‘ترک عوام ثابت کرچکے کہ وہ ٹینک سے زیادہ طاقتور ہیں’

انقرہ: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس جولائی میں فوجی بغاوت کی کوشش کو ناکام بناکر ترک عوام ثابت کرچکے ہیں کہ وہ ٹینک سے زیادہ طاقتور ہیں۔

پاکستان اور ترکی کی اسٹرٹیجک تعاون کونسل کا اجلاس انقرہ میں ہوا، جس کی صدارت وزیراعظم نواز شریف اور ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے مشترکہ طور پر کی۔

اجلاس کے بعد وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے اپنے ترک ہم منصب بن علی یلدرم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دوسرے گھر ترکی میں آکر خوشی محسوس کررہے ہیں اور بہترین مہمان نوازی پر ترک قیادت کے شکر گزار ہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ترکی کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں اور پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ترکی کی حمایت کرتے ہیں اور بغاوت ناکام بنانے والے 248 شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

نواز شریف نے امید ظاہر کی ‘یقین ہے ترکی امن ،ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے گا’۔

وزیراعظم نے بتایا کہ اسٹریٹجک کونسل کا پانچواں اجلاس کامیاب رہا اور ترکی کے عوام کی جانب سے کشمیر تنازع پر حمایت کے شکرگزار ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دفاع کے شعبے میں ترکی کے ساتھ تعاون کا فروغ چاہتا ہے۔

گذشتہ دنوں سندھ کے شہر سیہون میں لعل شہباز قلندر کے مزار پر ہونے والے خودکش حملے پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں نے درگاہ کو بے دردی سے نشانہ بنایا مگر اس طرح ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی مشترکہ تاریخ، مذہب اور ثقافت کے رشتوں سے جڑے ہیں جبکہ پاکستان اور ترکی کو ایک جیسے خطرات کا سامنا ہے۔

نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہم بھارت اور افغانستان کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور ترکی کی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے اجلاس میں دونوں فریقین نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

مرکزی اجلاس سے پہلے کونسل کے تحت کام کرنے والے 6 مشترکہ ورکنگ گروپوں کا اجلاس ہوا اور اس دوران ہونے والی بات چیت اور نتائج پر مبنی رپور ٹ اجلاس میں پیش کی گئی۔

یہ ورکنگ گروپس تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، خزانہ و بینکاری، ٹرانسپورٹ اور مواصلات، ثقافت وسیاحت اور تعلیم سے متعلق ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے