‘پاک ایران تعلقات میں تناؤ کی وجہ امریکا نہیں’

اسلام آباد: اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 13 ہویں اجلاس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماء رانا افضل نے کہا کہ پاک ایران تعلقات میں تناؤ کی وجہ امریکا نہیں ہے، ایران پر پابندیاں اقوام متحدہ کے ذریعے لگائی گئی ہیں جسے بطور رکن اقوام متحدہ پاکستان تسلیم کرتا ہے جبکہ ایران کی جانب سے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ بہترین تعاون کیا گیا ہے اس لیے اب ان پر پابندیاں ختم ہونا چاہیے۔

رانا افضل کا کہنا ہے کہ اقتصادی تعاون کے لئے قریبی ممالک میں اگر تجارتی راستہ بہتر ہو جائے تو تجارت پُراثر اور سستی ہو جاتی ہے اس طرح سے تمام ممالک کو فائدہ پہنچتا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنماء کے مطابق اس کانفرنس کے انعقاد کے لیے وزیر اعظم نواز شریف نے ذاتی طور پر کوشش کی تاکہ تمام ممالک کے سربراہان اس کانفرنس میں تشریف لے کر آئیں اس لیے ازبکستان کے نائب وزیر اعظم، چین کے نائب وزیر خارجہ اور افغانستان کے نمائندے نے بھی شرکت کی۔

رانا افضل نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنس کے انعقاد سے تجارت کے فروغ کے لئے سازگار ماحول پیدا ہوتا ہے جس سے باہمی تعاون کو بہتر کرنے میں مدد حاصل ہوتی ہے۔

حالیہ پاک افغان تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنماء نے کہا کہ پاک افغان سرحد کو کھول دینا چاہیے، ہماری سرحدیں کبھی بند نہیں ہونی چاہئیں، افغانستان کے ساتھ ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں اور افغانستان کے حوالے سے پاکستان کی واضح پالیسی ہے کہ ایک آزاد، اقتصادی طور پر مضبوط اورجمہوری افغانستان پاکستان کے لئے بہت اہم ہے۔

رانا افضل کا کہنا تھا کہ افغانستان کو بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات کو پاکستان سے الگ رکھنا چاہیے اور پاک افغان سرحد کھلی رہنا افغانستان کا حق ہے جو پاکستان کبھی بھی سلب نہیں کرے گا۔

مسلم لیگ ن کے رہنماء نے مزید کہا کہ پاکستان کے تحفظات دور ہونے کے بعد پاک افغان سرحد کو کھول دیا جائے گا اور اب بھی سرحد پر افغان مریضوں کے ساتھ۔ نرم برتاؤ رکھا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم کے 13 ہویں اجلاس کے اختتام پر وزیر اعظم نواز شریف نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)کے رکن ممالک امن و امان کے فروغ کے لئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

اس مو قع پر وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران علاقائی سیاحت سمیت توانائی کے شعبے میں تعاون ، اعلیٰ تعلیم اور دیگر مقاصد کے حصول کے لئے کثیر الجہت روابط ہر زور دیا گیا۔

تقریب کے افتتاحی خطاب میں وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اقتصادی اشاریے درست سمت میں جا رہے ہیں اور وقت آگیا ہے کہ ہم اپنا تاریخی کردار ادا کریں، خطے میں مشترکہ خوشحالی کے لئے رابطوں کا فروغ ضروری ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے