پاکستان کو جلد شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت مل جائیگی،چین

ظفر حسین…چینی وزارت خارجہ کی ترجمان خوا چھون اینگ کا کہنا ہے کہ چین کو امید ہے کہ پاکستان اور بھارت ضروری معاہدوں اور قانونی طریقہ کار کو پورا کرتے ہوئے عنقریب شنگھائی تعاون تنظیم کے مکمل رکن بن جائیں گے۔

یہ بات انہوں نے پاکستان اور بھارت کو شنگھائی تعاون تنظیم کی مکمل رکنیت ملنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہی۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ 2016ء میں تاشقند میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں پاکستان اور بھارت نے اس کی رکنیت کے حصول کیلئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے تھے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت موجودہ رکن ممالک کے ساتھ مل کر علاقائی سلامتی و استحکام کو برقرار رکھنے اور مشترکہ ترقی و خوشحالی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

خوا چھون اینگ نے مزیدکہا کہ پاکستان اور بھارت چین کے اہم پڑوسی اور جنوبی ایشیاء میں اہم ممالک ہیں، چین کو امید ہے کہ یہ دونوں ممالک باہمی اعتماد کو بڑھائیں گے اور مذاکرات کے ذریعے تعلقات کو بہتر بنائیں گےجو پورے خطے کی خوشحالی اور ترقی کیلئے فائدہ مند ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے