پی ایس ایل فائنل لاہور میں ہوگا: وزیر قانون پنجاب

پنجاب حکومت نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کے فائنل کا انعقاد لاہور میں کرانے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے جس کا باقاعدہ اعلان وزیراعلیٰ کے دفترسے ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اہم اجلاس ہوا جہاں کابینہ کمیٹی اور سیکیورٹی اداروں کی مشاورت سے لاہور میں پی ایس ایل فائنل کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔

شہباز شریف نے پی ایس ایل کے فائنل کے لیے فول پروف سیکیورٹی کو سو فیصد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے عوام سے اس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔

پنجاب حکومت نے ٹویٹ کے ذریعے لاہور میں پی ایس ایل فائنل کے انعقاد کے فیصلے کی تصدیق کی۔

پنجاب کے وزیرقانون رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے تمام تیاریں مکمل کی ہیں۔

پی ایس ایل کا فائنل 5 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

گفتگو کرتےہوئے پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ ’پاکستانی عوام کی خواہش تھی کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہو اور اس حوالے سے پنجاب حکومت کو بھی آگاہ کیا تھا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پی ایس ایل کے لیے پوری قوم اور ادارے ایک صفحے پر ہیں، 3 مارچ کو پتا چل جائے گا کہ کون کون سے غیر ملکی کھلاڑی فائنل کھیلیں گے جبکہ فائنل کے ٹکٹ کل سے فروخت کئے جائیں گے’۔

بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ’پی ایس ایل پاکستان کی دھڑکن ہے جس کا کامیابی سے انعقاد کرکے دنیا کو مثبت پیغام دیں گے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کے لیے آئی سی سی اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) سے بھی لوگ آئیں گے، جبکہ پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹس آن لائن بھی فروخت کیے جائیں گے۔‘

غیر ملکی کھلاڑیوں کے فائنل میں کھیلنے سے متعلق نجم سیٹھی نے کہا کہ ’3 مارچ کو پتہ چل جائے گا کہ کون سی دو ٹیمیں فائنل کھیلیں گی جس کے بعد کون کون سے غیر ملکی کھلاڑی فائنل کھیلیں گے اس کا بھی پتہ چل جائے گا۔‘

نجم سیٹھی نے اپنے گزشتہ بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف،چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، پاک فوج کے سربراہ سمیت اہم شخصیات کو لاہور میں پی ایس ایل فائنل دیکھنے کی دعوت دی ہے۔

میئر کراچی وسیم اختر نے لاہور میں خود کش دھماکے کے بعد پی ایس ایل فائنل کو کراچی میں کروانے کی پیش کش کی تھی جبکہ پنجاب حکومت بھی تذبذب کا شکار تھی تاہم پنجاب حکومت نے لاہور میں پی ایس ایل فائنل کے انعقاد کا حتمی فیصلہ کر لیا۔

پی ایس ایل کے دوسرے سیزن میں پشاورزلمی بہترین رین ریٹ کی بیناد پر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بھی 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

کراچی کنگز نے دفاعی چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو آخری راؤنڈ میچ میں شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی ہے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا نمبر چار ہے۔

لاہور قلندرز کی ٹیم کو سب سے زیادہ شکستوں کا سامنا کرنا پڑا جس کےباعث وہ پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔

پی ایس ایل 2017 کا پہلا پلے آف سرفہرست ٹیموں پشاورزلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کےدرمیان 28 فروری کو کھیلا جائے گا جس کی فاتح ٹیم براہ راست فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کو دوسرے پلے آف کی کامیاب ٹیم سے تیسرا پلے آف کھیلنا ہوگا جس کے بعد فائنل کی ٹیموں کا فیصلہ ہوجائے گا۔

دوسرا پلے آف یکم مارچ کو شارجہ میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہوگا جس کی فاتح ٹیم پہلے پلے آف کی ہارنے والی ٹیم سے ایک میچ کھیلی گی جہاں کی فاتح ٹیم فائنل میں جائے گی۔

پی ایس ایل کا تیسرا پلے آف 3 مارچ کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

پی ایس ایل 2017 کا فائنل 5 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے