حکومتی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے:عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ جمہوریت کو نقصان پہنچانے اور شریف خاندان کی بادشاہت قائم کرنے کی ہر کوشش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور حکومت کی کسی دھمکی سے مرعوب نہیں ہوں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ ’مخالف سیاسی جماعتوں کو قانون کے غلط استعمال کے ذریعے ڈرا دھمکا کر نواز شریف کی بادشاہت قائم کرنے کی مسلم لیگ (ن) کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’مسلم لیگ (ن) نے دھاندلی کے خلاف ہمارے دھرنے کے دوران بھی انسداد دہشت گردی ایکٹ کا غلط استعمال کیا اور ہمارے خلاف مقدمات میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں، اب مجھے سائبر کرائم بل کے ذریعے دھمکایا جارہا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم ان دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے، جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی تمام کوششوں، شریف خاندان کی بادشاہت قائم کرنے اور آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’تحریک انصاف آزاد میڈیا، متحرک سول سوسائٹی اور عوام کے بنیادی آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے کھڑی رہے گی۔‘

گزشتہ روز حکومت نے سوشل میڈیا پر وزیر اعظم نواز شریف اور ریاستی اداروں کے خلاف منفی مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا تھا۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ ’پاناما کیس پر فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد سے سوشل میڈیا پر وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے بارے میں منفی مہم چلا کر سپریم کورٹ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ایسی مہم کے خلاف سائبر کرائم و دیگر قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی، تاہم اس کو سیاسی انتقام نہ سمجھا جائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے