جاپان:80 لاکھ ڈالر کمانے والی بلی انتقال کر گئی

عبدالماجد

ایبٹ آباد

۔ ۔ ۔

بلی

مغربی جاپان میں سٹیشن ماسٹر بنائے جانے کے بعد دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ میں سرخیوں کی زینت بننے والی بلی کے لیے شاہانہ آخری رسومات کا اہتمام کیا گیا ہے۔
ٹاما نامی اس بلی کو آٹھ سال قبل سرکارری طور پر ریلوے اہلکار بنایا گیا تھا اور اسے دیکھنے کے لیے ہر سال ہزاروں سیاح آتے تھے جس کی وجہ سے ریلوے کمپنی کی مالی حیثیت مستحکم ہوئی تھی۔
اس بلی کو خصوصی طور پر بنائے جانے والی ٹوپی اور کوٹ پہنے کیشی سٹیشن پر اکثر گھومتے پھرتے دیکھا جا سکتا تھا۔
سولہ برس کی  ٹاما کا 22 جون کو حرکتِ قلب بند ہونے کے سبب انتقال ہوگیا تھا۔
شنتو مذہب کی تعلیمات کی روشنی میں اتوار کو منعقد کیے جانے والے اس بلی کے جنازے میں ریلوے کمپنی کے درجنوں اہلکاروں کے علاوہ ہزاروں مداحوں نے بھی شرکت کی۔
آخری رسومات کے سلسلے میں منعقد کی گئی ایک خصوصی تقریب میں ٹاما کو مرنے کے بعد’دیوی‘ کے درجے پر فائز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جاپان میں شنتو مذہب کے بڑی تعداد میں پیروکار ہیں اور اس مذہب میں جانوروں سمیت کئی خدا ہیں۔
تقریب میں کمپنی حکام نے ٹاما کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹاما نے دنیا بھر سے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر کے اس سٹیشن کو درپیش مالی مشکلات کے حل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

صوبے کے گورنر یوشینوبو کا کہنا ہے کہ سٹیشن پر جانوروں کے بطور عملے کی تعیناتی کا عمل جاری رہنا چاہیے
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق وکائما ریلوے کمپنی کے صدر میٹشمبو کوجیما نے ٹاما کو مستقل طور پر اعزازی سٹیشن ماسٹر بنانے کا اعلان کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک اندازے کے مطابق ٹاما کی وجہ سے مقامی معیشت کو تقریباً 80 لاکھ ڈالر کا فائدہ پہنچا ہے۔
ایک مقامی شخص کا کہنا تھا کہ ’یہ بلی بہت پیار کرنے والی اور محنتی تھی۔‘
ٹاما کے لیے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کیشی سٹیشن کے باہر ٹاما کے مداحوں کی جانب سے بڑی تعداد میں پھولوں کے گلدستے رکھے گئے ہیں۔
سنہ 2007 سے ٹاما وکائما کے صوبے میں واقع اس سٹیشن پر بطور سٹیشن ماسٹر کے فرائض سرانجام دے رہی تھی۔
یاد رہے کہ اس وقت مقامی ریلوے لائن شدید خسارے کا شکار تھی لیکن ٹاما کی تعیناتی کے بعد ہزاروں کی تعداد میں اس کے مداحوں نے یہاں کا رخ کیا جس کی وجہ سے کمپنی کی مالی مشکلات کا ازالہ ہوا۔
صوبے کے گورنر یوشینوبو کا کہنا ہے کہ سٹیشن پر جانوروں کے بطور عملے کی تعیناتی کا عمل جاری رہنا چاہیے۔
ٹاما کی وفات کے بعد نتیما نامی ایک اور بلی کو تربیتی بنیادوں پر سٹیشن ماسٹر تعینات کر دیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے