مصباح کی ٹیسٹ کپتانی کا معاملہ حل نہ ہوسکا

پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان سے ملاقات کرکے اپنے مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وہ ویسٹ انڈیز سیریز کھیلنے کو تیار ہیں، لیکن ان کی کپتانی کے معاملے کا فیصلہ پی سی بی کرے گا۔

مصباح کا کہنا تھا، ‘میں ایک دو دن میں چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کروں گا اور انھیں اپنے منصوبے کے حوالے سے بتاؤں گا، میں سیریز کے لیے دستیاب ہوں لیکن میری کپتانی بورڈ کے ہاتھ میں ہے اور چیئرمین اس کا فیصلہ کریں گے’۔

گذشتہ روز پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے پلے آف میں کراچی کننگز کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونے کے معاملے پر اسلام آباد یونائٹڈ کے کھلاڑی مصباح کا کہنا تھا کہ 127 کا ہدف کچھ زیادہ مشکل نہیں تھا، لیکن ہماری بیٹنگ ناقص تھی۔

انھوں نے کہا، ‘کراچی کنگز کے باؤلرز نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی لیکن ہماری بیٹنگ اچھی نہیں تھی، اگرچہ وکٹ تھوڑی مشکل تھی لیکن 127 ایسا اسکور تھا، جو حاصل کیا جاسکتا تھا’۔

مصباح نے اعتراف کیا کہ شرجیل اور خالد کی معطلی کی وجہ سے ٹیم متاثر ہوئی۔

ان کا کہنا تھا، ‘دونوں نے گذشتہ سیشن میں اچھا کھیلا تھا اور وہ دونوں اچھی فارم میں تھے، ان کے انخلاء نے ہماری ٹیم اور پلانز کو بہت متاثر کیا’۔

کراچی کنگز کی کامیابی کے بعد دفاعی چمپیئن اسلام آباد کی ٹیم رواں سیزن سے باہر ہوگئی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے