اسپاٹ فکسنگ کیس:ایف آئی اے کی ابتدائی رپورٹ وزیر داخلہ کو پیش

پاکستان سپر لیگ اسپاٹ فکسنگ کے معاملہ پر ایف آئی اے کی ابتدائی رپورٹ وزیرِ داخلہ کو پیش کردی گئی ،جس میں پی ایس ایل کے دوران اسپاٹ فکسنگ کی روک تھام کے حوالہ سے کئے گئے اقدامات اور کھلاڑیوں کے ملوث ہونے کے خدشات سے متعلق اہم نکات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے مہیا کردہ معلومات اور موجود شواہد کا فرانزک جائزہ لے کر ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کے موبائل فونز سے پیغامات مٹائے جانے کے معاملہ کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اس بات کی تحقیقات کی جا سکیں کہ کن کھلاڑیوں کا بکیوں سے رابطہ تھا اور ان کے درمیان کیا معاملات طے پائے تھے۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ معاملہ محض چند کرکٹرز کے ذاتی فعل اور بد عنوانی کا ہی نہیں بلکہ ایسی خبروں سے ملک کی نیک نامی متاثر ہوتی ہے لہٰذا اس مسئلہ کی مفصل اور ہر زاویے سے تحقیقات ضروری ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے کسی دبائو یا اثر و رسوخ سے متاثر ہوئے بغیر معاملہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے۔

انہوں نے ایف آئی اے کو تحقیقات جلد از جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ دوسری جانب پاکستان کر کٹ بورڈ نے پی ایس ایل میں سامنے والے اسپاٹ فکسنگ کیس میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے شر جیل خان اور خالد لطیف کے بعد مزید دو کھلاڑیوں شاہ زیب حسن اور محمد عرفان کو بھی اس میں شامل کر لیا ہے۔

پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے پاکستان سپر لیگ کے دوران سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے فاسٹ بولر محمد عرفان اور شاہ زیب حسن کو طلب کر لیا ہے۔ پی سی بی نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے ان دونوں کھلاڑیوں کو پیش ہونے کا نوٹس بھیج دیا ہے ۔ دونوں کھلاڑی اگلے ہفتے پی سی بی کے ٹریبونل کے سامنے پیش ہوں گے اور کھلاڑیوں اسپاٹ فکسنگ میں مبینہ طورپر بکیز سے رابطوں کے حوالے سے سوالات پوچھے جائیں گے۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا امجد حسین نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ محمد عرفان پیر کو پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوں گے جبکہ شاہ زیب حسن منگل کو پیش ہوں گے، انہوں نے کہاکہ اینٹی کرپشن یونٹ دونوں کھلاڑیوں سے سوال جواب کے بعد چارج شیٹ کا فیصلہ کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کو ان کے خلاف انکوائری اور ثبوت کے حوالے سے جواب دینا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ خالد لطیف اور شرجیل خان کے خلاف ٹریبیونل کی تفتیش اگلے ہفتے متوقع ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے