندازہ ہے کہ مغربی موصل پر اپنا قبضہ برقرار رکھنے کے لیے جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے اپنے قریب دو ہزار عسکریت پسندوں کو وہاں اگلے محاذوں پر تعینات کر رکھا ہے۔ جہادیوں کی تعداد بتانے والے ایک امریکی خفیہ اہلکار نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ عراقی فوج کو مغربی موصل پر چڑھائی کے دوران شدید مزاحمت کا سامنا ہو سکتا ہے۔ موصل کی بازیابی کے لیے عسکری آپریشن کے آغاز کے وقت وہاں داعش کے جنگجوؤں کی تعداد کا اندازہ پانچ اور سات ہزار کے درمیان لگایا گیا تھا۔ مشرقی موصل پر مکمل قبضے کے بعد عراقی فوج نے کل اتوار انیس فروری سے شہر کے مغربی حصے کی بازیابی کے لیے اپنی عسکری مہم شروع کی تھی۔

[pullquote]موغادیشو خودکش حملے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 39 ہو گئی
[/pullquote]

صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں گزشتہ روز ہونے والے ایک خودکش حملے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 39 ہو گئی ہے۔ یہ دھماکا موغادیشو کے علاقے مدینہ کی ایک مصروف مارکیٹ میں ہوا تھا۔ ابھی تک کسی نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ موغادیشو کی ایمبولینس سروس کے سربراہ عبدالقادر عبدالرحمان عدم نے آج پیر کے روز صحافیوں کو بتایا کہ اس دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 39 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 27 دیگر افراد زخمی ہیں۔ گزشتہ روز ہلاکتوں کی تعداد 20 بتائی گئی تھی۔

[pullquote]فلپائن میں ایک بس حادثے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک
[/pullquote]

فلپائن میں ایک بس حادثے کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق پہاڑی سے نیچے اُترتے ہوئے یہ بس ایک کھمبے سے جا ٹکرائی۔ یہ بس کیمپنگ ٹرپ پر گئے ہوئے طلبہ کے ایک گروپ کو لے کر واپس جا رہی تھی۔ ٹانے نامی شہر کے ٹاؤن سیفٹی افسر کے مطابق 10 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ چار دیگر بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ اس حادثے میں 40 دیگر افراد زخمی بھی ہیں۔

[pullquote]افغانستان: نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے کم از کم 10 شہری ہلاک
[/pullquote]

افغان صوبہ لغمان میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجےمیں کم از کم 10 عام شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ صوبہ لغمان کے گورنر کے ترجمان سرحدی زواک کے مطابق اتوار کی شب حملہ آوروں نے بندوقوں اور دستی بموں کے ساتھ ایک گھر پر اس وقت دھاوا بول دیا جب اس کے مکین کھانا کھانے میں مصروف تھے۔ زواک کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اس حملے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔ ابھی تک کسی نے اس حملے کی ذمہ قبول نہیں کی۔

[pullquote]روس بھارت کو 200 فوجی ہیلی کاپٹرز فراہم کرے گا
[/pullquote]

روس کے ہیلی کاپٹر تیار کرنے والے سرکاری ادارے کے چیف ایگزیکٹو (سی ای او) نے 2018 تک بھارت کو فوجی ہیلی کاپٹرز کی فراہمی کے آغاز کا اعلان کردیا، جن کی اسمبلنگ اور تیاری بھارت میں ہی کی جائے گی۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارت اور روس کے درمیان گذشتہ سال اکتوبر میں طے پانے والے معاہدے کے تحت ہندوستان میں بھارتی فوج کے لیے 200 کے اے-226 ٹی ہیلی کاپٹرز تیار کیے جائیں گے۔ دونوں ممالک توانائی اور دفاع کے میدان میں باہمی تعاون کے لیے رضامند ہیں.

[pullquote]کم جونگ نیم کے قتل پر ملائیشیا اور شمالی کوریا میں کشیدگی
[/pullquote]

کوالالمپور: شمالی کوریا نے کم جونگ نیم کے پراسرار قتل کے حوالے سے ملائیشیا کی تحقیقات پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا میں موجود شمالی کوریا کے سفیر کا مؤقف ہے کہ وہ ملائیشین پولیس کی تحقیقات پر بھروسہ نہیں کرسکتے۔ گذشتہ ہفتے شمالی کورین رہنما کم جونگ ان کے سوتیلے بھائی کم جونگ نیم کی کوالالمپور کے ایئرپورٹ پر اچانک طبیعت خراب ہوگئی تھی جس کے بعد طبی امداد کی فراہمی کے دوران ہی وہ چل بسے تھے۔ انہوں نے طبی امداد فراہم کرنے والوں کو بتایا تھا کہ کسی نے ان پر اسپرے کیا تاہم بعد ازاں جنوبی کورین میڈیا میں یہ رپورٹس منظر عام پر آئی تھیں کہ دو خواتین جو کہ مبینہ طور پر شمالی کوین ایجنٹس تھیں، انہوں نے کم جونگ نیم کو زہریلی سوئیاں چبھوئیں اور فرار ہوگئیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے