’سکیورٹی کی فکر تو ہے لیکن سب ٹھیک ہے‘

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہونا خوش آئند ہے اور اس سلسلے میں انھیں حکومت، رینجرز، پولیس اور انٹیلیجنس، تمام اداروں کا تعاون حاصل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کی فکر تو ہے لیکن سب ٹھیک رہا ہے۔

چیئرمین پی سی بی شہریار خان لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں سپر لیگ کے فائنل کے انتظامات کا جائزہ لینے پہنچے تو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شائقینِ کرکٹ لاہور میں فائنل دیکھنے کے لیے بےتاب ہیں اور اگر فائنل کامیابی سے لاہور میں ہو گیا تو دنیا کو پاکستانی کرکٹ کے بارے میں مثبت پیغام ملے گا۔

سکیورٹی کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی نے کہا ‘سیکیورٹی رسک (خطرہ) ضرور ہے مگر نہ تو ہم بلیک میل ہوں گے اور نہ گھٹنے ٹیکیں گے۔ فائنل تو لاہور میں کروائیں گے ۔ ہمیں یقین ہے کہ سکیورٹی ادارے بہترین انتظامات کریں گے۔

میری اطلاعات کی مطابق ملک میں ہونے والے دھماکوں کا نشانہ سکیورٹی ایجنسیاں تھیں نہ کہ عوام۔’

چیئرمین پی سی بی سے جب پوچھا گیا کہ حکومت کی جانب سے پی سی ایل لاہور میں کروانے کے لیے باقاعدہ اجازت ملی ہے یا نہیں تو ان کا کہنا تھا کہ جب پی سی بی نے حکومت سے پوچھا تو انھوں نے انکار نہیں کیا۔

پی ایس ایل میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت کے بارے میں بات کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ اس معاملے کو خود نجم سیٹھی دیکھ رہے ہیں، اسی لیے وہ ابھی تک دبئی میں موجود ہیں۔

نامہ نگار حنا سعید کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ‘انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو سکیورٹی سے متعلق یقین دہانی کروائی جا رہی ہے اور نصف سے زیادہ غیر ملکی کھلاڑی لاہور آنے کو تیار ہو گئے ہیں، تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو وی وی آئی پی سیکیورٹی دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔’

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے حوالے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ‘پی ایس ایل فائنل پاکستان میں رکھنا بہت بڑا قدم ہے۔

پی سی بی کے لیے کیونکہ زمبابوے کے علاوہ کوئی بڑی ٹیم یہاں آ کر کھیل نہیں رہی تو اگر فائنل کامیابی سے لاہور میں ہو گیا تو دنیا کو پاکستان کرکٹ کے بارے میں مثبت پیغام ملے گا کہ یہاں حالات ٹھیک ہیں اور موثر سکیورٹی کے انتظامات ہیں۔ پھر امید ہے کہ، رات و رات نہ سہی، لیکن آہستہ آہستہ بڑی ٹیمیں کرکٹ کھیلنے پاکستان آنا شروع ہو جائیں گی۔’

پی ایس ایل کے فائنل کی ٹکٹوں سے متعلق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ‘اعزازی پاسز اور ٹکٹوں کی بہت مانگ ہے، ایک سے دو دنوں تک اعلان کر دیں گے کہ ٹکٹس کہاں بکیں گے۔’

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے