‘مردم شماری میں آئی ڈی پیز کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا’

چیف شماریات آصف باجوہ نے کہا ہے کہ ملک میں چھٹی مردم شماری کے لیے تمام تر انتظامات مکمل ہیں، جس کا آغاز 15 مارچ سے ہی ہوگا جبکہ اس میں آئی ڈی پیز کو شمار کرنے کا حل نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان ادارہ برائے شماریات (پی بی ایس) میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ہوئے چیف شماریات آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ ملک گیر مردم شماری میں حساس مقامات کو خصوصی توجہ دی جائے گی جبکہ ملکی اور غیر ملکی تمام افراد کو شمار کیا جائے گا۔

آصف باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ آئی ڈی پیز سے متعلق درکار معلومات حاصل کرنے کے لیے فاٹا سیکریٹریٹ اور نادرا سے رابطے میں ہیں جبکہ حکومت بھی آنے والی مردم شماری میں آئی ڈی پیز کے حوالے سے پالیسی تشکیل دینے میں مصروف ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فاٹا کی 7 میں سے 3 ایجنسیوں میں ابھی آپریشن جاری ہے۔

چیف شماریات کے مطابق ملک کے حساس علاقوں میں مردم شماری کا عمل فوج اور ضلعی انتظامیہ مکمل کرے گی جبکہ اس حوالے سے ضروری معلومات آرمی ہیڈ ٹرینرز کو فراہم کی جا چکی ہے۔

لاپتہ افراد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مردم شماری میں گمشدہ اور لاپتہ افراد کو بھی شامل کیا جائے گا جس میں متعلقہ گھرانوں سے ضروری معلومات حاصل کی جائیں گی۔

چیف شماریات نے یہ بھی بتایا کہ مردم شماری کے لیے وزارت خزانہ نے اخراجات کی مد میں 7 ارب 40 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے ہیں، تاہم سیکیورٹی کا بجٹ تاحال جاری نہیں کیا گیا۔

ملک بھر میں 19 سال بعد مردم شماری کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ جس کے آغاز کے لیے 15 مارچ کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

حکومت کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق ملک کے 147 میں سے 62 اضلاع میں پہلے اور 85 اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری ہوگی۔

شیڈول کے مطابق کراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ کے 8 اضلاع میں پہلے جبکہ دیگر 21 اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری ہوگی۔

پنجاب کے لاہور، جھنگ، فیصل آباد اور بہاولپور سمیت 15 اضلاع میں پہلے جبکہ باقی 19 اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری ہوگی۔

اسی طرح خیبر پختونخوا کے پشاور سمیت 13 اضلاع میں پہلے جبکہ 11 اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری کی جائے گی۔

شیڈول کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 15 اضلاع میں پہلے جبکہ دیگر 17 اضلاع میں دوسرے مرحلے میں مردم شماری ہوگی۔

مردم شماری کے لیے آزاد جموں و کشمیر میں پہلے اور دوسرے مرحلے میں 5، 5 اضلاع شامل کیے گئے ہیں۔

اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی پہلے اور دوسرے مرحلے میں 5، 5 اضلاع میں مردم شماری ہوگی۔

مردم شماری کا پہلا مرحلہ 15 مارچ کو شروع ہو کر 15 اپریل جبکہ دوسرا مرحلہ 25 اپریل سے شروع ہوکر25 مئی کو ختم ہوگا۔

مردم شماری کے ابتدائی نتائج مردم شماری مکمل ہونے کے دو ماہ بعد تک تیار کر لیے جائیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے