پاناما کیس پر فیصلے میں تاخیر اسٹاک مارکیٹ پر اثرانداز

کراچی: کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں مندی کا رجحان سامنے آیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک موقع پر 498 پوائنٹس یعنی 1.02 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔

تاہم دن کے اختتام تک انڈیکس میں دوبارہ تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 48 ہزار 539.06 پوائنٹس پر بند ہوا۔

تیل کی قیمتیں گرجانے اور پاناما اسکینڈل کیس سے متعلق فیصلے میں تاخیر کے باعث مسلسل چوتھے روز بھی اسٹاک ایکسچینج میں ہنڈریڈ انڈیکس میں کمی کا رجحان رہا۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کمرشل بینک سے منسلک ایک کاروباری شخص نے بتایا کہ پاناما اسکینڈل کیس کے فیصلے میں تاخیر کو انتقامی کارروائی کے طور پر دیکھنے کے خیال کی وجہ سے مارکیٹ میں مندی کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی 374 کمپنیوں کے 24 کروڑ 21 لاکھ سے زائد شیئرز کی لین دین ہوئی جس کی مجموعی مالیت 15 ارب 23 کروڑ روپے سے زیادہ رہی۔

374 میں سے 122 کمپنیوں کی قدر میں اضافہ، 239 کی قدر میں کمی جبکہ 13 کی قدر میں استحکام رہا۔

کے ایس ای 100 انڈیکس میں شامل کمپنیوں کے مجموعی طور پر 9 کروڑ 25 لاکھ سے زائد شیئرز کی خرید و فروخت ہوئی جس کی مجموعی مالیت 9 ارب 49 کروڑ روپے سے زائد رہی۔

سب سے زیادہ ایک کروڑ 48 لاکھ شیئرز ٹی آر جی پاک لمیٹڈ کے خریدے و فروخت کیے گئے جبکہ سوئی نارتھ گیس کے ایک کروڑ 21 لاکھ، پاور سیمنٹ لمیٹڈ کے ایک کروڑ 19 لاکھ، کے الیکٹرک لمیٹڈ کے ایک کروڑ 8 لاکھ اور بینک آف پنجاب کے 87 لاکھ 60 ہزار شیئرز کی خرید و فروخت ہوئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے