‘امریکا پاکستان میں دہشتگرد نیٹ ورکس ختم کرنے کیلئے پر عزم’

پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہالے کا کہنا ہے کہ امریکا دہشت گردوں کے نیٹ ورکس ختم کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز اسلام آباد میں سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

امریکی سفیر ڈیوڈ ہالے نے پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کی اور متاثرہ خاندان سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں موجود امریکی فورسز اپنے افغان ہم منصبوں کے ساتھ مل کر ہر اس تنظیم کے خلاف کارروائی کے لیے مل کر کام کررہی ہیں جو پاکستان میں حملوں کی ذمہ داریاں قبول کرتی ہیں۔

پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات گزشتہ برس دہشت گردی سمیت کئی معاملات پر اتار چڑھاؤ کا شکار رہے۔

گزشتہ برس نومبر میں امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر نے پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں اس تاثر کو رد کیا تھا کہ پاکستان کے ساتھ امریکا کے تعلقات تاریخ کی نچلی ترین سطح پر ہیں تاہم اس بات کا اعتراف بھی کیا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات چیلنجز سے بھرپور ضرور ہیں۔

امریکا بارہا پاکستان سے یہ مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرے۔

تاہم پاکستان امریکا پر یہ واضح کرچکا ہے کہ وہ کسی دہشت گرد گروپ میں تفریق نہیں کرتا۔

گزشتہ برس امریکی کانگریس کے پینل نے، حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر پاکستان کو 45 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد روکے جانے کے بِل کی توثیق کی تھی۔

قبل ازیں کانگریس نے اوباما انتظامیہ کو، پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی خریداری کے لیے فنڈز کی فراہمی سے بھی روک دیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے