یہ حفیظ عرف علی شیر بروہی کون ہے؟؟؟

سیہون میں خودکش حملے میں 80 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے اور اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی ہے.

سیہون میں لعل شہباز قلندر کے مزار پر ہونے والے خودکش بم حملے کی ذمہ داری تو داعش نے قبول کی ہے

لیکن سندھ پولیس کے اعلیٰ حکام کے خیال میں اس کے تانے بانے ماضی میں صوبے کے شمالی علاقوں میں شدت پسندی کی وارداتوں سے منسلک رہنے والے حفیظ بروہی گروپ سے بھی جڑ سکتے ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ اس گروپ کا نام وسطی سندھ میں ہونے والی کسی واردات میں سامنے آ رہا ہے جس سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ گروپ کا نیٹ ورک مضبوط ہو رہا ہے۔

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا ہے کہ ‘حفیظ بروہی انتہائی مطلوب ملزم ہے جو اندرون سندھ میں خاص طور پر شکارپور ، جیکب آباد، کافی جگہوں پر سرگرم ہے۔ اس کا نیٹ ورک کافی پھیلا ہوا ہے اس (سیہون حملہ) واقعے میں بھی اس کے ملوث ہونے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔’

شکارپور میں تعینات رہنے والے ایک سابق ایس ایس پی کے مطابق کہ حفیظ بروہی کے تعلقات اور ماضی کی سرگرمیوں اور مہارت کی بنیاد پر تفتیش کاروں کے پاس وہ شک کی پہلی وجہ ہیں اور اس کے علاوہ اندرون سندھ میں ایسا اور کوئی متحرک گروپ موجود نہیں۔

34 سالہ حفیظ عرف علی شیر بروہی کا تعلق ضلع شکارپور کے گاؤں عبدالخالق پندرانی سے ہے اور سندھ پولیس کو انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست ‘ریڈ بک’ میں ان کا تعلق لشکر جھنگوی آصف چھوٹو گروپ ، تحریک طالبان اور جیش محمد سے بتایا گیا ہے۔

مدرسے سے دینی تعلیم حاصل کرنے والے حفیظ بروہی پر کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کو پناہ دینے، ٹارگٹ کے لیے ریکی کرنے اور اسلحہ و بارود فراہم کرنے کے الزامات ہیں۔

پولیس کے شعبۂ انسدادِ دہشت گردی کے مطابق ملزم براہوی کے علاوہ سندھی، بلوچی اور اردو بھی بول سکتا ہے۔

شکارپور میں سابق رکن اسمبلی ابراہیم جتوئی، درگاہ حاجن شاہ ماڑی والا، شکارپور امام بارگاہ اور جیکب آباد میں ماتمی جلوس پر حملوں میں بھی حفیظ بروہی گروپ کا نام سامنے آتا رہا ہے۔

شکارپور میں امام بارگاہ پر حملے میں 58 افراد ہلاک ہوئے تھے اور اس سلسلے میں پولیس نے غلام رسول اور خلیل بروہی نامی جن دو ملزمان کو گرفتار کیا تھا ان میں سے خلیل بروہی نے دوران تفیش بتایا تھا کہ انھوں نے درگاہ حاجن شاہ ماڑی پر حملہ کیا تھا جبکہ شکارپور دھماکے کی ریکی خود حفیظ بروہی نے کی تھی۔
بعد میں خلیل کی نشاندھی پر پولیس نے حفیظ بروہی کے گھر سے اسلحہ اور بارود برآمد کیا تھا اور اس مکان کو پولیس نے بم بنانے کی فیکٹری قرار دیا تھا۔

پولیس کے مطابق حفیظ بروہی کا ایک بھائی افغانستان میں خودکش بم حملے میں ہلاک ہو چکا ہے، گزشتہ سال ستمبر میں شکارپور میں عیدالضحی کے دن امام باگارہ پر حملے کی معاونت بھی اس نے کی تھی۔ اس حملے کے دوران ایک خودکش بمبار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔

زخمی بمبار عبدالرحمان نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو بتایا تھا کہ اس کا اور ہلاک ہونے والے حملہ آور عثمان کا تعلق افغانستان سے ہے اور وہ کراچی میں اتحاد ٹاؤن کے مدرس میں زیر تعلیم رہے ہیں۔

دونوں مبینہ بمباروں نے بلوچستان کے علاقے وڈھ میں بھی ایک رات قیام کیا تھا، جے آئی ٹی کے مطابق حفیظ بروہی نے پہلے خودکش جیکٹس شکارپور منتقل کیں اور اس کے بعد دونوں کو ہدف تک پہنچایا بھی تھا۔

حفیظ بروہی پر پولیس جنوبی سندھ میں لشکرِ جھنگوی کے ایک گروپ کے سربراہ آصف چھوٹو کے رابطہ کار ہونے کا الزام بھی لگاتی رہی ہے۔

شکارپور پولیس نے امام بارگاہ پر حملے کے بعد کہا تھا کہ دھماکے سے قبل لشکر جھنگوی کا سربراہ شکارپور آیا تھا اور حفیظ بروہی ہی اس کا رابطہ کار تھا۔

آصف چھوٹو کو گذشتہ ماہ تین ساتھیوں سمیت ایک مبینہ مقابلے میں ہلاک کیا جا چکا ہے۔

قلندر لعل شہباز کے مزار پر حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کی جانب سے قبول کیے جانے پر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پیس سٹڈیز کے عامر رانا کہتے ہیں کہ داعش کا یہ دعویٰ حقائق کے قریب تر ہے، کیونکہ اس تنظیم کے ‘سٹریٹجک پارٹنر’ سندھ اور بلوچستان میں سرگرم ہیں۔

لشکرِ جھنگوی کا ایک دھڑا لشکر جھنگوی العالمی اور جنداللہ نامی گروہ داعش سے وفاداری کا یقین دلا چکے ہیں اور ماضی میں بھی اندرون سندھ شدت پسندی کی وارداتیں کرتے رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے